Inquilab Logo Happiest Places to Work

صفائی کی فیس اور گندگی کا جرمانہ دوگنا سے زیادہ بڑھانے کامسودہ تیار

Updated: April 03, 2025, 10:53 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بی ایم سی نے اپنی ویب سائٹ پر تفصیلات فراہم کیں۔ ۳۱؍ مئی تک عوام کو تجاویز اور اعتراضات بھیجنے کی اجازت

Brihanmumbai Municipal Corporation building.
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔

’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن‘ نے ممبئی میں گھروں، ہائوسنگ سوسائٹیوں اور تجارتی اداروں سے کچرا اٹھا کر ڈمپنگ گرائونڈ تک لے جانے کی فیس میں اور راستوں اور عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر عائد کئے جانے والے جرمانہ کی رقم کو دوگنا سے بھی زیادہ بڑھانے کا اعلان کیا تھا لیکن منگل کو اس تجویز کا مسودہ بی ایم سی کی ویب سائٹ پر فراہم کردیا گیا ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق ۳۱؍ مئی تک ان تجاویز پر اعتراضات اور تجاویز قبول کی جائیں گی۔
 عوامی مقامات پر گندگی پھلانے پر اب تک ۲۰۰؍ روپے تک جرمانہ وصول کیا جاتا تھا لیکن اب ۵۰۰؍ روپے وصول کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جو لوگ جانور پالتے ہیں اگر ان کے جانور عوامی مقامات پر گندی کردیتے ہیں اور ان کے مالک اسے صاف نہیں کرتے تو ان سے ۵۰۰؍ روپے کے بجائے ۱۰۰۰؍ روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ اسی طرح سڑک کنارے یا کسی بھی عوامی مقام پر تھوکنے، کچرا اور گندگی پھینکنے، نہانے یا رفع حاجت کرنے والوں یا راستوں پر گاڑی دھونے والوں سے ۵۰۰؍ روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
 تعمیراتی پروجیکٹ سے نکلنے والا کچرا یعنی ملبہ وغیرہ سڑک پر ڈالنے والوں پر ۲۰؍ ہزار روپےجرمانہ عائد جائے گا۔
 ’بی ایم سی ویٹنگ آف میونسپل سالڈ ویسٹ (مینجمنٹ اینڈ ہینڈلنگ) کلینلینیس اینڈ سینی ٹائزیشن بائی لاس ۲۰۲۵ء‘ کے عنوان سے ۶۴؍ صفحات پر مشتمل مسودہ ویب سائٹ پر ڈالا گیا ہے۔
  اس کے مطابق ۵۰؍ مربع میٹر(بلٹ اَپ ایریا) کے مکانات سے ماہانہ ۱۰۰؍ روپے، ۵۰؍ مربع میٹر سے زائد اور ۳۰۰؍ مربع میٹر تک کے مکانات سے ماہانہ ۵۰۰؍ روپے، ۳۰۰؍ مربع میٹر سے زیادہ وسیع گھروں سے ماہانہ ایک ہزار روپے، تجارتی دفاتر، سرکاری دفاتر، بینک انشورنس آفیسیز، کوچنگ کلاسس اور تعلیمی اداروں وغیرہ سے ۷۵۰؍ روپے، مختلف قسم کے تجارتی اداروں، دکانوں، کھانے کی جگہوں (ڈھابہ، مٹھائی کی دکانوں، کافی ہائوس وغیرہ) سے ۱۰۰؍ روپے یا ۵۰۰؍ روپے، بغیر ستارہ کے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ سے ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے اور ۳؍ ستارہ تک ہوٹلوں سے ۲۵۰۰؍ روپے جبکہ ۳؍ سے زیادہ ستاروں والے ہوٹلوں سے ساڑھے ۷؍ ہزار روپے وصول کئے جائیں گے۔ بی ایم سی نے شادی کے ہال، ڈاکٹروں کے کلینک جیسی جگہوں کی فہرست اور ان سے لی جانے والی رقم کی تفصیل بھی فراہم کی ہے۔
 بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق اس سے قبل  ۲۰۰۶ء میں جرمانہ کی رقم اور کچرا جمع کرنے کی فیس وغیر طے کی گئی تھی اور ۱۹؍ برسوں بعد اب اس میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس افسر کے مطابق ۲۰۰۶ء میں جو مسودہ تیار کیا گیا تھا اس میں صرف کچرا صفائی کی فیس پر توجہ دی گئی تھی لیکن ۲۰۲۵ء کے مسودہ میں اس بات پر بھی توجہ دی گئی ہے کہ کس طرح کچرا کم پیدا ہو؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK