Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار کانگریس کی آئین بچاؤ یاترا

Updated: April 30, 2025, 1:11 PM IST | Agency | Patna

کانگریس کے ریاستی صدر کےمطابق آئین کی حفاظت کیلئے ہم اپنی پوری طاقت لگا دیں گے۔

A `Aayin Bachao` (Save the Constitution) foot march was taken out with the tricolour in Bihar`s capital Patna. Photo: PTI
بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ترنگے کے ساتھ آئین بچاؤ پیدل یاترا نکالی گئی۔ تصویر: پی ٹی آئی

بہار کانگریس  نےمنگل کو  بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں۳؍ کلومیٹر طویل ’آئین بچاؤ پیدل یاترا‘ نکالی جس میں ہزاروں کانگریس کارکنوں نے ترنگے کے ساتھ شرکت کی۔  کانگریس کے ریاستی صدر  راجیش رام نے اس یاترا کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ آج آئین بچانے کے عزم کے ساتھ ہم لوگ جمع ہوئے ہیں اور اس آئین کی حفاظت کیلئے ہم اپنی پوری طاقت لگا دیں گے۔ 
 یہ پیدل یاترا بہار کانگریس دفتر صداقت آشرم سے شروع ہوئی اور راجا پور پل ہوتے ہوئے ڈاکٹر راجندر پرساد کے ’سمادھی استھل‘ بانس گھاٹ پر جا کر ختم ہوئی۔ کانگریس کارکن اس دوران۵۰۰؍ میٹر طویل ترنگا بھی لے کر چلتے دکھائی دیئے۔ 
 اس پیدل یاترا میں شامل کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پیدل یاترا کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے میدانِ عمل اور ڈاکٹر راجندر پرساد کی زمین سے ملک کو یہ پیغام دینے کی کوشش ہو رہی ہے کہ یہ ملک صرف آئین سے چلے گا، کسی کی من مانی سےنہیں۔
 راجیش رام نے اس پیدل یاترا کو آئین کی حفاظت کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’جے باپو، جے بھیم، جےآئین‘ کے معاملے پر ہم اکٹھا ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی پر مہاتما گاندھی اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے راجیش کمار نے کہا کہ اس انتخاب میں عوام نے آئین بچانے کے لئے ہی اپوزیشن کا ساتھ دیا۔ عوام نے بی جے پی کے۴۰۰؍ پار‘ کے نعرہ کو نیست و نابود کر دیا۔  اگر اب ہم آئین کی حفاظت کے لئے آوازنہیں اٹھائیںگے تو آئین نہیں بچے گا، اس لئے ہمیں خاموش نہیں بیٹھنا ہے بلکہ اس آمر حکومت کے خلاف لگاتار آواز بلند کرتے رہنا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK