Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میں موسلادھار بارش کے سبب آٹھ ہلاکتیں، شہر میں ریڈ الرٹ

Updated: July 06, 2026, 12:39 PM IST | Mumbai

ممبئی میں مسلسل موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے، جہاں عمارت گرنے، درخت اکھڑنے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے افسوسناک واقعات میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح درہم برہم ہو گیا۔ حکام نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Mumbai Mayor Ritu Tawde and Abu Asim Azmi visited the hospital after the building collapsed in Mankhurd last night. Photo: X
مانخورد میں گزشتہ رات عمارت منہدم ہونے کے بعد ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے اور ابو عاصم اعظمی نے اسپتال کا دورہ کیا۔ تصویر: ایکس

اتوار کو ممبئی کے مانخوردعلاقے میں شدید بارش کے دوران ایک رہائشی عمارت گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ اسی روز دو الگ الگ حادثات میں مزید دو افراد کی موت واقع ہوئی۔ دی ہندو کے مطابق، عمارت کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے تھے، جنہیں ریسکیو ٹیمیں نکالنے میں مصروف رہیں۔ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، عمارت رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے منہدم ہوئی۔ ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ مزید پانچ افراد اسپتال منتقل کئے جانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے چھ افراد میں سے پانچ کم عمر بچے تھے۔ ایک شخص زخمی ہوا، تاہم، دی ہندو کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ عمارت گرنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ میئر آفس کے مطابق، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے فوری طور پر گوونڈی پہنچ گئیں۔ انہوں نے گوونڈی اسپتال کا دورہ کیا، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقامی ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’درختوں کے اطراف پیور بلاک اور سیمنٹ کنکریٹ ہی حادثات اور اموات کا سبب ہیں‘‘

اسی روز اس سے قبل ممبئی کے کرلا علاقے میں شدید بارش کے باعث ایک درخت دکان پر گر گیا، جس کے نتیجے میں ۶۳؍ سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق، ایک اور واقعے میں ۱۸؍ سالہ نوجوان درخت کی شاخ گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ جمعہ سے جاری شدید بارشوں نے ممبئی میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی شدید مشکلات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان اور ڈومبیولی میں ۷۱۲؍ عمارتیں خطرناک قرار دی گئیں

ریڈ الرٹ، ٹرین سروس متاثر
پیرکو ممبئی اور اس سے ملحقہ اضلاع تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ میں ریڈ الرٹ نافذ کیا گیا۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے مطابق، مختلف مقامات پر شدید بارش کے ساتھ۵۰؍ سے۶۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پیر کی صبح اندھیری علاقے میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ریڈ الرٹ کے پیشِ نظر ممبئی، پونے، تھانے اور نوی ممبئی کے تمام اسکول پیر کے روز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ ویسٹرن ریلوے کے مطابق، وسئی روڈ اور ویرار اسٹیشنوں کے درمیان پانی جمع ہونے کے باعث ویسٹرن لائن کی لوکل ٹرینیں ۱۵؍ سے۲۰؍ منٹ کی تاخیر سے چل رہی تھیں۔ سینٹرل ریلوے نے بتایا کہ صبح ۷؍بجے تک اس کی تمام چار مضافاتی راہداریوں پر ٹرین سروس معمول کے مطابق جاری تھی، تاہم مین لائن پر۶؍ سے۸؍ منٹ جبکہ ہاربر لائن پر معمولی تاخیر دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’شہری انتظامیہ کی لاپروائیوں کے سبب ہر سال بارش میں شہری خطرات کیوں مول لیں‘‘

شدید بارش اور گھاٹ سیکشن میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ممبئی اور پونے کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی۔ سینٹرل ریلوے کے مطابق، ۱۶؍ ٹرینیں منسوخ جبکہ ۹؍کا راستہ تبدیل کر دیا گیا۔ پیر کو مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے بتایا کہ کرجات، لوناولہ اور بھور گھاٹ کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارش کے باعث ممبئی-پونے ایکسپریس وے اور پرانی ممبئی-پونے شاہراہ دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ اتھاریٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ آئندہ ہدایات جاری ہونے تک پونے اور ممبئی کے درمیان سفر کرنے سے گریز کریں۔ اتوارکو ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے شہریوں سے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور تیز ہواؤں اور درخت گرنے کے خدشات کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK