Inquilab Logo

نالندہ اورلال باغ بریج پر ہوئے ۳؍ الگ الگ حادثوں میں ۳؍ سالہ بچی اور۲؍ نوجوانوں کی موت

Updated: June 07, 2023, 9:25 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

لال باغ میں ہونے والے حادثہ میں بچی کے والد کے خلاف ہی لاپروائی سے گاڑی چلانے اور بچی کی موت کا سبب بننے کے تحت کیس درج کردیاگیا

File photo of Lalbagh flyover
لال باغ فلائی اوور کی فائل فوٹو

شہر کے دو الگ الگ علاقوں میں ہونے والے تین سڑک حادثوں میں ایک سالہ معصوم بچی اور ۲؍ نوجوانوں کی موت ہو گئی۔گھاٹکوپر کے نالندہ اور لال باغ میں اتوار اور پیر کی شب تین حادثات پیش آئے تھے ۔ وہیںلال باغ میں ہونے والے حادثہ میں فوت ہونے والی بچی کے والد کے خلاف ہی پولیس نے لاپروائی سے گاڑی چلانے اور بچی کی ہلاکت کا سبب بننے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔
 اتوار کو لال باغ فلائی اووَر پر ہونے والے حادثہ سے متعلق کالا چوکی پولیس نے بتایا کہ ’’ اومیش دھانا جی تاک اپنی بیوی ویشالی اور ۳؍ سالہ بیٹی ریانشی کے ساتھ ممبا دیوی مندر کے درشن کے لئے جارہا تھا ۔ لال باغ فلائی اوور پر موٹر بائیک چلاتے ہوئے اومیش ایک ٹیکسی سے آگے نکلنے اور اسے اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں اس کے عقبی ٹائر سے ٹکرا نے کے بعدڈیوائڈر سے ٹکراتے ہوئے کئی فٹ دور جاگرا تھا ۔ حادثہ میں زخمی تینوں متاثرین کو بائیکلہ کے مسینا اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن علاج سے قبل ہی بچی کی موت ہوگئی تھی۔پولیس نے متاثرہ بچی کے والد اومیش کے خلاف ہی لاپروائی سے گاڑی چلانے ، ۲؍ لوگوں کے زخمی ہونے اور بچی کی موت کا سبب بننے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔
  وہیں اتوار اور پیر کی شب۴؍ بجکر ۴۰؍ منٹ پر گھاٹکوپر کے ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے نالندہ بریج پر اس وقت سڑک حادثہ پیش آیا جب چینمئے شندے نامی ۲۴؍ سالہ نوجوان انتہائی لاپروائی سے موٹر بائیک چلاتے ہوئے بریج پر موجود دوسری گاڑی کو اووَر ٹیک کرنے کی کوشش میں توازن کھو بیٹھا اور گاڑی لے کر ایک دوسری موٹر بائیک کو ٹکر مارتے ہوئے کئی فٹ دور جاگرا ۔اس حادثہ میں جہاں شندے کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی ۔ وہیں دوسری موٹر بائیک پر سوار گرانٹ روڈ  کے رہنے والے معین الدین قریشی کو زخمی حالت میں اسپتال داخل کیا گیا ۔
 وکھرولی ٹیگور نگر کے رہنے والے شندے کی لاش راجا واڑی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے جبکہ پولیس نے شندے کے خلاف ہی لاپروائی سے گاڑی چلانے ، ایک شخص کو زخمی کرنے اور اپنی موت کا سبب بننے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔ وہیں تیسرا حادثہ اتوار اورپیر کی شب ۴؍ بجکر ۵۵؍ منٹ پرنالندہ بریج کے قریب ہی اس وقت پیش آیا جب پردیپ ٹاگرے نامی ۲۶؍ سالہ نوجوان نالندہ بس اسٹاپ کے فٹ پاتھ پر سویا تھا اور ایک ڈمپر ڈرائیور اسے کچل کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے نامعلوم ڈمپر ڈرائیور کے خلاف کیس درج کیا ہے اور اسے تلاش کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK