Inquilab Logo

جیسنڈا کا انتخابات میں دوبارہ حصہ نہ لینے کا اعلان

Updated: January 20, 2023, 12:03 PM IST | Washington

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن اگلے ماہ استعفیٰ دے دیں گی، اُن کاکہنا ہے ،وزیر اعظم بننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تھا لیکن اب مجھ میں اتنی توانائی باقی نہیں ہے کہ میں وزیر اعظم کے عہدے کے ساتھ انصاف کرسکوں۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے   آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے  نیز فروری میں  وزیر اعظم اور لیبر پارٹی کی سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ د ینے کا اعلان کیا ہے۔  انہوں نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں  اچانک یہ غیرمتوقع اعلان کیا  اور آبدیدہ ہوگئیں ۔
   میڈیارپورٹس کے مطابق  جمعر ات کو جیسنڈا آرڈن نے ایک جذباتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہا، ’’ساڑھے ۵؍ سال اعلیٰ قیادت کے کردار میں رہنے کے بعد میں نے ایک اور مدت کیلئے انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم بننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے لیکن اب مجھ میں اتنی توانائی باقی نہیںہے کہ میں  وزیر اعظم کے عہدے کے ساتھ انصاف کرسکوں ۔‘‘
   ان کا مزید کہنا تھا ،’’ میں ایک انسان ہوں، سیاستداں بھی انسان ہوتے ہیں، جب تک ہم کچھ کرسکتے ہیں تو ہم اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیتے ہیں، پھر ایک ایسا وقت آتا ہے جب آپ کو ان سب سے الگ ہونا پڑتا ہے، میرے لئے یہ ایک بہترین وقت ہے۔‘‘
  نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے  اپنے خطاب میں یہ بھی کہا ، ’’میں نے موسم گرما کے وقفے کے دوران اس بات پر غور کیا تھا کہ کیا اب  میرے  پاس وزیر اعظم کا منصب جاری رکھنے کی توانائی موجود ہے ؟ طویل غوروخوض کے بعد میںاس نتیجے پر پہنچی ہوں  کہ اب  ایسا نہیں  ہوسکتا ہے ۔‘‘
  اس دوران جیسنڈا آرڈرن کا یہ بھی کہنا تھا،’’ اب  میرا وقت  ہو چکا ہے۔ میرے استعفیٰ کی وجہ کوئی خفیہ اسکینڈل نہیں ہے ، میں اس لئے جا رہی ہوں،کیونکہ اب میرے پاس کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔میری زندگی کے یہ ساڑھے ۵؍ برس سب سے تسلی بخش رہے ہیں۔‘‘
 ان کا مزید کہنا تھا، ’’ ملکی قیادت کیلئے یہ سب سے  مراعات یافتہ ملازمت  ہے جس سے ایک بڑی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے، کیونکہ یہ جاننا بھی ایک بڑی ذمہ داری ہے کہ آپ قیادت کیلئے کب تک موزوں ہیں؟اور یہ بھی کہ کب آپ اس لائق نہیں ہیں؟‘‘ 
 آرڈرن نے یہ بھی کہا،’’میں تو الیکشن نہیں لڑوں گی لیکن میں  اس سے بخوبی واقف   ہوں کہ نیوزی لینڈ کے عوام کو سب سے زیادہ پریشان کرنے والے مسائل رواں برس الیکشن تک حکومت کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔‘‘
 اس موقع پر وزیر اعظم جیسنڈا نے  یہ بھی اعلان کیا کہ عام انتخابات ۱۴؍ اکتوبر کو ہوں گے۔  جیسنڈا  آرڈن کی مدت بطور وزیر اعظم ۷؍ فروری کو ختم ہورہی ہے۔ 
  ایک سرکاری بیان کے مطابق   نئے  لیڈر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ۳؍ دن کے اندر کرائی جائے گی۔ اسی دوران جیسنڈا آرڈرن نے وزارت عظمیٰ سے دستبردار ہونے کے  اعلان  کے بعد شادی کرنے کا فیصلہ کیا ۔
  انہوں نے اپنی  طویل فیس بک میں  لکھا ،’’ میں نیوزی لینڈ کیلئے کام کرتی رہوں گی لیکن اب میں اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ  وقت گزارنا چاہتی ہوں۔ میری فیملی ہی ہے جس نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔  رواں سال میری بیٹی کا اسکول شروع ہونے والا ہے اور اب میں اس کے ساتھ ہوں گی۔‘‘واضح رہے کہ جیسنڈا نے مئی۲۰۱۹ء میں ریڈیو سے وابستہ کلارک نامی شخص سے منگنی کی تھی، اُن کی ایک بیٹی بھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK