Inquilab Logo

کورونا بحران پر وزیر اعظم کے نام خطوط کا سلسلہ دراز

Updated: May 10, 2021, 2:10 PM IST | Agency | New Delhi/Kolkata

سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے بعد سینئر کانگریس لیڈرملک ارجن کھڑگے نے بھی وزیراعظم کو خط لکھ کر آل پارٹی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا،مرکزی بجٹ میں ۳۵؍ ہزار کروڑ کی رقم سے سبھی شہریوں کو ٹیکہ لگانے تجویز دی ، ممتا بنرجی نے کورونا سے مقابلے کیلئے ریاست کے بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط کرنے کیلئےتعاون مانگا

Sonia Gandhi.Picture:INN
سونیا گاندھی۔تصویر :آئی این این

کانگریس  صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی کے بعد اب پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر  ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کورونا بحران سے نمٹنے کے لئے ایک آل جماعتی میٹنگ بلانے  کا مطالبہ کیا  ہے۔ کھڑگے نے اتوار کے روز وزیر اعظم کے ساتھ نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو کو بھی خط لکھا اور کورونا پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرنےکی درخواست کی ہے اور وباکے بحران سے نمٹنے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔
 وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں تجاویز پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لئے سب سے پہلے ایک کل جماعتی میٹنگ طلب کی جانی چاہئے اور  مرکزی بجٹ  میں جو۳۵؍ ہزار کروڑ روپئے کا فنڈ الاٹ کیا گیا ہے اس کا استعمال کرتے ہوئے سبھی شہریوں کو ٹیکہ لگانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کا پروڈکشن  بڑھانے کے لئے لازمی لائسنس انتظام سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے اور  ویکسین ، پی پی ای ، ایمبولینس ، وینٹی لیٹرز ، آکسیجن اور سینی ٹائزر کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ کیا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی ، کورونا سے لڑائی   میں استعمال ہونے والے  آلات اور دیگر سبھی اشیاء کی فوری فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
    راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر نے چیئرمین کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے  اسٹینڈنگ کمیٹی کی ورچوئل میٹنگ  طلب کرنے اور صحت اور خاندانی بہبود سے متعلق قائمہ کمیٹی کی۱۲۳؍ ویں رپورٹ کو نوٹس میں لینے کی درخواست  کی ہے جس میں وبا سے نمٹنے کے لئے متعدد اقدامات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ  ان تجاویز کو عملی جامہ پہناکر وبا سے نمٹا جاسکتا ہے۔
ممتا کا مودی کو خط
  مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کے روز وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کووڈ۱۹؍کے خلاف جنگ کیلئے ریاست میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے مدد مانگی ہے۔ ممتا  بنرجی نے  مودی سے آکسیجن کنسنٹریٹر، سلنڈر اور کووڈسے متعلق دواؤں پر لگنے والے اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)، کسٹم ڈیوٹی کو معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 وزیراعلیٰ نے لکھاکہ’’ملک میں اور عام طور پر مغربی بنگال میں کووِڈ کے کیس میں اچانک ہوئے اضافے کے سبب آپ کو بنیادی ڈھانچے، آلات، میڈیکل اور آکسیجن سمیت ایک طبی نظام کی سہولتیںبڑھانے پر ایک اہم مسئلے کے بارے میں لکھ رہی ہوں۔‘‘ 
 انہوں نے خط میں کہاکہ’’ہم نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور مختلف ذرائع سے وسائل کو سمت دینے کیلئے تمام کوششیں کر رہے ہیں جن میں کووڈ کے علاج کے لیے زندگی بخش دواؤں اور آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔‘‘انہوں نے کہاکہ’’بڑی تعداد میں تنظیمیں اور نجی ایجنسیاں آکسیجن کنسنٹریٹر، سلنڈر، کرایوجینک اسٹوریج ٹینک، ٹینکر، ٹینک کنٹینر اور کووڈ سے متعلق دواؤں کا عطیہ کرنے آگے آئی ہیں۔ ڈیمانڈ اور سپلائی کے بڑے فرق کو پورا کرنے میں ریاستی حکومت کی کوششوں کے علاوہ ان تنظیموں کے عطیات ضمنی ہوں گے۔‘‘ممتا بنرجی نے کہا کہ کئی عطیہ کنندگان اور ایجنسیوں نے کسٹم ڈیوٹی/ایس جی ایس ٹی/آئی جی ایس ٹی چھوٹ پر غور و خوض کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کے دائرے میں آتا ہے، میں درخواست کروں گی کہ ان اشیاء کو جی ایس ٹی/ کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ایسے ٹیکس سے چھوٹ دی جائے۔ اس سے زندگی بخش دواؤں اور آلات کی سپلائی میں آنے والی رکاوٹیں دور ہو سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ’’میں اس اہم معاملے میں آپ کے غور و خوض اور تعاون کے لیے تیار ہوں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK