Inquilab Logo Happiest Places to Work

جبل رحمت ومیدانِ عرفات میں لاکھوں حجاج کو ایک کرنے والا روح پرور منظر

Updated: May 27, 2026, 11:02 AM IST | Inquilab News Network | Riyadh

یوم عرفہ پر بندگی اورخشیت کے گہرے جذبات دکھائی دئیے ،فجر کی پہلی ساعتوں سے ہی لاکھوں حجاج اس پاکیزہ مقام پر جمع ہونا شروع ہوگئے، ہاتھ دعا کیلئے بلند تھے اور فضا تلبیہ و تکبیر کی صداؤں سے گونجتی رہی ۔

Hajj 2026.Photo:INN
حج ۲۰۲۶ء:تصویر:آئی این این
یوم عرفہ پر مقدس میدان عرفات میں واقع جبل  رحمت ایک عظیم روحانی منظر پیش کرتا دکھائی دیا جہاں خشوع و خضوع اور عاجزی کی کیفیات نمایاں تھیں۔فجر کی پہلی ساعتوں سے ہی لاکھوں حجاج اس پاکیزہ مقام پر جمع ہونا شروع ہوگئے، ہاتھ دعا کیلئے بلند تھے اور فضا تلبیہ و تکبیر کی صداؤں سے گونج رہی تھی ۔ یہ منظر دنیا بھر سے آئے مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کی خوبصورت تصویر بن گیا۔جبل رحمت کی ڈھلوانوں اور اطراف میں مختلف قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے حجاج کے روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے جنہیں اللہ کی رحمت کی امید اور اخلاص نے ایک جگہ جمع کر دیا تھا۔اس عظیم دن میں دعائیں مانگی گئیں، آنکھیں اشکبار ہوئیں اور بندگی و خشیت کےگہرے جذبات دکھائی دئیے ۔جبل رحمت کے مقام پر حجاج کی آمد و رفت انتہائی منظم اور رواں رہی جس کیلئے متعلقہ اداروں کی جانب سے جامع انتظامی اور آپریشنل منصوبے مؤثر انداز میں نافذ کئے گئے۔پیدل چلنے والوں کے راستوں کی نگرانی، جبل کے اطراف مقامات تک رسائی کی منظم ترتیب، جبکہ رہنمائی، طبی اور انسانی خدمات ہمہ وقت فراہم کی جاتی رہیں۔
سایہ داری اور ماحول کو خوشگوار بنانے کے منصوبے
حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور شدید گرمی کے اثرات کم کرنے کیلئے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی رائل کمیشن کی انتظامی شاخ ’کدانہ ڈیولپمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ کمپنی‘کی جانب سے سایہ داری اور ماحول کو معتدل بنانے کے بڑے منصوبے مکمل کیے گئے جو مجموعی طور پر ایک لاکھ ۹۶؍ ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہیں۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں ۷۸۵؍مربع میٹر سے زائد رقبے پر بڑے شیڈز نصب کیے گئے جبکہ درجہ حرارت کم کرنے اور حجاج کو دورانِ سفر و ادائیگی مناسک زیادہ آرام دہ ماحول فراہم کرنے کیلئے پانی کا فوارہ چھوڑنے والے۱۲۹؍خصوصی واٹر مسٹ فین بھی فعال کئے گئے۔
 
 
مختلف زبانوں میں دعاؤں کی صدائیں گونجتی رہیں
جبلِ رحمت کے اطراف حجاج کرام نے سایہ دار مقامات پر قرآنِ پاک کی تلاوت، ذکر اور دعاؤں میں وقت گزارا، جبکہ مختلف زبانوں میں مانگی جانے والی دعاؤں کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں۔یہ روح پرور منظر یومِ عرفہ پر مسلمانوں کے اتحاد اور عبادت میں یکسوئی کی خوبصورت عکاسی کرتا رہا۔یہ مربوط نظام اُن وسیع اقدامات کی جھلک پیش کرتا ہے ،جو سعودی عرب حجاج کرام کی خدمت کے لیے انجام دے رہا ہے۔مقدس مقامات میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور انتظامی ماحول کو جدید بنانے کے ذریعے حجاج کو محفوظ، پُرسکون اور آرام دہ ماحول میں مناسک کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK