امتحان سے قبل، امتحان کی تیاری سب سے اہم ہے لیکن تیاریوں کے دوران اعادہ نہ ہو تو اچھے نمبروں سے کامیابی ملنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ ماہرین نفسیات اور ماہرین تعلیم امتحانات کی تیاریوں میں ’’اعادہ‘‘ کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ نے جو یاد کیا، اسے پکا کرلینے کی غرض سے سوال و جواب پر نظرثانی۔ ماہرین کہتے ہیں کہ سالانہ امتحانات سے کم از کم ۲؍ ہفتے پہلے (زیادہ سے زیادہ ۳؍ ہفتے) اعادہ کا عمل شروع ہوجانا چاہئے۔ اس طرح طالب علم کو اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کن محاذوں پر مضبوط ہے، کون سے محاذوں پر اسے مزید کام کرنا ہوگا اور کون سے محاذوں پر وہ کمزور ہے۔ تمام تصاویر :آئی این این
دی اسٹڈی اسٹار (The Study Star)کاغذ کے ایک ٹکڑے کو ’’تارے‘‘ (اسٹار) کی شکل میں کاٹ لیجئے۔ جو کانسپٹ یا جواب آپ کو مشکل معلوم ہوں، ان کے مختلف اہم نکات ستارے کے مختلف حصوں پر لکھ لیجئے، اور انہیں ہمیشہ اپنے ساتھ رکھئے۔ ان پر وقتاً فوقتاً نظر ڈالئے۔ سفر میں ہوں یا کوئی اور کام کررہے ہوں، جب بھی خالی وقت ملے، اسٹار نکال کر دیکھ لیجئے۔ آپ مختلف سوالوں کے اسٹارز بنا کر اپنے پاس محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اگر یہ کام تعلیمی سال کے آغاز ہی سے ہو تو امتحان آنے تک آپ کو مشکل سے مشکل جوابات بھی یاد ہوچکے ہوں گے، اور پرچہ سے ایک دن قبل صرف اسٹار پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔
رِیڈ، کَوَر، ریمیمبر،ری ٹیل (RCRR) یہ بہت ہی آسان تکنیک ہے، جو ۴؍ مرحلوں میں مکمل ہوجاتی ہے۔ سب سے پہلے آپ کو ’’ریڈ‘‘ یعنی جواب پڑھنا ہے۔ اتنا ہی پڑھئے جتنا آپ اپنے ہاتھ سے چھپا سکتے ہیں۔ پڑھنے کے بعد وہ جواب اپنی ہتھیلی سے چھپا لیجئے۔ یہ دوسرا مرحلہ یعنی ’’کور‘‘ ہے۔ اب تیسرا مرحلہ ہے ’’ریمیمبر‘‘ یعنی اپنے ذہن پر زور ڈالئے کہ آپ نے جو پڑھا ہے، وہ یاد ہے یا نہیں۔ اس کے بعد چوتھا اور آخری مرحلہ ہے، یعنی ذہن میں جو باتیں یاد آرہی ہیں، انہیں دہرایئے، یا، اسے گھر کے کسی دوسرے فرد یا دوست کو سنایئے۔اگر آپ غلطی کریں گے تو وہ آپ کی رہنمائی کرے گا۔
جواب کیا ہے؟ (What is the answer)اچھے مارکس حاصل کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ ’’سوالیہ پرچہ‘‘ بنانے والے کی طرح سوچیں۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کوئی ایک جواب پر توجہ مرکوز کیجئے اور یہ سوچئے کہ امتحان میں اسے مختلف طریقوں سے کیسے پوچھا جاسکتا ہے۔ ہر لحاظ سے جواب کا جائزہ لیجئے اور یاد کیجئے۔ خیال رہے کہ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ طالب علم کو جواب یاد ہوتا ہے مگر سوال اس انداز میں پوچھا جاتا ہے کہ اسے سمجھ میں نہیں آتا۔ اگر آپ اعادہ کی اس تکنیک کو اپناتے ہیں تو بہت ممکن ہے کہ امتحان کے دوران آپ ایک بھی سوال نہ چھوڑیں کیونکہ آپ کو سبھی جواب آتے ہیں۔
