Inquilab Logo

بہار کے ۵؍اضلاع میں تشدد کے بعد۱۲۵؍افراد گرفتار،نتیش سرکار کا رویہ سخت

Updated: April 03, 2023, 11:23 AM IST | patna

سہسرام،بہار شریف،گیا، بھاگلپور اور مونگیر میں رام نومی کے جلوس سے شروع ہونے والے جھگڑےطول پکڑ رہے ہیں،نتیش کمار نے مہلوک کے لواحقین سے بات کی،۵؍لاکھ معاوضہ کا اعلان

In the first picture, policemen can be seen stationed in a colony in Nalanda, while in the second picture, burnt vehicles can be seen during the riots.
پہلی تصویر میں نالندہ کی ایک کالونی میں پولیس اہلکار تعینات دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں فساد کے دوران جلائی گئی گاڑیاں نظر آرہی ہیں

:رام نومی کے جلوس کے بعد بہارکے ۵؍ اضلاع میںتشددجاری ہے۔ بہار شریف اور نالندہ کے ساسا رام میں۲؍دن سے فائرنگ اور بم باری جاری ہے۔نالندہ میںگولی لگنے سے ایک کی موت ہوگئی۔ دونوں مقامات پر ۳۸؍افراد زخمی ہیں۔بھاگلپور اور گیا میں بھی جھگڑا ہوا ہے۔ مونگیر میں بھی سنیچرکی رات مورتی وسرجن کے نام پر ۲؍ گروپوں میں لڑائی ہوئی اور پتھراؤہوا۔اب تک ۱۲۵؍ سے زائدافراد کو گرفتار کیاجا چکاہے۔ پیرا ملٹری کی ۱۰؍ کمپنیاں متاثرہ اضلاع میں بھیج دی گئی ہیں۔
امیت شاہ نے گورنر سےبات کی
 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تشدد کے بارے میں گورنر راجندر ارلیکر سے فون پر بات کی۔ مرکزی نیم فوجی دستے بھی بہار بھیجے جائیں گے۔
نتیش نے مہلوک کے لواحقین سے بات کی
 جبکہ وزیراعلیٰ نتیش کمار بھی حالات پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ نےعہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔پولیس انتظامیہ کو مکمل تیار رہنےکی ہدایت بھی کی۔ نتیش کمار نے بہار شریف میں تشددمیں مارے گئے نوجوانوں کے لواحقین سے بھی فون پر بات کی۔اس کے ساتھ ہی ۵؍ لاکھ کے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خوف کی وجہ سے کوئی بھی اپنا گھر نہیں چھوڑ رہا ہے:پولیس
 روہتاس پولیس نےمیڈیا رپورٹس کی تردید کی ہےجس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہندو مسلمانوں کے خوف سےسہسرام میں اپنے گھر چھوڑ رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی اپنا علاقہ نہیں چھوڑا۔
سہسرام: دوسرے دن بھی بم دھماکہ،۳۲؍گرفتار
 روہتاس کے ضلع ہیڈکوارٹرزسہسرام کے سفولا گنج علاقے میںسنیچرکی شام ایک بار پھربم پھینکے گئے۔پولیس نے گھروں میںسرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اس میں مزید ۸؍ افراد کو حراست میں لیا گیا۔جمعرات کی رات رام نومی کے جلوس کے بعد سےیہاں ہنگامہ برپاہے۔ سہج لال علاقہ میں موٹر سائیکلوںکی پارکنگ اور نعرے بازی پر جھگڑا شروع ہوگیا۔ایک طرف لوگوں پر گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے اور جلوس سے واپس آنے والے لوگوں کو زدوکوب کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔جمعہ کو دوسری طرف احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر آ گئے۔ سہسرام کے بستی موڈ، چوکھنڈی، آدم کھنی، سونا پٹی وغیرہ علاقوں میں پتھراؤ کیا گیا۔ اس دوران بم بھی پھینکے گئے۔کچھ گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ہنگامہ آرائی اور دھماکے میں ۸؍افراد زخمی ہوگئے۔ اب تک۳۲؍گرفتار ہو چکے ہیں۔
بہار شریف: دوسرے روز بھی فائرنگ،۳۰؍زخمی
 نالندہ کےبہار شریف میں، جہاں جمعہ کو تشدد ہوا تھا، اس سے ایک کلومیٹر دور،سنیچرکی رات ایک بار پھرفائرنگ ہوئی۔ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، جب کہ۲؍ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔یہاں دفعہ ۱۴۴؍نافذ ہے۔ بہار شریف میں ۷۷؍گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ ۳۰؍افراد زخمی ہیں۔
 بہار شریف میں جمعہ کو رام نومی کے جلوس کے دوران گگن دیوان کے قریب ۲؍ گروہ آپس میں ٹکرا گئے۔دونوں طرف سے پتھراؤ بھی ہوا۔ اس کے بعد مشتعل لوگوں نے گاڑیوں اور گھروں کو آگ لگا دی۔ تقریباً ایک درجن گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ فائرنگ بھی ہوئی، جس میں۶؍ افراد کو گولیاں لگیں۔
گیا: جلوس کے دوران جھڑپیں
 گیاکے چکند تھانہ علاقے میں جمعہ کی شام رام نومی کے جلوس  کے نام پردونوں پارٹیوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔ ایک طرف کے لوگوںنے پولیس پرپتھراؤ بھی کیا۔ اس میں۲؍پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پتھراؤ کے بعد کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے پتھراؤ کرنے والے گروپ کے  ۱۶؍افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس وقت پولیس نے گاؤں میںڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ صورتحال قابو میں ہے۔
بھاگلپور: جلوس کے دوران دو جماعتوں میں تصادم
 بھاگلپورکے نوگچھیا کے کھارک تھانہ علاقے میں جمعہ کی رات رام نومی کے جلوس کے دوران ۲؍گروپوں کے درمیان تصادم ہوا۔ لڑائی میں ایک طرف سے ایک خاتون شدید زخمی ہے۔ ایس ڈی او اتم کمار، ایس ڈی پی او دلیپ کمار سمیت بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔ نوگچھیا کے ایس پی سوشانت کمار سروج نے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
مونگیر: مورتی وسرجن کے دوران تشدد
 مونگیر کے گدھیرام پور میں سنیچرکو مورتی وسرجن کے دوران جھگڑا ہوا۔ بدمعاش نےپتھرپھینکے۔اس پرمقامی لوگوں اور وسرجن کیلئےجانے والے لوگوں میںپتھراؤ ہوا۔ پولیس کی گاڑی میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔کئی لوگ زخمی ہوئے۔۲؍گاؤں میں کشیدگی کو دیکھتےہوئے ایس ڈی ایم، ڈی ایس پی سمیت کئی تھانوں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

bihar patna Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK