ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی ۱۸؍ ویں برسی کے موقع پر کیو آر ٹی ، این ایس جی اور دیگر فورس کے جوانوں کی دہشت گردوں سے نمٹنے کی مشقیں۔ مصنوعی ذہانت، ساحل کی حفاظت ، جدید ہتھیار، تیز رفتار گاڑیاں اور خصوصی پولیس یونٹس قائم کئے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 11:53 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی ۱۸؍ ویں برسی کے موقع پر کیو آر ٹی ، این ایس جی اور دیگر فورس کے جوانوں کی دہشت گردوں سے نمٹنے کی مشقیں۔ مصنوعی ذہانت، ساحل کی حفاظت ، جدید ہتھیار، تیز رفتار گاڑیاں اور خصوصی پولیس یونٹس قائم کئے جائیں گے۔
۲۶؍ نومبر ۲۰۲۶ءکو ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی ۱۸؍ ویں برسی جمعرات (آج) منائی جائے گی ۔ اس موقع پر جہاں ۱۰؍ دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے ۱۶؍ پولیس افسران ، اہلکاروں اور این ایس جی جوان کو ممبئی پولیس ہیڈکوارٹرز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا وہیں ممبئی کو دہشت گردانہ حملوں سے بچانے اور شہر میں مجرمانہ سرگرمیوں سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئےمرکزی اور ریاستی حکومت ممبئی اور مہاراشٹر پولیس کو نہ صرف جدید ٹیکنالوجی اور جدید اسلحہ سے لیس کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے بلکہ اس سلسلہ میں ممبئی کے الگ الگ علاقوں میں کوئک رسپانس ٹیم ( کیو آر ٹی ) ،این ایس جی کمانڈوز اور دیگر فورس کے جوانوں کی دہشت گردوں سے نمٹنے کی مشقیں بھی جاری ہیں۔ گزشتہ دنوں ۱۸؍ ویں برسی کی مناسبت سے شہر کے کئی اہم اور حساس علاقوں میں مشقیں کی گئیں۔
پولیس فورس کو مزید مستحکم کرنے کا منصوبہ
۱۸؍ ویں برسی کے موقع پر ممبئی پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’’۱۸؍ سال بعد صورت حال یہ ہے کہ اب کسی بھی دہشت گردانہ اور مجرمانہ سر گرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید اسلحہ ، جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ اب خطرات صرف سمندری راستوں یا روایتی ہتھیاروں تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ زمانہ مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) ، ڈرون اور سائبر حملوں کا ہے ۔ اس لئے یکے بعد دیگرے جہاں ممبئی اور مہاراشٹر پولیس کو جدید ہتھیاروں اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے وہیں امسال دہشت گردانہ حملوں کی برسی کی مناسبت سے مرکزی اور ریاستی حکومت نےپولیس کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ڈورن ، مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ، جدید سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر جدید آلات سےلیس کرنے کے مقصد سے مرکزی اور ریاستی حکومت نے ۷۳۳؍ کروڑ روپے منظور کئےہیں۔
اے آئی، سی سی ٹی وی کیمرہ اور ڈرون کا استعمال
ممبئی پولیس کے سینئر افسرکےبقول صرف دہشت گردانہ سرگرمیوں سےشہریوں کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے مذکورہ منصوبہ ترتیب نہیں دیا گیا ہے بلکہ سائبر ، ڈرون اور اے آئی کےذریعہ مجرمانہ سرگرمیوں کو انجام دینے والوں پر قابو پانے کیلئے مذکورہ رقم مختص کی گئی ہے ۔اس منصوبہ کے تحت جدید اے آئی کیمرے شہر کے اہم اور نجی اداروں میں لگائے جائیں گے اور اسے پولیس کے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرسے جوڑا جائے گا تا کہ کسی بھی مشتبہ شخص کی فوراً شناخت ہوسکے یا کسی بھی مجرمانہ کارروائی کو انجام دینے سے پہلے روکا جاسکے۔ اسی طرح ساحلی اور شہر کے حساس علاقوں کی حفاظت اور نگرانی کے لئے ممبئی پولیس کے خصوصی دستوں کو پیٹرولنگ کیلئے جہاں مزید جدید اسپیڈ بوٹ فراہم کی جائیں گی وہیں جدید ڈرون بھی فراہم کیا جائے گا جس کے لئے ایک ہزار ۵؍ سو کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیںساتھ ہی پولیس کی ایک ڈرون یونٹ بنائی جائے گی جو شہر میں ہونے والی دہشت گردانہ یا مجرمانہ سرگرمیوں پر نظر رکھے گی۔
ممبئی میں پولیس کی مشقیں
مذکورہ سینئر افسر نے یہ بھی بتایا کہ ’’ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی برسی کی مناسبت سے گزشتہ کئی دنوں سے فورس ون ، کیو آر ٹی اور این ایس جی کمانڈوز سرکاری اور غیر سرکاری حساس اسٹیبلشمنٹ میں دہشت گردوں کے حملہ آور ہونے اور ان سے کس طرح جدید آلات سے لیس ہو کر نمٹا جاسکتا ہے،کی مسلسل مشق بھی کر رہے ہیں۔ اس مشق کے دوران جہاں جدید ہتھیاروں، آلات اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا وہیں دہشت گردوں کے ذریعہ شہریوں کویرغمال بنائے جانے پر کس طرح حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں آزاد کرایا جاسکتا ہے، اس کی بھی مشقیں کی گئیں۔