شعر وشاعری میں تیاری (Create a rhyme)ماہرین کہتے ہیں کہ طلبہ کو نظمیں اور اشعار جلدی یاد ہوجاتے ہیں لہٰذا طلبہ اپنی اس عمدہ صلاحیت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ جواب کو اشعار میں ڈھالنے کی کوشش کیجئے۔ عین امتحان کے وقت یہ تکنیک مشکل ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا تعلیمی سال کے آغاز ہی سے اس پر عمل کیجئے۔ اس طرح امتحان جب قریب ہوگا تب آپ کو بیشتر جواب شعر اور نظم کے انداز میں یاد ہوچکے ہوں گے۔بعض طلبہ اس میں ماہر ہوتے ہیں، وہ پڑھائی کے دوران ہی کسی نہ کسی طرح ’’رائم‘‘ بنا لیتے ہیں لہٰذا دیگر طلبہ ان کی مدد لے سکتے ہیں، یا، اگر وہ چاہیں تو دیگر طلبہ کو اپنا بنایا ہوا ’’رائم‘‘ دے سکتے ہیں۔
پوسٹ اِٹ نوٹس کی مدد (Post It notes to cover) جوابات یاد کرتے وقت پوسٹ اِٹ نوٹس کا بھی سہارا لیا جاسکتا ہے۔ جوابات پر پوسٹ اِٹ نوٹس چسپاں کرلیجئے اور اس پر سوالات لکھ لیجئے کہ اس کے نیچے مذکورہ جواب ہے۔ اسی طرح آپ پوسٹ اِٹ نوٹ کے نیچے کسی جواب کے اہم نکات بھی لکھ سکتے ہیں تاکہ اعادہ کے وقت پوسٹ اِٹ پر سوالات پڑھ کر آپ اندازہ لگا سکیں کہ اس کے نیچے کیا لکھا ہوا ہے۔ اس طرح کم وقت میں آپ تیزی سے نصاب مکمل کرسکیں گے۔ رنگین پوسٹ اِٹ نوٹس استعمال کیجئے ۔امتحان کے دوران یادداشت پر زیادہ زور نہیں دینا پڑے گا۔ رنگ کی مناسبت سے جواب یاد آتے جائیں گے۔
فولڈ ایبل پرومٹ (Foldable prompt) کیمیائی علامات، کلیدی الفاظ کی تعریف یا دیگر زبانوں کے الفاظ معنی یاد رکھنے اور آپ کو یہ یاد ہوئے یا نہیں، یہ جانچنے کا بہترین طریقہ ہے فولڈ ایبل پرومٹ۔ کسی چارٹ پیپر کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کرکے اپنی سہولت کے لحاظ سے ’’فولڈ ایبل‘‘ جوابات تیار کرلیجئے۔ آپ انہیں اپنی جیب یا بستہ میں رکھ کر سفر بھی کرسکتے ہیں۔ جب خالی وقت ملے، انہیں نکال کر پڑھ لیجئے۔ اس طرح آپ کے پاس چلتا پھرتا معلومات کا خزانہ چند چھوٹے کاغذات کی شکل میں ہوگا۔ انہیں آپ دوستوں کے ساتھ شیئر بھی کرسکتے ہیں تاکہ مل جل کر امتحان کی تیاری ہوسکے۔
سوالیہ پرچے حل کریں(Solve question papers)اعادہ کا سب سے آسان اور روایتی طریقہ یہ ہے کہ آپ گزشتہ برسوں کے بورڈ پیپرس یا پریلیم کے سوالیہ پرچوں کو حل کیجئے۔ انہیں بار بار حل کیجئے۔ اس کے کئی فائدے ہیں، مثلاً پرچہ لکھنے کی آپ کی رفتار بڑھے گی، مقررہ وقت میں آپ اچھی طرح پرچہ لکھ سکیں گے، اندازہ ہوگا کہ کون سے سوالات ہر سال یا ایک سال کے وقفے سے پوچھے جاتے ہیں،جوابات پکے ہوجائیں گے، اور گھر میں امتحان گاہ جیسے ماحول میں پرچہ لکھنے کی مشق ہوگی۔ اگر اعادہ کی یہ تکنیک آزماتے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ آپ آسانی سے پرچہ مکمل کرلیں اور نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرلیں۔
لوکی کا طریقہ (Method of Loci)قدیم یونان اور روم میں کوئی نئی معلومات یاد رکھنے کیلئے یہ تکنیک استعمال کی جاتی تھی۔ اسے آپ یوں سمجھئے کہ یہ ’’معلومات کا محل‘‘ ہے جو آپ کے ذہن میں ہے۔ اول، اپنے ذہن میں ایک خالی محل یا مکان کا تصور کیجئے۔ دوم، اب آپ کو اپنے ذہن میں اس محل کے مختلف حصوں میں جانے کا راستہ تیار کرنا ہے۔ سوم، مختلف حصوں کو اپنے جوابات سے جوڑیئے، مثلاً کھڑکی۔ کلورین کا شارٹ فارم۔ آپ کو اپنی سہولت کی مناسبت سے معلومات کا محل تیار کرنا ہے۔ چہارم، کچھ دیر کے وقفے کے بعد محل کا تصور کیجئے اور آپ نے جہاں جو معلومات رکھی تھی اسے یاد کیجئے۔