Inquilab Logo

نالوں کی صفائی کیلئے ایک ماہ کی مدت جبکہ ۴۲؍ فیصد کام باقی!

Updated: April 29, 2024, 12:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

۱۸؍ مارچ سے ۲۶؍ اپریل تک ۵۸؍ فیصد صفائی ہی کی گئی ۔ میٹھی ندی کی صفائی کا ٹھیکہ حاصل کرنے کیلئے جعلی دستاویز دینے والے کانٹریکٹر کیخلاف کیس درج۔

A drain in Dharavi is being cleaned. Photo: Inqlab, Satij Shinde
دھاراوی کے ایک نالے کی صفائی کی جا رہی ہے۔ تصویر:انقلاب، ستیج شندے

برسات کے موسم کی آمد سے قبل ہر سال شہر و مضافات میں واقع نالوں کی صفائی کی جاتی ہے تاکہ زیادہ بارش ہونے کی صورت میں  سڑکوں پر سیلابی صورت حال پیدا نہ ہو۔ اس سال نالوں کی صفائی کا کام تاخیر سے، ۱۸؍ مارچ، شروع ہوا ہے اور اب تک نالوں کی صفائی ۵۸؍ فیصد ہی مکمل ہوئی ہے۔ اس دوران میٹھی ندی کی صفائی کا ٹھیکہ حاصل کرنے کیلئے ٹینڈر کے ساتھ جعلی دستاویز دینے کے الزام میں ایک کانٹریکٹر کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ 
 یاد رہے کہ گزشتہ برس نالوں کی صفائی ۶؍ مارچ سے شروع ہوکر ۳۱؍ مئی کو مکمل ہوگئی تھی لیکن اس سال یہ کام ۱۸؍ مارچ سے شروع ہوا ہے اور اب بھی ۳۱؍ مئی تک تقریباً ۲۱ء۱۰؍ میٹرک ٹن کچرا مختلف نالوں سے نکالنا باقی ہے۔ اس سال نالوں کی صفائی کیلئے ۳۱؍ کانٹریکٹروں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے جنہیں شہری انتظامیہ اس کام کیلئے کُل ۲۴۹ء۲۷؍ کروڑ روپے ادا کرے گا۔ 
 ایک اندازے کے مطابق شہری علاقوں میں واقع نالوں سے ۳۰؍ ہزار ۹۳۹ء۹۴؍ میٹرک ٹن کچرا نکالنے کا منصوبہ ہے جس میں سے۱۴؍ہزار میٹرک ٹن کچرا نکالا جاچکا ہے۔ 
 مشرقی مضافات کے نالوں سے ایک لاکھ ۲۳؍ ہزار ۵۵۳ء۰۵؍ میٹرک ٹن کچرا نکالنے کا ہدف ہے جس میں سے ۷۶؍ ہزار ۶۹۷ء۴۴؍ میٹرک ٹن کچرا نکالا جاچکا ہے۔ 
 اسی طرح مغربی مضافات سے ۲؍ لاکھ ۳۵؍ ہزار ۰۲۰ء۹۴؍ میٹرک ٹن کچرا نکالے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور اس میں سے ایک لاکھ ۱۶؍ ہزار ۸۰۲ء۶۲؍ میٹرک ٹن کچرا نکالا جا چکا ہے۔ 
  اسی طرح میٹھی ندی کی صفائی سے ۲؍ لاکھ ۱۶؍ہزار ۱۷۴ء۶۹؍ میٹرک ٹن کچرا نکلنے کا امکان ہے اور اس میں سے ایک لاکھ ۵۸؍ ہزار ۸۳۰ء۵۷؍ ٹن کچرا نکالا جاچکا ہے۔ 
 واضح رہے کہ شہر کے نالوں میں کتنا کچرا پڑا ہے بی ایم سی کو اس کی کوئی حتمی مقدار پتہ نہیں ہوتی۔ ہر سال کچرا نکالنے کے تجربہ کی بنیاد پر نالوں کی صفائی سے نکلنے والے کچرے کی مقدار اندازے سے طے کی جاتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: صفائی ملازمین کی مستقل ملازمت اور بازآبادکاری کی تفصیلات طلب

میٹھی ندی صفائی کیلئے فرضی دستاویز
 کانجور مارگ پولیس نے مین ڈیپ انٹرپرائزیز کے خلاف ۲۴۔ ۲۰۲۳ء کے دوران میٹھی ندی کی صفائی کا ۸۷؍ کروڑ روپے کا ٹھیکہ حاصل کرنے کیلئے فرضی دستاویز جمع کرنے کا کیس درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ کمپنی نے ٹینڈر کے ساتھ مبینہ طور پر کچھ دستاویز بی ایم سی کے پاس جمع کرائے تھے جن سے معلوم ہوتا تھا کہ یہ کانٹریکٹر نیدر لینڈس میں واقع ایک کمپنی کا ہندوستان میں آفیشیئل ایجنٹ ہے۔ 
 تاہم ایڈوکیٹ پرتھمیش چھاجید نے آر ٹی آئی کے تحت مذکورہ دستاویز حاصل کرنے کے بعد بی ایم سی میں شکایت کی کہ ٹینڈر کے ساتھ دیئے گئے چند دستاویز جعلی ہیں۔ اس پر شہری انتظامیہ نے نیدر لینڈس کی کمپنی کو ای میل لکھ کر اس بات کی تصدیق چاہی تو اس غیر ملکی کمپنی نے ہند وستانی کمپنی کے دعوے کو خارج کردیا۔ 
 غیرملکی کمپنی کے جواب کی بنیاد پر بی ایم سی نے مین ڈیپ انٹرپرائزیز سے جواب طلب کیا لیکن اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر میٹھی ندی کی صفائی کے ذمہ دار افسر نے اکتوبر ۲۰۲۳ء میں ہی اس ٹھیکیدار کے خلاف پولیس میں تحریری شکایت کی تھی لیکن اب جاکر اس کے خلاف باقاعدہ کیس درج کیا گیا ہے۔ 
  واضح رہے کہ ممبئی و مضافات میں ۳۰۹؍ بڑے اور ایک ہزار ۵۰۸؍ چھوٹے نالے ہیں۔ سڑکوں کے کنارے ایک ہزار ۳۸۰؍ گٹریں ہیں۔ جبکہ برسات میں ۵؍ مختلف ندیوں کا پانی شہر سے گزرتے ہوئے سمندر میں جاتا ہے۔  شہر کے چھوٹے اور ہائی وے سے متصل نالوں سے کُل ۶۳؍ہزار ۵۳۳؍ میٹرک ٹن کچرا نکالنے کا ہدف طے ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK