Inquilab Logo

چھ ؍ماہ میں سونے کے دام میں ۲۵؍فیصد اضافہ

Updated: April 08, 2024, 10:19 AM IST | Mumbai

سونے کی قیمت ۵۷؍ہزار سے ۷۰؍ہزار کے قریب پہنچی۔ بازار کے ماہرین اس کی قیمت میں مزید اضافہ کی پیشین گوئی کررہے ہیں۔

With the start of the wedding season, jewelery shops will be booming. Photo: INN
شادی کا سیزن شروع ہونے کے ساتھ ہی زیورات کی دکانوں پر رونق ہوگی۔ تصویر:آئی این این

اس وقت سونے کی قیمت میں ریکارڈ توڑ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ۲۴؍ قیراط سونے کی قیمت۶۹۸۸۲؍ روپے اور زیورات (۲۲؍ قیراط) سونے کی قیمت۶۴۰۱۲؍ روپے فی۱۰؍ گرام تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین اس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ امریکہ میں شرح سود میں کمی پر غیر یقینی صورتحال کے درمیان ڈالر کی کمزوری کی وجہ سے سونا بلندی کو چھو رہا ہے۔ 
سونے نے پچھلے۶؍ مہینوں میں پہلے ہی تقریباً ۲۵؍ فیصد منافع دیا ہے۔ صرف گزشتہ ۶؍ ماہ میں یہ ۵۷؍ ہزار سے۷؍ ہزار تک پہنچ گیا ہے۔ اس سال یعنی صرف ۳؍ مہینوں میں اس نے۱۰؍ فیصد سے زیادہ کا منافع دیا ہے۔ یہ سلسلہ مزید جاری رہ سکتا ہے۔ 
ایس ایس ویلتھ اسٹریٹ کمپنی کے کی بانی سوگندھا سچدیوا کا خیال ہے کہ۲۰۲۴ء کے آخر تک سونے کی قیمت۷۲۰۰۰؍ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سونے کی قیمت میں ۲؍ ہزار روپے سے زیادہ اضافے کی گنجائش ہے۔ ایسے میں سونے کے زیورات خریدنے اور سونے میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ ایک بہتر موقع ہو سکتا ہے۔ 
فی الحال قیمتوں میں کمی کا کوئی امکان نہیں 
ایچ ڈی ایف سی سیکیورٹیز کے کموڈیٹی اینڈ کرنسی ہیڈ انوج گپتا نے کہا کہ ریکارڈ سطح تک پہنچنے کے باوجود سونے کی قیمت میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس کی سرمایہ کاری کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ 
قیمت۲۰؍ سال سے مسلسل بڑھ رہی ہے
سونے کی قیمت گزشتہ۲۰؍برسوں سے مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کموڈیٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی بڑھی تو سونے کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔ امریکہ کے انتخابات کے نتائج سونے پر بھی اثر ڈال سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ سچدیوا کے مطابق حالات ایسے ہیں کہ سونے کی قیمتوں میں ۲۰۲۵ء تک اضافہ ہوتا رہے گا۔ 
خیال رہے کہ ۲۰۲۳ء میں سونا۸؍ ہزار روپے سے زیادہ مہنگا ہو گیا تھا۔ ۲۰۲۳ء کے آغاز میں سونا۵۴۸۶۷؍ روپے فی ۱۰؍گرام تھا جو۳۱؍ دسمبر کو۶۳۲۴۶؍ روپے فی ۱۰؍گرام تک پہنچ گیا۔ یعنی سال۲۰۲۳ء میں اس کی قیمت میں ۸۳۷۹؍ روپے (۱۶؍فیصد) کا اضافہ ہوا۔ اس کیساتھ ہی چاندی کی قیمت بھی۶۸۰۹۲؍ روپے سے بڑھ کر ۷۳۳۹۵؍ روپے فی کلو گرام ہوگئی۔ 
مہنگائی سونے کا دم بڑھا رہی ہے
ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ اس سال ضرورت سے زیادہ گرمی پڑ سکتی ہے۔ ایسی صورت حال میں کچھ فصلیں تباہ ہو سکتی ہیں۔ اس کی وجہ سے مہنگائی میں کمی کا رجحان کچھ وقت کیلئے پلٹ سکتا ہے۔ اس سے سونے کی چمک میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو سونا مہنگا ہو جاتا ہے کیونکہ اس میں سرمایہ کاری بڑھ جاتی ہے، تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے جھٹکے سے بچا جا سکے۔ 
خیال رہے کہ جمعہ کو سونےاور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کاسلسلہ رک گیا ہے۔ یاد رہےکہ گزشتہ ۳؍ سے۴؍دنوں کے دوران سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوا۔ جمعرات کوممبئی میں فی ۱۰؍ گرام سونے کی قیمت ۶۹؍  ہزار ۹۰۲؍ پہنچ گئی تھی جبکہ جمعہ کوفی ۱۰؍ گرام سونے کی قیمت ۶۹؍  ہزار ۸۲۲؍ روپے ہوگئی۔ اس طرح سونے کے دام میں ۲۰؍ روپےکی کمی ہوئی۔ دوسری طرف چاندی کے دام بھی کم ہوئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK