• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پاسپورٹ کی طرز پر میونسپل لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کا منصوبہ

Updated: August 31, 2023, 10:01 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ایڈیشنل میونسپل کمشنر سدھاکر شندے کا اعلان ،کاروباریوں کے مسائل دورکرنے کی بھی یقین دہانی کرائی

The scene of the meeting held at the head office of the municipal corporation.
میونسپل کارپوریشن کے صدردفترمیں منعقدہ میٹنگ کا منظر۔(تصویر: انقلاب)

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی )کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ محکمہ پاسپورٹ اور انکم ٹیکس کی طرز پر شہری انتظامیہ کے لائسنس جاری کرنے کے عمل کوبھی آسان اور تیز کیا جائےگا۔ لائسنس کے عمل کو آسان بنانے کیلئے بی ایم سی نےتشکیل کردہ کمیٹی کے اراکین اور ممبئی میں مختلف پیشہ ورانہ تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان  بی ایم سی کے صدر دفتر میں منگل کو میٹنگ منعقد کی گئی   جس میں میونسپل لائسنس کے حصول کیلئے درپیش پریشانیوں اور اسے مزید آسان بنانے پر غور و خوض کیاگیا۔اسی موقع پر ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر سدھاکر شندے نے یہ یقین دہانی کرائی ۔
 ایڈیشنل کمشنرسدھاکرشندے نے بتایا کہ شہری انتظامیہ  اجازت نامے (لائسنس )کے اجراء کے عمل کو آسان بنانے کے لئےکوشاں ہے۔ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کوحکومت کے محکمہ پاسپورٹ اور محکمہ انکم ٹیکس کی طرز پر آسان اور تیز رفتار طریقہ کار کونافذ کیا جائے گا۔مختلف پیشہ ورانہ تنظیموںکے نمائندوں سے موصول ہونے  والی تجاویز پر غور کرتے ہوئے لائسنس کے اجراء کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا جائے گا۔
 لائسنس کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے شہریوں اور پیشہ ور افراد سے تجاویز طلب کی گئیں۔  یہ میٹنگ ان تجاویز کے ساتھ ساتھ ان کی مختلف مشکلات کو سمجھنے کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ بی ایم سی کی جانب سے شہریوں اور تاجروں کو ان کے مختلف قسم کے کاروبار اور مقاصد کیلئے لائسنس جاری کئے جاتے ہیں۔ لائسنس حاصل کرنے میں ہونے والی دشواریوں کو معلوم کرنے کیلئے  ایڈیشنل میونسپل کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی میونسپل کمشنر وشواس شنکروار کی صدارت میں گزشتہ ماہ لائسنسنگ ریفارم کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK