Inquilab Logo

چھوٹے تاجروں کوسودی قرض سے نجات دلانے کیلئےساڑھے ۶؍ لاکھ روپے دیئے گئے

Updated: January 09, 2023, 10:58 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Byculla

زکوٰۃ سینٹر انڈیا کی جانب سےدی جانے والی یہ چوتھی قسط ہے ۔ اس میں۱۱؍ایسے تاجر شامل ہیںجوپہلے مدد حاصل کرکے بہترکاروبار کررہےہیں

A view of the Zakat Center program at Khilafat House. (Photo:inquilab)
خلافت ہاؤس میں زکوٰۃ سینٹر کے پروگرام کا منظر۔(تصویر: انقلاب)

چھوٹے تاجروں کو سودی قرض سے نجات دلانے کیلئے زکوٰۃ سینٹر انڈیا سرگرم ِ عمل ہے۔اس تعلق سے یہ طے کیا گیا تھا کہ رواں سال میں ۵۰؍لاکھ روپے تک تاجروں  میںتقسیم کئے جائیںگے۔ اسی سلسلے میں چوتھی قسط کے طورپرخلافت ہاؤس میںاتوار کو ۳۶؍ تاجروں کو ساڑھے ۶؍لاکھ روپے دیئے گئے۔ مدد حاصل کرنے والوں میں ۱۱؍ ایسے تاجر بھی شامل ہیں جنہیں پہلے مدد دی گئی تھی اوروہ بہتر کاروبار کررہےہیں،چنانچہ انہیں مزیدتقویت دینےکی غرض سے دوبارہ مدد دی گئی ۔
  اس موقع پران تاجروںنےاپنے تجربات بھی بیان کئے۔اب تک تقریباً ۳۴؍لاکھ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔ یادرہے کہ جن تاجروں کی مدد کی جارہی ہے ان کوحاصل کردہ مدد لوٹانا ضروری نہیںہے اور اس کیلئے ان پرزوربھی نہیں ڈالاجاتا ہے لیکن یہ ذہن سازی بہرحال کی جاتی ہے کہ اگر وہ کامیابی کاسفر طے کریںتو اپنی صوابدید پر وہ رقم لوٹائیںتاکہ دیگرایسے مقروض تاجروں کی مدداور تعاون میں آسانی ہو۔
 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مبارک کاپڑی (نائب صدرزکوٰۃ سینٹر) نے فضول خرچی کی جانب توجہ مبذول کروائی اورکہاکہ اخراجات پر قابو پانا اورفضول خرچ سے بچنااشد ضروری ہے ۔ اسی طرح قرض لے کرخرچ کرنےسے بھی گریز کریں ،بصورت دیگرقرض سے نجات پانا  تقریباً ناممکن ہوگا ۔
 عبدالحسیب بھاٹکر (جماعت ِ   اسلامی)  نے کہاکہ ’’ تجارت میںاللہ پاک نے روزی کا ۹۹؍ فیصد رکھا ہے۔ حلال مال کمائیں اور راہِ خدا میں خرچ کی عادت ڈالیں،تجارت کو اسلامی ضابطے کے مطابق کریں۔‘‘زکوٰۃ سینٹر انڈیا  ممبئی یونٹ کے  نائب صدر عزیزالرحمٰن خان نے بھی حاضرین کی رہنمائی کی ۔
 زکوٰۃ سینٹر انڈیا ممبئی کےسیکریٹری ضمیرالحسن نے جوائنٹ سیکریٹری مرحوم محمدجعفرخان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ’’ انہوںنے اس مشن کو آگے بڑھانے میںنمایاںرول ادا کیا تھا۔‘‘ انہوں  نے یہ بھی کہا کہ ’’تاجر حضرات دی جانے اس مدد کی قدر کریں،مارکیٹ پر نگاہ رکھیں اورصحیح انداز میں آگے بڑھیںکیونکہ مال اللہ کی آزمائش ہے۔ اگرہم نے صحیح طریقے سے کاروبار کیا ، حاصل کردہ مالی مدد کوتجارت کے فروغ میں صرف کیا ، نیت درست رکھی تو اس مدد کی قدردانی بھی ہوگی اورخیر وبرکت کی بھی امیدہے،ورنہ ہم ایک اچھا موقع گنوا دیںگے۔‘‘ 
 خلافت ہاؤس میںمنعقدہ اس خصوصی نشست کے دوران افضل داروڈیا، شبیر محمد ملک ، سلمان شہاب ، راشد انصاری  اورجلال ساونت وغیرہ پیش پیش تھے۔اس موقع پرمدد حاصل کرنے والے تاجروںنےیہ عزم کیا کہ ان شاء اللہ ہم اسلامی خطوط پراپنی تجارت کو فروغ دینے کی کوشش کریںگے اورآئندہ کبھی سودی قرض کے قریب نہیںجائیںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK