اگر آپ اپنی مصنوعات کو ای کامرس کے ذریعے صارفین تک پہنچانا چاہتی ہیں تو اس سے قبل تمام قانونی پہلوؤں کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔ قوانین کو نظرانداز کرنا جرمانے، قانونی کارروائی یا کاروبار پر پابندی کا باعث بن سکتا ہے۔ اس لئے کاروبار شروع کرنے سے پہلے تمام ضروری دستاویزات اور قانونی اجازت کا ہونا بہت ضروری ہے۔ تصویر: آئی این این
رجسٹریشن اور لائسنس سب سے پہلے اپنے کاروبار کا اندراج یا رجسٹریشن کروائیں۔ چاہے آپ اکیلے کام کر رہے ہیں یا کسی شراکت دار کے ساتھ کمپنی بنا رہے ہیں یا مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائز (ایم ایس ایم ای) کا حصہ ہیں، آپ کو کچھ اہم رجسٹریشن کروانے ہوں گے۔ جیسے شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ، جی ایس ٹی اور اُدیم رجسٹریشن (اگر آپ ایم ایس ایم ای ہیں) لازمی ہیں۔ اگر آپ کھانے پینے کی اشیاء، کاسمیٹکس یا الیکٹرانکس کی اشیاء فروخت کرتی ہیں تو آپ کو اس کیلئے مختلف تجارتی لائسنس اور اس شعبے سے وابستہ مخصوص پرمیشن حاصل کرنی ہوں گی۔
ٹریڈ مارک کا تحفظ آپ نے برانڈ کا نام اور لوگو بنایا ہے، لیکن اس کی حفاظت کرنا بھی ضروری ہے۔ آپ کے ٹریڈ مارک کا اندراج کروائیں تاکہ کوئی اور آپ کے برانڈ کی نقل نہ کرسکے۔ یہ بھی جانچ کرلیںکہ آیا آپ کسی اور کے ٹریڈ مارک یا ڈیزائن کا استعمال تو انہیں کر رہی ہیں، اگر آپ غلطی کرتی ہیں تو آپ کا اکاؤنٹ معطل کیا جاسکتا ہے۔
ٹیکس بھی لازمی ہے اگر آپ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں سامان بیچ رہی ہیں یا ای کامرس پر آن لائن فروخت کر رہی ہیں تو جی ایس ٹی رجسٹریشن لازمی ہے۔ ہر ماہ یا سہ ماہی میں جی ایس ٹی ریٹرن فائل کرنا، درست رسیدیں بنانا، وقت پر ٹیکس ادا کرنا وغیرہ بہت ضروری ہے۔ ٹیکس میں غفلت نہ برتیں ورنہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
سرٹیفیکیشن اہم ہے ہر پروڈکٹ کو فروخت کرنے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ اس کے لئے کوئی سرکاری سرٹیفکیٹ درکار ہے۔ جیسے الیکٹرانکس کے لئے بی آئی ایس سرٹیفیکیشن، کھانے کی مصنوعات کے لئے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس اور کھلونوں یا بچوں کی مصنوعات کے لئے آئی ایس آئی مارک اور حفاظتی ٹیسٹ لازمی ہوتا ہے۔ ہر زمرے کے لئے قواعد مختلف ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا یہ جانچ لیں کہ آپ کی مصنوعات کیلئے کوئی لازمی سرٹیفیکیشن یا لیبلنگ ضروری تو نہیں ہے تاکہ آپ تمام قانونی معیارات کی تعمیل کرسکیں۔
ڈیٹا کی رازداری آن لائن کاروبار میں آپ کے پاس صارفین کا نام، فون نمبر، پتہ اور ادائیگی کی معلومات ہوتی ہیں۔ ڈجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ ۲۰۲۳ء اس بات کا تعین کرتا ہے کہ کاروبار میں ذاتی ڈیٹا کی کس طرح دیکھ بھال کرنی ہے۔ یقینی بنائیں کہ آپ کی ویب سائٹ ایک محفوظ کنکشن (ایس ایس ایل سرٹیفکیٹ) استعمال کرتی ہے۔
صارفین کا اعتماد کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ ۲۰۱۹ء کے مطابق آپ کو مصنوعات کی قیمت، خصوصیات، کمپنی کی معلومات اور واپسی کی پالیسی کو واضح طور پر ظاہر کرنا ہوگا۔ اگر آپ فرضی اشتہارات یا جعلی جائزے دیتی ہیں تو قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے جیسا کہ اکثر پروڈکٹ کی فروخت بڑھانے کیلئے جھوٹی تعریف کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، اگر آپ کی اپنی ویب سائٹ ہے تو شرائط و ضوابط اور رازداری کی پالیسی کو اَپ ڈیٹ رکھیں۔