اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو دیکھ کر اپنا موازنہ کرتے ہیں۔ خاص کر خواتین ایک دوسرے سے اپنا موازنہ کرتی ہیں۔ موازنہ کرنا غلط نہیں ہے لیکن یہ اس وقت فائدہ مند ہے جب ہم اچھائی میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کریں۔ دیکھنے میں یہ بھی آیا ہے کہ دوسروں کو دیکھ کر ہم یہ سوچتے ہیں کہ ہم بھی تو بہت کچھ کرتے ہیں لیکن تب بھی ہم وہ مقام حاصل نہیں کر پاتے جو دوسروں کو حاصل ہے۔ دنیا کی مختلف اداروں میں کام کرنے والی خواتین نے اپنا روزمرہ کا منصوبہ بنایا ہے کہ وہ فلاں وقت اٹھتی ہیں، فلاں وقت یہ کام کرتی ہیں۔ اس سے ہم فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے معمولات بہتر بنا سکتے ہیں۔ اس مضمون میں چند کامیاب خواتین کے معمولات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جو آپ شخصیت سازی میں مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ زندگی میں ہر کوئی کامیاب ہونا چاہتا ہے مگر کچھ ہی لوگ کامیاب ہوپاتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ کامیاب افراد اپنی زندگی کو بامعنی بنانے کے لئے مسلسل جدوجہد کرتے ہیں۔ زیر ِ نظر مضمون میں کامیاب خواتین کے معمولات کے بارے میں بتایا جا رہا ہے جو ان کی کامیابی کا راز ہے۔ آپ بھی اپنی زندگی میں ان معمولات کو شامل کرسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این
اوپرا ونفرے اوپرا ونفرے کا شمار دنیا کی طاقتور ترین خواتین میں ہوتا ہے۔ اوپرا ہارپو اسٹوڈیو کی مالک ہیں۔ ان کا ٹاک شو کافی مشہور ہے۔ ان کی زندگی کا ایک دن اس طرح ہے۔اوپرا الارم کے بغیر بیدار ہونے پر یقین رکھتی ہیں اس لئے ان کی صبح چھ سے چھ بج کر ۲۰؍ منٹ کے درمیان ہوتی ہے۔اٹھتے ہی چہل قدمی کے لئے جاتی ہیں، اس دوران صبح کی پہلی کافی پیتی ہیں اور تحریک دینے والے پانچ اقوال پڑھتی ہیں۔ساڑھے ۸؍ تک صبح کے تمام کام مکمل کرکے ۹؍ بجے کسرت کرتی ہیں۔ساڑھے ۱۰؍ بجے سے اپنے باغ میں کام شروع کرتی ہیں اور لنچ تک وہیں رہتی ہیں۔ڈیڑھ بجے سے شام چھ بجے تک اپنے دفتری کاموں میں مصروف رہتی ہیں۔ اور وہ روزانہ ۱۰؍ بجے سو جاتی ہیں۔
انگیلا مرکل آپ جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر رہ چکی ہیں۔ فوربز کے مطابق وہ مسلسل ۹؍ سال تک دنیا کی طاقتور ترین خاتون تھیں۔اپنے سیاسی کریئر کے دوران وہ صبح پانچ بجے بیدار ہوتی تھیں۔ اور آدھے گھنٹے بعد ہی صحت سے بھرپور ناشتہ کر لیتی تھیں۔دفتر کار سے نہیں بلکہ سائیکل سے جاتی تھی تاکہ صحتمند رہیں۔ کام شروع کرنے کے بعد دوپہر میں طویل وقفہ لیتی تھیں۔کام کے دوران یا ضروری میٹنگوں میں شرکت کے لئے آنے جانے میں وقت کا پورا پورا استعمال کرتی تھیں۔ اس دوران وہ کتابیں پڑھتی تھیں۔باغبانی ان کا پسندیدہ کام ہے۔ انگیلا مرکل کا کہنا ہے کہ وہ صرف چار گھنٹے سوتی ہیں۔
