Inquilab Logo

نواب ملک کی ۸؍ جائیدادیں عارضی طورپر قرق

Updated: April 14, 2022, 9:50 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

سابق ریاستی وزیراور ان کے اہل خانہ کی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیدادیں شامل ہیں

Nawab Malik.
نواب ملک

: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نواب ملک  اوران کے  اہل خانہ کی جائیدادوں پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں عارضی طور پر قرق کر لیا ہے ۔ تفتیشی ایجنسی نے باندرہ ، کرلا اور عثمان آباد میں نواب ملک اور ان کے اہل خانہ کے نام سے منقولہ و غیر منقولہ ۸؍ جائیدادوں کو عارضی طو ر پر قرق کیا ہے ۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے سابق ریاستی وزیرنواب ملک کی  فوری رہائی کی اپیل پر سماعت کرنے کی درخواست کو قبول کر لیا ہے لیکن  تاریخ کا تعین نہیں کیا ہے ۔
 ۶۲؍ سالہ وزیر نواب ملک جو اس وقت آرتھر روڈ جیل میں قیدہیں ، کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے  ای ڈی نے ۲۳؍ فروری کو انہیں گرفتار کیا تھا اور یہ الزام لگایا تھا کہ ان کا انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم، اس کی بہن حسینہ پارکر اورگینگ ممبروں سے تعلق ہے ۔اس نے کرلا میں واقع گواوالا کمپاؤنڈ کوحسینہ پارکر کے  ڈرائیور سلیم پٹیل سے اس کی اصل قیمت سے انتہائی کم قیمت پر خریدنے پر کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کے تحت کیس درج کیا تھا ۔ اس کیس کی تفتیش کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے اب ای ڈی نے نواب ملک اور ان کے اہل خانہ کی ممبئی اور عثمان آباد میں موجود کروڑوں روپے کی  ۸؍ جائیدادوں کو قرق کرلیاہے ۔
   قرق کی گئی جائیدادوں سے متعلق ای ڈی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کرلا میں واقع جس گوا والا کمپاؤنڈ کو بنیاد بنا کر تفتیش کا آغاز کیا گیاتھا، اسے قرق کرنے کے علاوہ کرلا مغرب میں موجود ایک کمرشیل یونٹ ،کرلا مغرب میں ہی واقع ۳؍ فلیٹ ، باندرہ میں واقع ۲؍ فلیٹ اور عثمان آباد میں واقع ۵۹ء۸۱؍ ہیکٹر اراضی کو عارضی طور پر قرق کیا گیاہے ۔تفتیشی ایجنسی کے بقول تمام قرق شدہ جائیدادوں کے مالکانہ حقوق ایم ایس سالیڈس انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈاور ایم ایس ملک انفرا اسٹرکچر کے نام ہیں جن پر  نواب ملک اور ان کے اہل خانہ کا کنٹرول ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK