Inquilab Logo

؍۳دن میںآتشزدگی کے ۴؍ واقعات، بڑے پیمانے پر مالی نقصان

Updated: April 21, 2022, 10:38 AM IST | saadat khan and Kazim Shaikh | Mumbai

مومن پورہ ، دھاراوی اور سانتاکروز کی عمارتوں اور دکان میں آگ لگنے سے افراتفری کا ماحول، ناگپاڑہ کے ۲؍ میٹر باکس میں آتشزدگی کی وجہ سےعلاقے کی بجلی ۳؍ گھنٹے تک منقطع کردی گئی

Fire brigade trying to control a fire in a building in Mominpura area
مومن پورہ علاقے کی عمارت میں آتشزدگی پر فائربریگیڈ قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے

 شہرومضافات میں ۳؍ دن میں آتشزدگی کے ۴؍ واقعات ہوئے جن میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن بڑے پیمانے پر مالی نقصان کی اطلاع ہے۔ بدھ کو مومن پورہ ، دھاراوی اور سانتاکروز علاقے میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ۔ اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اس سے قبل ناگپاڑہ کے علاقے نیانگر میں بھی آتشزدگی  کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی وجہ سے ۳؍ گھنٹے تک بجلی منقطع کردی گئی تھی جس سے مقامی افراد کو  شدید گرمی کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ شہرو مضافات میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات سے مکینوں اور دکانداروں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ تاہم ممبئی فائر بریگیڈ کا دعویٰ ہے کہ وہ ایسے واقعات پر قابو پانے کیلئے فائر انجن اور پانی کے ٹینکروں کے ساتھ پوری طرح سے  تیار ہے۔
مومن پورہ کی عمارت کے مکان میں آگ لگ گئی
 آگر ی پاڑہ کےمومن پورہ علاقےمیں واقع ۲؍ منزلہ عمارت کے ایک مکان میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب اچانک آگ لگ گئی ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گھریلو ساز و سامان  جل گیا۔  ۴؍ انجنوں کی مدد سے فائربریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا  ۔ آگری پاڑہ جنکشن کی پولیس چوکی کے قریب واقع ۲؍منزلہ کیکا بلڈنگ کے دوسرے منزلے کے ایک گھرمیں رات تقریباً ۲؍بجے آگ لگی تھی جس سے بلڈنگ کےمکینوںمیں افراتفری مچ گئی تھی۔
   جس گھر میں آگ لگی تھی ،اس کے مکینوںکو بلڈنگ کے دیگر مکینوںنے بحفاظت  باہر نکالا۔ اس حادثہ کے بعد  مکینوںنے بلڈنگ خالی کردی۔ آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
 مٹھائی کی دکان میں گیس سلنڈر کے رساؤسے آتشزدگی
   فائر بریگیڈ  کے ایک افسر کے مطابق  دھاراوی کے مکند نگر کے کھمبادیوی روڈ پر شیونیری بلڈنگ میں واقع شان مٹھائی نامی  دکان میں بدھ کی صبح تقریباً  ساڑھے ۱۰؍ بجے  سلنڈر سےگیس کے رساؤ کی وجہ سے اچانک  زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی ۔ گیس کی وجہ سے آگ بہت تیزی کے ساتھ پوری دکا ن میں پھیل گئی۔ آلگ لگنے پر  دکان کے تمام ملازمین وہاں سے بحفاظت نکل آئے۔ دکان میں رکھے آگ بجھانے کے آلے کے ذریعے مقامی افراد نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے ۔ ایک  فائرافسر کا کہنا ہے کہ شان مٹھائی نامی دکان  میں مٹھائیاں اور بیکری مصنوعات بھی بنائی جاتی ہیں ۔   مٹھائی کے ساتھ دکان اور بیکری کا  تمام سازوسامان پوری طرح خاکستر ہوگیا ۔ فائر بریگیڈ  نے فائر انجن اور پانی کے ٹینکروں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 
 جائے وقوع کے قریب رہنے والے ایک شخص نے  الزام لگایا کہ مٹھائی کی دکان میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو فائر انجن اور پانی ٹینکروں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگ گیا ۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا  کہ جہاں آگ لگی تھی ،اس علاقے میں بےترتیبی سے کھڑی کی گئی گاڑیوں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں راستےمیں پھنس گئی تھیں ۔اس کے علاوہ ہاکرس اور دکانوں کے اسٹالوں سے فائر عملہ کو جائے وقوع پر  پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔   انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حادثے کےوقت آس پاس افراتفری مچ گئی تھی اور دھماکے کی آواز سن کر مقامی افراد گھروں اور دکانوں سے نکل  آئے  اور وہاں جمع ہوگئے تھے۔ حادثہ کے بعد بلڈنگ کو خالی کرادیا گیا تھا ۔ 
حادثہ کے بعد واکولہ میں عمارت خالی کروالی گئی
  سانتاکروز مشرق میں واکولہ بریج کے قریب ایک بلڈنگ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ حادثہ کے وقت بلڈنگ مکینوں سے خالی کرالی گئی  اور عمارت کی بجلی سپلائی منقطع کردی گئی  ۔
 فائر بریگیڈ کےمطابق ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہےکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے لیکن آگ  سے گھر کا تمام سامان خاکستر ہوگیا  ۔ حادثہ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے لیکن  جانچ سے اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آگ کیسے لگی تھی  ۔ پولیس اور فائر عملہ کے اہلکاروں نے جائے وقوع سے جلا ہوا سامان قبضے میں لے کر جانچ کیلئے فورینسک لیباریٹری  میں بھیج دیا ہے اور پولیس نے بھی حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ بقول فائر افسر آگ بجھانے کیلئے فائرانجن  اور پانی کی ۵؍ گاڑیاں جائے وقوع پر روانہ کی گئی تھیں ۔ 
مورلینڈروڈ پر آتشزدگی سے افراتفری کا ماحول
 اس سے قبل پیر کی رات میں ناگپاڑہ کے علاقے نیانگر میں ایک ساتھ ۲؍ میٹر باکس کے قریب بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ سے لگنےوالی آگ پرمقامی نوجوانوں نےکارخانوںمیں موجود آگ بجھانے والے آلہ سے قابو کیا۔آتشزدگی سے علاقے کی بجلی سپلائی رات ۱۱؍تا ۲؍بجے تک منقطع ہونے سے مقامی افرادکو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا اورمالی نقصان بھی نہیں ہوا۔ آگ لگتے ہی یہاں کے کارخانوں میں کام کرنےوالےسیکڑوں ملازمین جان بچانےکیلئے  سڑک پرآگئے تھے جبکہ مقامی نوجوانوں کے الگ الگ گروپ نے یہاں کھڑی گاڑیوںکو راستے سے ہٹانا شروع کیاتاکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آسانی سے جائے حادثہ تک پہنچ سکیں۔ نوجوانوںکے دوسرے گروپ نے یہاں کے کارخانوں میں موجود آگ بجھانے والے آلے جمع کرنے شروع کئے۔ بڑی ہمت اور حوصلہ سے جان پر کھیل کر ان نوجوانوںنے آگ پر قابوپانےکی جدوجہد کی  اور فائر بریگیڈ  کے آنے سے قبل انہوںنے  آگ پر قابوپانے میں کامیابی حاصل کرلی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK