شکر کی قیمت میں ہونے والے متواتر اضافے سے جلد ہی کٹنگ چائے کے مہنگی ہونے کا قوی امکان ہے۔ چائے کافی اسوسی ایشن نے کٹنگ چائے کی قیمت ۱۵؍روپے تک بڑھانے کافیصلہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 26, 2026, 10:45 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
شکر کی قیمت میں ہونے والے متواتر اضافے سے جلد ہی کٹنگ چائے کے مہنگی ہونے کا قوی امکان ہے۔ چائے کافی اسوسی ایشن نے کٹنگ چائے کی قیمت ۱۵؍روپے تک بڑھانے کافیصلہ کیا ہے۔
شکر کی قیمت میں ہونے والے متواتر اضافے سے جلد ہی کٹنگ چائے کے مہنگی ہونے کا قوی امکان ہے۔ چائے کافی اسوسی ایشن نے کٹنگ چائے کی قیمت ۱۵؍روپے تک بڑھانے کافیصلہ کیا ہے۔ ممبئی میں صرف چائے اور کافی والے ۲؍ ہزار ۶۰۰؍ اور مہاراشٹر میں تقریباً ۶؍ ہزار دکاندار ہیں۔
چائے کافی اسوسی ایشن کے صدر پرمود واو کے مطابق ’’شکر کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے چائے کی تیاری کی لاگت بڑھ گئی ہے جس کا براہ راست اثر چائے کے کاروبار پر پڑ رہا ہے۔ اس پس منظر میں، چائے کافی اسوسی ایشن کے اجلاس میں چائے کی بڑھتی لاگت سے نمٹنے کیلئے کٹنگ چائے کی قیمت ۱۵؍ روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر مستقبل میں شکر کی قیمتوں میں کمی آئی اور چائے کیلئے درکار خام مال کی قیمتیں قابو میں آئیں تو چائے کی قیمتوں میں کمی پر ضرور غور کیا جائے گا۔ ‘‘
اسوسی ایشن کے مطابق مہاراشٹر میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ شدہ ۶؍ہزار سے زیادہ اور ممبئی میں ۲؍ہزار ۶۰۰؍ دکاندار ہیں جو صرف چائے اور کافی فروخت کرتے ہیں ۔ یہ شعبہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ہر علاقےمیں چائے کی قیمت ۱۵؍ روپے ہویہ ضروری نہیں ہے۔ ۱۵؍روپے اوسطاً قیمت مقرر کی گئی ہے۔
اس دوران اسوسی ایشن نے اپنے بیان میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ دکان کے کرایہ، معیار اور سروس کے لحاظ سے نرخ مختلف علاقوں میں زیادہ یا کم ہوسکتے ہیں ۔ جن علاقوں میں کٹنگ چائے پہلے ۷؍ روپے تھی اب ۸؍سے ۹؍روپے ہو سکتی ہے۔ ۱۰؍روپے والی چائے ۱۲؍سے ۱۵؍ روپے اور ۱۲؍ روپے والی چائے ۱۴؍ سے ۱۶؍روپے میں فروخت کی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:عید میلاد پر ہر طرف خوشیاں، چراغاں، پرچم اورجلوس
خیال رہے کہ شکر کی قیمتیں پہلے ۴۲؍ سے ۴۵؍روپے کلوگرام تھیں اب وہ ۷۵؍ سے ۸۰؍روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں ۔ نتیجتاً شکر کی قیمتوں میں تقریباً ۶۷؍فیصد سے ۷۸؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ چائے کے ایک کپ میں تقریباً ۱۰؍ گرام شکر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ پہلے جب شکر کی قیمت ۴۵؍روپے تھی، ۱۰؍گرام شکر کی قیمت ۴۵؍ پیسے تھی اب جبکہ شکر کی قیمت ۸۰؍روپے ہوگئی ہے، ایسے میں ۱۰؍ گرام شکر کی قیمت ۸۰؍پیسے ہوگئی ہے، یعنی فی کپ چائے میں استعمال ہونے والی شکر کی قیمت میں ۳۵؍پیسے کااضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے چائے کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہے۔