محکمۂ موسمیات کی جانب سے رواں سال جون کے مہینے میں مانسون کی آمد میں تاخیر کی پیش گوئی کے بعد شہر کو پانی فراہم کرنے والے مختلف آبی اداروں اور متعلقہ حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر روزانہ کی بنیاد پر ۲۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی کا ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔
کلیان اور ڈومبیولی کے شہریوں کو آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے رواں سال جون کے مہینے میں مانسون کی آمد میں تاخیر کی پیش گوئی کے بعد شہر کو پانی فراہم کرنے والے مختلف آبی اداروں اور متعلقہ حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر روزانہ کی بنیاد پر ۲۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی کا ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ کلیان- ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام علاقوں کے لئے ایک حلقہ وار واٹر سپلائی شیڈول جاری کیا ہے۔ یہ کٹوتی ۱۲ ؍جون سے شروع ہو کر باقاعدہ بارش کا آغاز ہونے تک نافذ العمل رہے گی۔ گزشتہ دنوں محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں حکومتی سطح پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں پانی کی سپلائی کو باقاعدگی سے جاری رکھنے کیلئے روزانہ کم از کم ۲۰ ؍فیصد پانی کی کٹوتی کرنے کی سخت ہدایات دی گئی تھیں۔ اسی فیصلے کے تحت تھانے اریگیشن ڈپارٹمنٹ نے پانی کٹوتی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہےجس کا براہِ راست اثر کے ڈی ایم سی کے رہائشی علاقوں پر پڑے گا۔ میونسپل انتظامیہ کے مطابق پانی کی کٹوتی کا دورانیہ متعلقہ تاریخ کی رات ۱۲ ؍ بجے سے اگلے دن کی رات ۱۲ ؍بجے تک (پورے ۲۴ گھنٹے) کے لئےہوگا۔ مختلف پلانٹ کے تحت بند رہنے والے علاقے درج ذیل ہیں :۱۔ نیتولی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (۱۲ ؍اور ۱۷؍ جون)اس تاریخ کو پلانٹ سے پانی کی سپلائی مکمل بند رہے گی جس کے باعث ڈومبیولی (ایسٹ) کے ’جی‘ اور ’ایف‘ وارڈ کے علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔
یہ بھی پڑھئے: نو پارکنگ اور فٹ پاتھوں پر گاڑی پارک کرنے والوں پر ٹریفک پولیس کا شکنجہ
۲۔ باراوے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (۱۳ ؍اور ۱۸؍ جون)ان دونوں دن کلیان (ایسٹ) کے ’ڈی‘ اور ’جے‘ وارڈ نیز کلیان (ویسٹ) میں گودریج ہل اور’سی‘ وارڈ کے تحت آنے والے پارناکہ، سبھاش میدان اور واٹر ٹینک کے قریبی علاقوں میں پانی نہیں آئے گا۔
۳۔ نیتولی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (۱۴؍اور ۱۹؍ جون) پلانٹ کی بندش کے باعث ڈومبیولی (ویسٹ) کے’ایچ‘ وارڈ کے تمام علاقوں میں پانی کی سپلائی بند رہے گی۔
۴۔ باراوے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (۱۵؍اور ۲۰؍جون)شیڈول کے مطابق کلیان (ویسٹ) کے’بی‘ اور ’سی‘ وارڈ کے علاقوں میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر معطل رہے گی۔
۵۔ موہلی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (۱۶ ؍اور ۲۱؍جون)
اس پلانٹ کے تحت مانڈا، ٹٹوالا، وڈولی، امبیولی، شہاڈاور اٹالی میں پانی کی فراہمی بند رہے گی۔ اس دوران بی وارڈ کے یوگی دھام، ملند نگر، برلا کالج کا احاطہ، چکن گھر، مروباڈ روڈ اور ’ڈی‘ وارڈ کے والدھونی علاقےمیں پانی کی قلت رہے گی۔