Inquilab Logo

کپل پاٹل کی جن آشیرواد یاترا میں کوروناضوابط کی خلاف ورزی کا معاملہ درج

Updated: August 19, 2021, 8:47 AM IST | ajaz abdulgani | mumbai

کلیان کے کولسے واڑی ، مہاتماپھلے اور کھڑک پاڑہ پولیس اسٹیشنوں جبکہ ڈومبیولی کے مان پاڑہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کئے گئے ،بڑ ی تعداد میں شرکاء کے ماسک نہ پہننے اور افرادی دوری کا خیال نہ رکھنے پر کارروائی کی گئی

A scene from the Jan Ashirwad Yatra of Union Minister of State for Panchayati Raj Kapil Patil.Picture:Inquilab
مرکزی وزیر مملکت برائے پنچایتی راج کپل پاٹل کی جن آشیرواد یاترا کا ایک منظر ۔(تصویر،انقلاب)

نہ اجازت،نہ ماسک،نہ کوئی سماجی فاصلہ۔ کورونا بحران کے دوران ایسی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ مرکزی وزیر مملکت کپل پاٹل کی جن آشیرواد یاترا کے موقع پر کیا گیا۔اس معاملہ میں کلیان اور ڈومبیولی کے  پولیس اسٹیشنوں میں منتظمین کے خلاف  آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرایا  گیا ہے۔مہاراشٹر سے مرکزی وزیر کی لاٹری لگنے کے بعد پورے تھانے ضلع میں وزیر مملکت کپل پاٹل کی جن آشیرواد یاترا نکالی جارہی ہے۔ بدھ کو کلیان کے درگاڑی چوک سے جن آشیرواد یاترا کا آغاز ہوا۔اس موقع پر بی جے پی کے سیکڑوں افرادنے کورونا کے اصول وضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے کپل پاٹل کا استقبال کیا۔کارکنان نے بلند آواز میں ساونڈ سسٹم  لگا کر ثقافتی  تقریب کا انعقاد بھی کیا ۔ اس موقع پر بیشتر افراد نے ماسک  بھی  نہیں پہنا  تھا۔وہیں شہر کے مختلف چوراہوں پر بھی بی جے پی کے کارکنان اور عہدیداروں نے اکٹھا ہوکر کورونا اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت کا استقبال کیا۔
 مقامی پولیس اسٹیشن نےمنتظمین کوجن آشیرواد یاترا نکالنے کی اجازت نہیں دی تھی اس کے باوجود سیکڑوں افراد کو جمع کرکے  یاترا نکالنے کی پاداش میں کلیان کے کولسے واڑی پولیس اسٹیشن، مہاتماپھلے پولیس اسٹیشن، کھڑک پاڑہ پولیس اسٹیشن  اور ڈومبیولی کے مان پاڑہ پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا۔ادھر کوپری  پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یاترا کی تقریبات میںسے ایک تقریب کیلئےبنائے گئے اسٹیج پربی جے پی کے کارکنان بڑی تعداد میںموجود تھے اور ان میں سے بہت سوں نے ماسک بھی نہیںپہنا ہوا تھا۔اس پر منتظمین  کے خلاف کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کا کیس درج کیاگیا ہے۔ 
 اس ضمن میں نمائندہ انقلاب نے اے سی پی انل پوار  سے استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ تھانے پولیس کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم امتناعی اور کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر کے جاری کردہ کورونا قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر بی جے پی کے عہدیداران کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں کیس درج کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ مرکزی کابینہ میںشامل کئے گئے مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے وزراء بھارتی پوار ، کپل پاٹل اوربھاگوت کر اڈ عوامی رابطےکیلئے ریاست میںبھر میں جن آشیرواد یاترا نکال رہے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK