Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۱؍ سابق کرکٹ کپتانوں کا عمران خان کے لیے طبی سہولت یقینی بنانے کا مطالبہ

Updated: August 24, 2026, 4:04 PM IST | New Delhi

ہندوستان کے سابق کپتان کپل دیو، سنیل گاوسکر اور دلیپ وینگسرکر سمیت ۲۱؍ سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ جیل میں قید سابق پاکستانی وزیراعظم اور ۱۹۹۲ء ورلڈ کپ کے فاتح کپتان عمران خان کو انسانی بنیادوں پر مناسب طبی علاج اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

Imran Khan.Photo:INN
عمران خان۔ تصویر:آئی این این

یہ اپیل سابق آسٹریلوی کپتان  گریگ چیپل  کی جانب سے شروع کی گئی اور یہ اس معاملے پر سابق عالمی کرکٹ کپتانوں کی دوسری مشترکہ اپیل ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ ان کا مقصد پاکستان کے اندرونی قانونی یا سیاسی معاملات میں مداخلت کرنا نہیں، بلکہ عمران خان کی صحت اور عدالت کی جانب سے مقرر کیے گئے طبی عمل کی تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔  سابق کرکٹ کپتانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ایک مکمل اور آزاد طبی معائنہ  کیا جائے۔ اس طبی بورڈ میں عمران خان کے ذاتی ڈاکٹروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ان کی صحت کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جاسکے۔ 

یہ بھی پڑھئے:غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں عالمی تحفظ کی تعیناتی ضروری: اقوام متحدہ

رپورٹس کے مطابق عمران خان کو حال ہی میں جیل سے اسپتال لے جایا گیا تھا لیکن سابق کپتانوں کا کہنا ہے کہ وہ وہاں صرف چند گھنٹے رہے اور ریاستی طور پر مقرر کردہ طبی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ ان کے مطابق عدالت کی ہدایت کردہ طبی ٹیم اپنا مکمل جائزہ مکمل نہیں کر پائی۔  خط میں عمران خان کی صحت، خاص طور پر ان کی  دائیں آنکھ کی بینائی  کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ان کے خاندان اور قانونی ٹیم کی جانب سے پہلے بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی ایک آنکھ کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہےجبکہ پاکستانی حکام نے طبی صورتحال کے حوالے سے مختلف مؤقف پیش کیا ہے۔  سابق کرکٹ کپتانوں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں مکمل طبی جانچ میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
اپیل میں صرف طبی علاج ہی نہیں بلکہ عمران خان کے خاندان کو  بلا رکاوٹ ہفتہ وار ملاقات  کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ انتظامی رکاوٹوں یا غیر ضروری تاخیر کے بغیر خاندان کو ان سے باقاعدگی سے ملنے کا موقع ملنا چاہیے۔   کپل دیو نے بھی اس معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کے لیے مناسب طبی سہولت اور انسانی سلوک کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ ۲۱؍سابق بین الاقوامی کپتانوں میں ہندوستان سے سنیل گاوسکر، کپل دیو اور دلیپ وینگسرکر شامل ہیں۔ اس اپیل میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور دیگر ممالک کے سابق معروف کپتان بھی شامل ہیں۔ رپورٹس میں  گریگ چیپل، اسٹیو وا، ایلن بارڈر اور سر الیسٹر کک  جیسے نام بھی سامنے آئے ہیں۔   ۷۳؍سالہ عمران خان اگست ۲۰۲۳ء سے جیل میں ہیں۔ وہ پاکستان کے سابق وزیراعظم ہونے کے ساتھ ۱۹۹۲ء میں پاکستان کو پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ جتانے والے کپتان بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ایران کے خلاف امریکہ کا ’’اقتصادی ڈی ڈے‘‘ منصوبہ، نئی پابندیوں کا اعلان متوقع

۱۸؍ اگست ۲۰۲۶ءکو پاکستان کی سپریم کورٹ نے صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور طبی ماہرین پر مشتمل بورڈ کے ذریعے معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔ بعد میں انہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا۔  سابق کرکٹ کپتانوں نے اپنے خط کے ذریعے واضح کیا ہے کہ وہ عمران خان کے سیاسی یا قانونی مقدمات پر فیصلہ نہیں دے رہے، بلکہ ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ عدالت کے حکم کے مطابق طبی عمل مکمل کیا جائے، مناسب علاج فراہم ہو اور عمران خان کے ساتھ انسانی بنیادوں پر برتاؤ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK