Updated: November 14, 2025, 5:16 PM IST
| London
گلوکار زین ملک نے گروپ سے علاحدگی کے دس سال بعد برطانوی بوائے بینڈ ’’ون ڈائریکشن‘‘ کی کمپنی پی پی ایم میوزک لمیٹڈ میں بطور ڈائریکٹر دوبارہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ پیش رفت لیئم پین کے انتقال کے بعد بینڈ ممبران کے جذباتی ری یونین کے بعد سامنے آئی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق زین کو ایک بار پھر کمپنی کا فعال ڈائریکٹر قرار دیا گیا ہے۔
زین ملک۔ تصویر: آئی این این
گلوکار زین ملک نے گروپ سے علاحدگی کے ایک دہائی بعد برطانوی بوائے بینڈ ’’ون ڈائریکشن‘‘ میں بطور ڈائریکٹر شمولیت اختیار کر لی ہے۔ دی سن کی رپورٹ کے مطابق پلو ٹاک کے گلوکار کو ون ڈائریکشن کی کمپنی پی پی ایم میوزک لمیٹڈ میں ڈائریکٹر کے طور پر دوبارہ تعینات کیا گیا ہے۔ یہ انکشاف حالیہ کاروباری فائلنگ سے ہوا۔ زین ملک کی یہ واپسی اُس موقع پر سامنے آئی ہے جب بینڈ کے اراکین، رکن لیئم پین کے انتقال کے بعد دوبارہ اکٹھے ہوئے۔ ۳۱؍ سالہ لیئم ارجنٹائنا میں ہوٹل کی بالکونی سے گرنے کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔ ان کے جنازے میں چاروں بینڈ ممبران ہیری اسٹائلز، لوئس ٹاملنسن، نیل ہوران اور زین ملک نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: اداکار ہرش وردھن رانےکا فلم ’’فورس ۳ ‘‘ میں داخلہ
۳؍ نومبر کو کمپنیز ہاؤس میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق زین کو باضابطہ طور پر پی پی ایم میوزک لمیٹڈ کے ایک فعال ڈائریکٹر کے طور پر بحال کیا گیا ہے۔ یہ وہ کمپنی ہے جو ایکس فیکٹر پر ون ڈائریکشن کی پہلی منظرعام پر آمد کے دوران قائم کی گئی تھی۔ کاغذی کارروائی میں انہیں ’’اہم کنٹرول رکھنے والا شخص‘‘ بھی قرار دیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کمپنی کے بڑے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ زین کا بطور ڈائریکٹر معاہدہ ۲۰؍ جون کو ختم ہو گیا تھا، جو کہ بینڈ سے ان کی ۲۰۱۵ء کی علاحدگی کے ایک سال بعد ہوا۔ رپورٹ کے مطابق زین کا نام اب دوبارہ بینڈ کے دیگر اراکین ہیری اسٹائلز، لوئس ٹاملنسن اور نیل ہوران—کے ساتھ بطور شریک ڈائریکٹر درج ہے۔ چاروں ممبران اس وقت لندن کی قانونی فرم لی اینڈ تھومپنس ایل ایل پی کے ایک ہی رجسٹرڈ پتے کا استعمال کر رہے ہیں۔ یہی فرم لیئم پین کے سولو کریئر کی قانونی نمائندگی بھی کرتی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: سوشل میڈیا پر رنبیر کپور کا فرضی اکاؤنٹ، اہلیہ عالیہ بھٹ فالو نہیں کرتیں
دی سن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ، ’’یہ بہت بڑا لمحہ ہے۔ اگرچہ یہ سب کچھ دل دہلا دینے والے حالات میں ہوا، لیکن لیئم کے انتقال نے سب کو ایک بار پھر قریب کر دیا ہے۔ یہ بات اور بھی افسوسناک ہے کہ لیئم ہی ری یونین کے سب سے بڑے حامی تھے۔‘‘ ذرائع نے مزید بتایا کہ پی پی ایم میوزک لمیٹڈ کا نام پرنسس پارک مینور سے لیا گیا ہے، جو وہ پرائیویٹ گیٹڈ کمپلیکس تھا جہاں بینڈ شو جیتنے کے بعد منتقل ہوا تھا۔ اس کے مطابق بینڈ کے اراکین لیئم کی وفات کے بعد سے مسلسل رابطے میں ہیں۔