ورجینیا وولف بیسویں صدی کی مشہور مصنفہ ہے جن کی درجنوں کتابیں آج بھی قارئین میں مقبول ہیں۔ورجنیا وولف کا ماننا تھا کہ صبح کے وقت کام اچھا ہوتا ہے لہٰذا وہ صبح کے ابتدائی گھنٹوں کو لکھنے کے لئے استعمال کرتی تھیں۔لنچ بریک کے بعد وہ اپنا لکھا ہوا پڑھتی تھی یعنی اعادہ کرتی تھیں۔اعادہ کے دوران ہی نوٹس بنا لیتی تھی اور پھر ضروری تبدیلیاں کرتی تھیں۔شام کے وقت لوگوں سے ملتی تھی رات میں جلدی سو جاتی تھیں۔
میری کیوری جنہوں نے طبیعیات اور کیمیا کے میدان میں بے مثال خدمات انجام دیں۔ وہ دنیا کی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے نوبیل انعام حاصل کیا۔ ان کی زندگی سادگی، تحقیق اور لگن کا نمونہ تھی۔ ان کا روزمرہ کا معمول سخت محنت اور نظم و ضبط سے بھرا ہوا ہے۔وہ صبح جلدی جاگ جاتیں (عام طور سے سورج طلوع ہونے سے پہلے)۔ ہلکا ناشتہ کرکے پیدل لیبارٹری چلی جاتیں۔دن کا زیادہ تر حصہ تجربہ گاہ میں گزارتی تھیں۔شام کو کبھی کبھی اپنے شوہر کے ساتھ مختصر وقفہ لیتی تھی جو پُرسکون زندگی کیلئے ضروری ہے۔مختصر نیند کے بعد مطالعہ کرتی تھیں۔
جیسنڈا آرڈرن آپ نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم ہیں۔ جنہوں نے ۲۰۱۷ء سے ۲۰۲۳ء تک اپنے ملک کی قیادت کی۔ ان کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اقوام متحدہ میں اپنی بیٹی کے ساتھ شرکت کرتی تھیں۔ ایسا کرنے والی پہلی وزیراعظم تھیں۔ انہوں نے اپنی قیادت کے دوران ’مہربان بنیں‘ (بی کائنڈ) کو اپنا پیغام بنایا۔٭صبح جلدی جاگتیں اکثر (ساڑھے پانچ یا چھ بجے) اس کے بعد اپنی بیٹی کی دیکھ بھال میں وقت دیتی تھیں۔مختصر ورزش یا چہل قدمی کے بعد ناشتہ کرکے سرکاری رپورٹس کا مطالعہ کرتی تھیں۔دن کا زیادہ وقت حکومتی میٹنگز اور پارلیمنٹ کے اجلاس میں صرف ہوتا تھا۔شام میں عوام سے سوشل میڈیا پر براہ راست رابطہ کرتی تھیں۔ ساتھ ہی خاندان میں وقت دینے کی کوشش کرتی تھیں۔رات میں کچھ وقت تنہائی میں گزارتی تھی (ذہنی سکون کے لئے) اس کے بعد سو جاتی تھی۔
کامیلا کیبیو آپ ایک مشہور امریکی گلوکار نغمہ نگار اور اداکارہ ہیں۔ آپ کی زندگی کا ایک دن اس طرح ہے۔صبح اٹھ کر میڈیٹیشن کرتی ہیں، ہلکی ورزش کے بعد صحت بخش ناشتہ کرتی ہیں۔دن کا وقت گانوں کی ریکارڈنگ، ریہرسل اور ڈانس وغیرہ میں گزارتی ہیں۔شام میں وقت ملے تو مطالعہ اور اپنے دوستوں سے ملتی ہیں۔رات میں جلدی سو جاتی ہیں، اگر اگلا دن مصروف ہو تو۔ کامیلا خودی کے اظہار پر کھل کر بات چیت کرتی ہیں۔