مدھیہ پردیش میں ایک سرکاری اسکول کے استاد کو سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرتے ہوئے ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کر دیا گیا۔
EPAPER
Updated: March 16, 2026, 7:24 PM IST | Bhopal
مدھیہ پردیش میں ایک سرکاری اسکول کے استاد کو سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرتے ہوئے ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کر دیا گیا۔
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک سرکاری اسکول کے استاد کو وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرتے ہوئے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کی شکایت کے بعد کی گئی۔ معطل کیے گئے استاد کی شناخت ساکیت پروہت کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع شیو پوری کے پوہری ترقیاتی بلاک کے ایک سرکاری اسکول میں تعینات تھے۔ جمعہ کو انہیں اس وقت معطل کیا گیا جب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
تقریباً ۵۸؍ سیکنڈ کے اس ویڈیو میں ساکیت پروہت کو ایل پی جی سلنڈر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے انداز میں نقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پچہور اسمبلی حلقے سے بی جے پی کے ایم ایل اے پریتم لودھی نے ضلع تعلیم افسر (ڈی ای او) سے اس معاملے میں شکایت درج کرائی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد ضلع تعلیم افسر نے فوری طور پر معاملے کی جانچ کا حکم دیا۔ ابتدائی جانچ کے بعد حکام نے استاد کو معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ استاد نے مبینہ طور پر ’’بدامنی پھیلانے کی نیت‘‘ سے ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ حکم نامے میں اسے ’’سنگین بے ضابطگی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ عمل سول سروسیز رولز ۱۹۶۶ء کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
▪️मोदी की मिमिक्री करने पर शिक्षक निलंबित..!
— Dr.Rakesh Pathak डॉ. राकेश पाठक راکیش (@DrRakeshPathak7) March 15, 2026
मप्र के शिवपुरी जिले में प्रायमरी स्कूल के शिक्षक को प्रधानमंत्री नरेंद्र मोदी की आवाज़ की नकल करना भारी पड़ गया है। बीजेपी विधायक की शिकायत पर उन्हें निलंबित कर दिया गया है।
जिले के पोहरी विकासखंड के शासकीय प्राथमिक विद्यालय,… pic.twitter.com/wYH3jEkPqk
معطلی کے بعد ساکیت پروہت کو بدرواس میں بلاک ایجوکیشن آفیسر کے دفتر سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب استاد نے اس کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے ان کے خلاف یکطرفہ فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہ تو کوئی نوٹس دیا گیا اور نہ ہی وضاحت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہوں نے مبینہ طور پر کہا کہ ’’مجھے کوئی وضاحت دینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ بغیر نوٹس کے میرے خلاف کارروائی کی گئی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ادیشہ: اسپتال میں بھیانک آتشزدگی، ۱۰؍مریض ہلاک، لواحقین کیلئے معاوضے کا اعلان
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں تقریباً ۶۰؍ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافہ اور مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اس اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر حکومت کو تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ کئی صارفین نے پرانی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے حکومت کی توانائی پالیسیوں پر سوال اٹھائے ہیں۔ بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت کو مغربی ایشیا میں کشیدگی کے ممکنہ اثرات کا پہلے سے اندازہ ہونا چاہیے تھا اور توانائی کے متبادل ذرائع یا اسٹریٹجک ذخائر کے ذریعے صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کرنی چاہیے تھی۔ اسی دوران کئی صارفین نے ایل پی جی کی قلت اور سلنڈر کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جس سے یہ معاملہ مزید بحث کا موضوع بن گیا ہے۔