Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۶؍ لاکھ عازمین ، ۴۷؍ ڈگری درجہ ٔ حرارت ، مگر جوش عبادت کم نہیں

Updated: May 25, 2026, 9:00 AM IST | Agency | Mecca

مہمانان ِ خدا کو شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ سے بچانے کیلئے جگہ جگہ شیڈ، کولنگ سسٹم اور پانی کی فراہمی کا نظم، عازمین کو چھتری کے لازمی استعمال کی ہدایت ، جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دینے کا مشورہ۔

Hajj 2026.Photo:INN
حج ۲۰۲۶ء:تصویر:آئی این این
مکہ مکرمہ میں شدید گرمی اور   ۴۴؍ سے ۴۷؍ڈگری درجہ حرارت کے بیچ پیر سے مناسک حج کے آغاز کیلئے اتوار کی شام سے ہی عازمین حج کا منی  پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ زیادہ تر عازمین پیر کو فجر کی نماز کے بعد منیٰ کیلئے روانہ ہوں گے جہاں دنیا کا سب سے بڑا خیموں کا شہر عازمین کے خیر مقدم کیلئے تیار ہے۔ پیر کا دن  حج کا پہلا دن   ہے ۔ منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور فجر کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں۔عبادت، دعا اور تلبیہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔حاجی رات منیٰ میں قیام کرتے ہیں۔منگل کی صبح   حج کے دوسرے دن عازمین نماز فجر کے بعد منیٰ  سے  میدان عرفات کیلئے روانہ ہوں گے جہاں  حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ ادا کیا جائےگا  اور خطبہ حج سنا جائے گا۔ یہاں ظہر  اور عصر کی نمازیں جمع کرکے ادا کی جاتی ہیں۔ یہاں حاجی دعاؤں، توبہ اور ذکر و عبادت میں مصروف  رہیں گے اور غروبِ آفتاب کے بعد مزدلفہ کیلئے روانہ ہوںگے۔    
 گرمی اوردھوپ سے تحفظ کےانتظامات
موسم کی قہر سامانیوں اور   چلچلاتی دھوپ سے عازمین کو محفوظ رکھنے کیلئے جنگی پیمانے پر انتظامات  کئے گئے ہیں۔   اس کے ساتھ ہی مسجد الحرام، منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں سیکوریٹی، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئےگئے ہیں۔شدید گرمی کے پیش نظر پیدل راستوں پر جگہ جگہ سائے کیلئے  شیڈ بنائے گئے ہیں۔ان کے ساتھ ہی کولنگ سسٹم اور پانی کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے۔ حکام نے  پانی کی پھواریں چھوڑنےوالا جدید مسٹنگ سسٹم نظم کیا ہے جبکہ  ٹھنڈے فرش اور راستے میں  عارضی آرام گاہوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ  عازمین کچھ دیر رک کر ٹھنڈک حاصل کر سکیں اور آرام کے بعد اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عازمین  سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں، زیادہ پانی پئیں اور دھوپ میں غیر ضروری پیدل سفر سے گریز کریں۔  
 چھتریوں کے استعمال پر زور
مکہ مکرمہ میں پیر۲۵؍مئی سے درجہ حرارت۴۷؍ ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں بھی درجہ حرارت۴۴؍ ڈگری تک پہنچ سکتاہے۔ 
 
 
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب  ۴۰؍فیصد ہے جبکہ کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنے کا بھی امکان ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے ہدایت جاری کی ہے کہ  عازمین حج پانی کی کمی سے بچنے کی کوشش کریں۔سعودی وزارتِ صحت نے ہدایت دی ہے کہ عازمین  مقدس مقامات کے درمیان آمد و رفت کے دوران ہیٹ اسٹروک(لُو)، دھوپ کی شدت اور جسم میں پانی کی کمی سے بچاؤ کیلئے باقاعدگی سے چھتریوں کا استعمال کریں۔محکمہ صحت  کے حکام کا کہنا ہے کہ چھتریاں صرف سایہ ہی فراہم نہیں کرتیں بلکہ عازمین کے اردگرد درجہ حرارت کو۱۰؍ڈگری تک کم کرنے  اور مناسک کے دوران جسمانی دباؤ گھٹانے میں بھی مدد دیتی ہیں۔ گرمی کم کرنے کی حکمت عملی  کے تحت  راستوں پر خاص قسم کے انعکاسی فرش کے مواد کا استعمال بھی شامل ہے، جو عام سطحوں کے مقابلے میں کم حرارت جذب کرتے ہیں، اس طرح دن کے اوقات میں زمین کا درجہ حرارت کم رہتا ہے۔حالیہ برسوں میں حکام نے مقدس مقامات کو ملانے والے زیادہ  بھیڑ بھاڑ والے پیدل راستوں پر وسیع شیڈنگ منصوبوں میں اضافہ کیا ہے۔ اس کے تحت جدید چھتریاں نصب کی گئی ہیں جو عازمین کو براہ راست دھوپ سے بچاتی ہیں اور مناسک کے دوران طویل پیدل سفر میں جسمانی تھکن کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
 
 
۱۶؍ لاکھ عازمین کے پہنچنے کی توقع
  اس سال کم از کم۱۶؍لاکھ عازمین کے مکہ مکرمہ  پہنچنے کی  امید ہے ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں قائم رہائشی مراکز کو جدید تشخیصی اور ہنگامی طبی آلات سے لیس میڈیکل کلینکس سے آراستہ کیا گیا ہے۔ یہ کلینکس طبی ماہرین کے زیر نگرانی چوبیس گھنٹے کام کریں گے اور ان کا مقصد عازمین کو محفوظ اور آرام دہ ماحول میں مناسک ادا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK