بارش کے موسم میں ایسے جوتوں یا چپل کا انتخاب ضروری ہوتا ہے جو آرام دہ ہونے کے ساتھ پانی سے بھی محفوظ رہیں۔ کراکس اپنی واٹر پروف خصوصیات، ہلکے وزن اور مضبوط گرفت کی وجہ سے مون سون میں بہترین انتخاب مانا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف جلد خشک ہوجاتا ہے بلکہ گیلی سڑکوں پر پھسلنے کے امکانات بھی کم کرتا ہے۔ اسے صاف کرنا بھی انتہائی آسان ہے اور مختلف رنگوں، ڈیزائنز اور قیمتوں میں دستیاب ہونے کی وجہ سے ہر عمر کے افراد میں مقبول ہے۔ اس مضمون میں جانئے کہ بارش کے موسم میں کراکس کیوں ایک عملی، آرام دہ اور اسٹائلش انتخاب ثابت ہوسکتا ہے، نیز خریداری سے قبل کن اہم باتوں کا خیال رکھنا چاہئے۔ (تصاویر: آئی این این اور ایکس)
واٹر پروف: کراکس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کا مٹیریل واٹر پروف ہوتا ہے۔ اس کا ڈیزائن پانی کو پیچھے کی جانب دھکیلنے میں مدد کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بارش کے موسم کے لئے انتہائی موزوں سمجھا جاتا ہے۔
جلد خشک ہوجاتا ہے: عام طور بارش میں چپل بھیگ جانے کے بعد جلدی خشک نہیں ہوتی۔ حالانکہ کراکس واٹر پروف خصوصیت کے سبب جلدی سکھ جاتا ہے۔ اس کے پیچھے کی پٹی کی وجہ یہ آرام دہ ہوتا ہے اور کیچڑ کے چھینٹے بھی نہیں اُڑتے۔
پھسلتا نہیں ہے: بارش کے موسم میں اکثر پھسلنے اور گرنے کا خدشہ رہتا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ کراکس پھسلتا نہیں ہے۔ اس کے تلوے کی گرفت گیلی سطح پر مضبوط رہتی ہے۔ اس لحاظ سے بارش کے موسم میں کراکس پہننا فائدہ کا سودا ہوگا۔
صاف کرنا آسان: کیچڑ کی وجہ سے اکثر چپلیں گندی ہوجاتی ہیں۔ انہیں صاف کرنے میں بھی پریشانی ہوتی ہے۔ جبکہ کراکس کو صاف کرنا بیحد آسان ہوتا ہے۔ نل کے نیچے پانی میں دھونے سے صاف ہوجاتا ہے۔ گیلے کپڑے سے بھی پونچھ سکتے ہیں۔
ہلکا اور آرام دہ: مضبوط ڈیزائن کے ساتھ یہ وزن میں بے حد ہلکا ہوتا ہے۔ بارش کے بھیگنے کے بعد بھی بھاری نہیں ہوتا۔ ساتھ ہی اسے دیر تک پہننے میں کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔ اس میں موجود سوراخ سے ہوا کا گزر ہوتا رہتا ہے۔
چند اہم باتیں: *بازار میں اس کی مختلف قسمیں دستیاب ہیں۔ یہ کئی رنگوں میں بھی مل جائے گا۔ *اس کی ڈیزائن کے سبب یہ اسٹائلش بھی لگتا ہے۔ کالج، دفتر، پکنک سب جگہ کیلئے موزوں ہے۔ *یہ ۴۰۰؍ سے ساڑھے چار ہزار روپے کے رینج میں دستیاب ہیں۔ *اسے انڈو ویسٹرن اور کیجول کے ساتھ بھی پہنا جاسکتا ہے۔