کم عمری میں مضبوط بنیاد کا رکھا جانا بے حد ضروری ہے اس لئے بچوں کو مختلف سرگرمیاں انجام دینے کا موقع دیں تاکہ وہ سیکھ سکیں۔ یہاں ۶؍ سرگرمیوں کا ذکر کیا جارہا ہے جن سے بچوں کی ذہنی و جسمانی طور پر بہتر نشوونما ہوسکتی ہے: تصاویر: آئی این این ، یوٹیوب
EPAPER
Updated: Sep 11, 2023, 6:05 PM IST | Tamanna Khan
کم عمری میں مضبوط بنیاد کا رکھا جانا بے حد ضروری ہے اس لئے بچوں کو مختلف سرگرمیاں انجام دینے کا موقع دیں تاکہ وہ سیکھ سکیں۔ یہاں ۶؍ سرگرمیوں کا ذکر کیا جارہا ہے جن سے بچوں کی ذہنی و جسمانی طور پر بہتر نشوونما ہوسکتی ہے: تصاویر: آئی این این ، یوٹیوب
حروف تہجی سیکھنے کی مشق: حروف تہجی کی مشق اور پہچان سب سے بنیادی چیز ہے۔ والدین حروف تہجی کی کتابوں اور پہیلیوں کے ذریعے بچوں کو سیکھنے کا موقع دیں۔ بازار میں حروف تہجی کے پزلز بھی دستیاب ہیں آپ ان کی مدد سے بھی بچوں میں سیکھنے کا جذبہ پیدا کرسکتے ہیں۔
شکل اور رنگ کی پہچان: والدین کھیل کھیل میں بچوں کو مختلف اشکال اور رنگوں کے بارے میں سکھا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ گیند کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہہ سکتے ہیں، ’’یہ لال رنگ کی گیند ہے۔ یہ گیند گول ہوتی ہے۔‘‘ اس قسم کی سرگرمیوں سے بچے جلدی سیکھتے ہیں۔
پزلز گیمز: کھیل کود کے ذریعے بچے کا ذہن مختلف مسائل کو حل کرنے کا طریقہ سیکھتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ والدین بچوں کو ان کی عمر کے مطابق کھیل کھیلنے دیں۔ چھوٹے بچوں کیلئے مختلف اشکال اور رنگوں سے متعلق کھیل فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ۵؍ سال اور اس سے بڑی عمر کے بچوں کیلئے معمے یا پزلز بہتر ہوتے ہیں۔ انہیں نئی نئی چیزیں دریافت کرنے کا بھرپور موقع دیں۔ اس کام میں ان کی مدد کریں۔ ڈی آئی وائے ایکٹیویٹی بھی کی جاسکتی ہے اور تعلیمی کھیل کھیلا جاسکتا ہے، ساتھ ہی میموری گیم جیسے کہ ’’سب سے پہلے ’کے‘ (انگریزی حرف تہجی) لفظ تلاش کرکے بتاؤ۔‘‘ اس کے علاوہ بچوں کو ڈرائنگ بنانے دیں۔ چونکہ ڈرائنگ بناتے وقت بچے مختلف اشکال کے بارے میں غور و فکر کرتے ہیں، پھر انہیں کاغذ پر بناتے ہیں اور ان میں اپنی پسند کا رنگ بھرتے ہیں، یہ ساری چیزیں ان کے ذہن کو فعال رکھنے میں مدد کرتی ہیں۔
سوال پوچھیں: ان سے عام زندگی میں پیش آنے والے مسائل کا حل پوچھیں یا انہیں فیصلے کرنے دیں۔ اس سے وہ ذہنی طور پر فعال ہوتے ہیں۔ عملی سوالات پوچھنے سے ان کی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں مسائل کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے، ان کی سوچ وسیع ہوتی ہے۔
تفریح کے لئے لے جائیں: بچوں کو میوزیم، لائبریری اور چڑیا گھر لے جانا چاہئے، اس سے ان کی سوچ کو وسعت ملتی ہے۔ وہ بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نئے نئے تجربات کرتے ہیں۔ ان مقامات کا جائزہ لیتے وقت ان میں تجسس پیدا ہوتا ہے۔ والدین کو چاہئے کہ بچوں کو ان مقامات پر موجود اشیاء سے متعلق دلچسپ باتیں بھی بتائیں تاکہ ان کی معلومات میں اضافہ ہو۔
انہیں اپنی شخصیت کے مطابق ڈھلنے دیں: بچوں کو کوئی بھی چیز سکھاتے وقت والدین ان پر دباؤ نہ ڈالیں۔ ان کو آگے بڑھنے کے لئے حوصلہ دیں۔ انہیں اپنی شخصیت کے مطابق ڈھلنے کا بھرپور موقع فراہم کریں۔ کسی بھی سرگرمی کے لئے جبر نہ کریں۔ ایسی سرگرمیاں کروائیں جن سے انہیں خوش ملے۔