کلیان کھاڑی میں پانی کی سطح میں اضافہ سے تشویش، ڈیزاسٹر مینجمنٹ نےشہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی۔
EPAPER
Updated: July 06, 2026, 2:33 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
کلیان کھاڑی میں پانی کی سطح میں اضافہ سے تشویش، ڈیزاسٹر مینجمنٹ نےشہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی۔
گزشتہ ۴؍ دنوں سے جاری مسلسل اور موسلا دھار بارش نے جہاں عام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے وہی اب سیلاب کا خطرہ بھی منڈلانے لگا ہے۔ گزشتہ۳۶ ؍گھنٹوں سے جاری زبردست بارش کے نتیجے میں کلیان کھاڑی میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔ کھاڑی کی سطح آب میں اضافہ ہونےکی وجہ سے انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ساحلی اور نچلے علاقوں میں مقیم شہریوں کو فوری طور پر محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کی حدود میں گزشتہ ۴؍ روز سے جاری موسلا دھار بارش نے شہری زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث شہر کے تقریباً تمام نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ متعدد اہم شاہراہوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدیددشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی میں موسلادھار بارش کے سبب آٹھ ہلاکتیں، شہر میں ریڈ الرٹ
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر میونسپل انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لئے اپنی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔ دوسری جانب بالائی علاقوں میں ہونے والی مسلسل شدید بارش کے باعث الہاس ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ کلیان کھاڑی کی سطح آب بھی مسلسل بڑھ رہی ہے یہاں تک کہ کھاڑی کا پانی ساحلی حفاظتی دیواروں کو چھونے لگا ہے۔ اس صورتحال نے کھاڑی کے کنارے واقع جھوپڑپٹیوں اور نشیبی آبادیوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔
ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل، مقامی پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ شہریوں کو مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ الہاس ندی اور کلیان کھاڑی کے کناروں پر جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