Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایل پی جی قلت کیخلاف اپوزیشن کا زبردست احتجاج

Updated: March 13, 2026, 10:56 AM IST | New Delhi

راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی قیادت میں پارلیمنٹ کے احاطے میں مظاہرہ، ہاتھوں میں سلنڈر کے پوسٹر لے کر نعرے لگائے گئے، کئی اپوزیشن لیڈروں کی شرکت۔

During the protest held in the Parliament premises, various members of the opposition parties led by Rahul Gandhi and Mallikarjun Kharge staged a strong protest. (Photos: PTI)
پارلیمنٹ کے احاطے میں کئے گئے احتجاج کے دوران اپوزیشن پارٹیوں کے مختلف اراکین نے راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی قیادت میں زبردست احتجاج کیا۔(تصاویر: پی ٹی آئی )

ملک میں ایل پی جی کی قلت کے مسئلے کو لے کر اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے احاطے میں احتجاج کیا اور حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس احتجاج میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی سمیت کئی اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے۔مظاہرے کے دوران اراکین پارلیمنٹ نے علامتی انداز میں سڑک پر گیس سلنڈر رکھ کر احتجاج کیا۔ کچھ خواتین اراکین، جن میں پرینکا گاندھی بھی شامل ہیں،  زمین پر بیٹھ گئیں اور اینٹوں کی مدد سے عارضی چولہا بنا کر اس بات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی کہ ایل پی جی کی قلت سے عام گھریلو زندگی کس طرح متاثر ہو رہی ہے۔احتجاج کے مقام پر سرخ رنگ کے سلنڈروں کے ماڈل بھی رکھے گئے تھے، جبکہ کئی مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر موجود تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ایک بڑے بینر پر ہندی میں لکھا تھا کہ ’’نریندر بھی غائب، سلنڈر بھی غائب۔‘‘ مظاہرین نے اس دوران نعرے بازی بھی کی جن میں ’نام نریندر، کام سرینڈر‘ اور ’مودی جی سدن میں آئیں‘ جیسے نعرے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھئے: کیلے کے باغات لگائےبغیر بیمہ کروالیا گیا، کروڑوں کے غبن کی کوشش

اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں گیس سلنڈر کے  لئے لوگوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے اور حکومت اس مسئلے پر سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔ اس احتجاج میں کئی اپوزیشن لیڈران بھی شامل ہوئے۔کانگریس نے اپنی ایکس پوسٹ میں بھی اس احتجاج کی تصاویر شیئر کی ہیں ۔ پارٹی نے  الزام لگایا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے باعث ملک بھر میں ایل پی جی کی قلت پیدا ہو گئی ہے جس سے لاکھوں گھرانے متاثر ہو رہے ہیں۔ پارٹی کے مطابق حکومت نے اس بحران کا اندازہ لگانے میں ناکامی دکھائی اور انتظامی سطح پر بھی مناسب تیاری نہیں کی، جس کے نتیجے میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کانگریس نے یہ بھی کہا کہ حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ لوگ گیس سلنڈر حاصل کرنے کے لیے طویل قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔ حکومت نے عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے اور مسئلے کے حل کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

یہ بھی پڑھئے: فاروق عبداللہ پر جان لیوا حملہ، راجیہ سبھا میں ملکارجن کھرگے نے معاملہ اٹھایا

اس موقع پر راہل گاندھی نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ملک سے کہہ رہے ہیں کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ خود وزیر اعظم گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اڈانی کیس اور ایپسٹین فائلز کی وجہ سے دباؤ میں ہیں اور اسی وجہ سے وہ ایوان کے اندر آ کر اس مسئلے پر بات نہیں کر رہے۔اہل گاندھی نے مزید کہا کہ جب ملک کے عوام ایل پی جی کی قلت سے پریشان ہیں تو حکومت کو پارلیمنٹ میں آ کر اس مسئلے پر واضح جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ اس بحران کی اصل وجہ کیا ہے اور حکومت اس سے نمٹنے کے  لئے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق ان سوالوں سے حکومت اور وزیر اعظم مودی خوفزدہ ہیں۔ اسی لئے وہ نہ ایوان میں آرہے ہیں اور نہ ہمارے سوالوں کے جواب دے رہے ہیں۔ وہ اپوزیشن سے بھی خوفزدہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK