Inquilab Logo

گزشتہ ۹؍ سال میں موبائل فون کے پروڈکشن میں ۲۰؍ گنا اضافہ

Updated: November 27, 2023, 1:01 PM IST | Agency | New Delhi

الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشوینی ویشنو نے بتایا کہ موبائل فون کی درآمد پرہندوستان کا انحصار کافی کم ہوا ہے،۲۰۱۴ء میں، ہندوستانی موبائل انڈسٹری ۷۸؍ فیصد درآمد پر منحصر تھی، اب ۲۰۲۳ء میں ہندوستان میں فروخت ہونے والے ۹۹ء۲؍ فیصد فون پر’ `میڈ ان انڈیا‘ کا لیبل ہے.

Union Minister Ashwini Vishnu had convened a production review meeting on Saturday. Photo: INN
مرکزی وزیر اشوینی ویشنو نے سنیچر کوموبائل پروڈکشن جائزہ میٹنگ بلائی تھی۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ ۹؍ سال میں ملک میں موبائل فون  کے پروڈکشن میں۲۰؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشوینی ویشنو نے سنیچر کو موبائل پروڈکشن کے جائزہ اجلاس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر ایک پوسٹ میں یہ معلومات دی۔مرکزی وزیر نے  پوسٹ میںبتایا کہ موبائل فون کی درآمد پر ہندوستان کا انحصار اب کافی حد تک کم ہو گیا ہے۔۲۰۱۴ءمیں، ہندوستانی موبائل انڈسٹری۷۸؍ فیصد درآمد پر منحصر تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ ملک میں۷۸؍ فیصدموبائل فون باہر سے خریدے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۲۳ء میں ہندوستان میں فروخت ہونے  والے ۹۹ء۲؍ فیصد فون پر’ `میڈ ان انڈیا‘ کا لیبل ہے۔
جولائی تا ستمبر سہ ماہی میں۴ء۳؍ کروڑ اسمارٹ فون کی  فروخت
 جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں ملک میں۴ء۳؍ کروڑ اسمارٹ فون فروخت ہوئے۔ مارکیٹ ریسرچ فرم’ کینالیس ‘ کے مطابق سام سنگ دوسری سہ ماہی میں۱۸؍ فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ سرفہرست رہا۔اس مدت کے دوران کمپنی نے ہندوستانی مارکیٹ میں۷۹؍ لاکھ اسمارٹ فون فروخت کیے ہیں۔اسی دوران شیاؤمی نے پچھلی سہ ماہی میں۷۶؍ لاکھ اسمارٹ فون تھوک میں  فروخت کئےاور مارکیٹ شیئر کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہا۔  اس دوران ۷۲؍ لاکھ اسمارٹ فونز کی فروخت کے ساتھ ویووتیسرے نمبر پر  ہے۔ رئیل می ۵۸؍ لاکھ ہول سیل  فروخت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور اوپو۴۴؍ لاکھ  موبائل فون کی  فروخت کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
انٹری لیول کے ۵؍ جی اسمارٹ فونز کی مانگ میں اضافہ 
 گزشتہ سہ ماہی میں موبائل کمپنیوں نے اپنا مارکیٹ شیئر بڑھانے کیلئے نئے ۵؍ جی اسمارٹ فون لانچ کیے ہیں جس کی وجہ سے انٹری لیول کے۵؍ جی اسمارٹ فونز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ پریمیم اسمارٹ فون کے  شعبے میں بھی اچھی ترقی ہوئی ہے۔یہ سام سنگ کی ایس ۲۳؍سیریز اور ایپل کے آئی فون ۱۴؍ اورآئی فون ۱۳؍ پر دستیاب آفروں کا نتیجہ ہے۔
گوگل ہندوستان میں پکسل فون کا پروڈکشن شروع کرے گا
 کئی غیر ملکی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیاں بشمول سام سنگ ،شیاؤمی ،ایپل ، ویوو ،رئیل می  اور وَن پلس  جیسی کمپنیاں ہندوستان  میں اسمارٹ فونز تیار کر رہی ہیں۔ حال ہی میں گوگل نے بھی اعلان کیا ہے کہ پکسل فون جلد ہی ہندوستان میں تیار کیے جائیں گے۔ اس کے بعد ہندوستان میں فروخت ہونے والے آئی فون کے ساتھ ساتھ گوگل پکسل جیسے پریمیم اسمارٹ فون بھی ہندوستان میں بنائے جائیں گے۔  اس کی شروعات پکسل ۸؍ سے ہوگی ۔یہ ڈیوائسز۲۰۲۴ء سے مارکیٹ میں آئیں  گے۔ گزشتہ دنوںگوگل فار انڈیا ایونٹ میں، ڈیوائسز کے سربراہ ریک اوسٹرلوہ نے کہا تھا کہ کمپنی مینوفیکچرنگ سیٹ اپ کے لیے ہندوستان میں شراکت کرے گی۔اوسٹر لوہ نے کہا  تھا کہ ’’ یہ پکسل ڈیوائسز کی مقامی مانگ کو پورا کرنے کے لیے  پروڈکشن کو بڑھانے کی جانب ایک ابتدائی قدم ہے۔‘‘ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ گوگل کا یہ اقدام میک اِن انڈیا کے عزم میں ایک بڑا قدم ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK