• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غذائی سمّیت کے واقعات کے بعد میونسپل کارپوریشن حرکت میں، شہر بھر میں خصوصی مہم کا حکم

Updated: November 26, 2026, 12:23 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شام ۶؍ بجےسے رات۱۰؍ بجے کے دوران دکانوں کی روزانہ جانچ ہوگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

شہر میں کھانے پینے کی اشیاء کے استعمال سے غذائی سمیت (فوڈ پوائزننگ) کے واقعات کے بعد شہری انتظامیہ حرکت میں آگیا ہے۔ شہریوں کی صحت اور ان کی حفاظت کو پیش نظر   میونسپل کمشنر انمول ساگر نے شہر کے تمام وارڈوں میں خصوصی جانچ مہم چلانے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے تحت روزانہ شام۶؍ بجے سے رات۱۰؍ بجے تک سڑکوں اور عوامی مقامات پر   کھانے پینے کے اسٹالوں، ہاتھ گاڑیوں اور چکن، مٹن  اور مچھلی کی دکانوں کی جانچ کی جائے گی۔ یہ مہم اگلے حکم تک جاری رہے گی۔

میونسپل کمشنرانمول ساگر کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں متعدد مقامات پر ضروری اجازت ناموں کے بغیر کھانے پینے کے اسٹال اور گوشت کی دکانیں چلائی جارہی ہیں۔ کئی جگہوں پر غذائی اشیاء کھلے عام فروخت کی جاتی ہیں اور صاف صفائی کے مناسب انتظامات بھی نہیں ہوتے۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کا تجارتی استعمال اور غیر محفوظ گیس کنکشن بھی شہریوں کی صحت اور سلامتی کیلئے خطرہ بن رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:من مانا اور اضافی کرایہ لینے والے رکشا والوں پر کلیان آر ٹی او کی کارروائی

خصوصی مہم کے دوران وڑا پاؤ، پانی پوری، چائنیز، شورما، کباب، بریانی، فاسٹ فوڈ اور چائے   ناشتے کے اسٹالوں کی جانچ ہوگی۔ خاص طور پر چکن اور مٹن کی دکانوں میں کھلے عام گوشت رکھنے، گندے طریقے سے اسے کاٹنے اور محفوظ کرنے نیز خون اور دیگر فضلے سڑکوں پر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکم نامے میں یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ گوشت کی دکانوں کیلئے پہلے بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں  لیکن ان پر موثر عمل درآمد نہ ہونے کے سبب مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں۔

شہری انتظامیہ کو سڑکوں، فٹ پاتھوں اور چوراہوں سے غیر قانونی اسٹال اور تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم اس کارروائی میں ہاکرس سے متعلق قانون اور مقررہ طریقۂ کار کی پابندی لازمی ہوگی۔ عوامی مقامات پر کوڑاکرکٹ اور گندہ پانی پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ گھریلو گیس سلنڈر کے تجارتی استعمال اور غیر محفوظ گیس کنکشن کے خلاف فائر بریگیڈ اور متعلقہ گیس ایجنسیوں کے تعاون سے قانونی کارروائی ہوگی۔

ڈپٹی میونسپل کمشنر بال کرشن شیر ساگر نے بتایا کہ اس مہم میں تجاوزات، صحت و صفائی، فائر بریگیڈ، مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) اور مارکیٹ اینڈ لائسنسنگ  ڈپارٹمنٹ کے افسران مشترکہ طور پر حصہ لیں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر پولیس کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ تمام وارڈ افسران کو روزانہ کی کارروائی اور ہٹائی گئی تجاوزات کی تصاویر سمیت رپورٹ اگلے دن صبح ۱۱؍ بجے تک میونسپل کمشنر دفتر میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر نے واضح کیا ہے کہ اس مہم میں لاپروائی یا تاخیر کرنے والے افسران کی جواب دہی طے کی جائے گی۔ آئندہ گندگی غذائی اشیاء کے سبب فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آنے پر متعلقہ محکمہ  کے سربراہ کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK