Inquilab Logo

جون میں نئی بھرتیوں کی رفتار میں تیزی

Updated: July 09, 2020, 5:55 AM IST | Agency | New Delhi

نوکری ڈاٹ کام کے اعدادوشمار کے مطابق کمپنیوں کے ذریعہ نئے ملازمین کوملازمت پر رکھے جانے کےعمل میں ۳۳؍فیصد اضافہ ہواہے

Job Offer - Pic : INN
نوکری ۔ تصویر : آئی این این

کورونا کی وجہ سے نافذ ہونے والے لاک ڈائون میں چھوٹ ملنے کےساتھ ہی ملک میں نئی بھرتیوںمیں بھی تیزی آنے لگی ہے۔ مئی کے مقابلے میں جون میں ملک میں ہائرنگ ایکٹی وٹیز(لوگوں کو ملازمت پر رکھنے کا عمل) میں ۳۳؍فیصد تیزی آئی ہے۔ نوکری جاب اسپیک انڈیکس جون میں۱۲۰۸؍ پر پہنچ گیا جبکہ مئی میں یہ ۹۱۰؍ پر تھا۔ حالانکہ پچھلے سال کے مقابلے اس مرتبہ اس میں ۴۴؍فیصدکی کمی آئی ہے۔ نوکری جاب اسپیک انڈیکس ایک ماہانہ انڈیکس ہے جو نوکری ڈاٹ کام میں جاب لسٹنگ کی بنیاد پر ہائرنگ ایکٹی وٹی کا حساب لگاکر اسے ریکارڈ میں جمع کرتا ہے۔
 اس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا لاک ڈائون کی سب سے زیادہ مار ہاسپٹیلٹی، ریٹیل اور آٹو سیکٹر پر پڑی ہے۔ لاک ڈائون کے ضوابط میں نرمی کے بعد ان سیکٹروں میں بھرتی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔جون میں حکومت نے اَن لاک ون شروع کیا تھا جس سے ان سیکٹروں میں بھرتیوں میں تیزی آئی ہے۔ ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں مئی کے مقابلے جون میں بھرتیاں ۱۰۷؍فیصد بڑھی ہیں۔ جبکہ ریٹیل میں ۷۷؍فیصد کی تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔
 نوکری ڈاٹ کام کے چیف بزنس آفیسر پون گوئل نے کہا کہ ’’یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ اَن لاک ون کےاعلان سے ملک میں بھرتیوں کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سالانہ بنیاد پر دیکھیں تو جون میں گزشتہ سال کے مقابلے ۴۴؍فیصد کم بھرتیاں ہوئیں لیکن آئی ٹی، بی پی اوآئی ٹی ای ایس، ایف ایم سی جی اور اکائونٹنگ میں اس سال جون میں گزشتہ ۲؍مہینوں کے مقابلے میں بھرتیوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ’’ہمیںامید ہے کہ ہائرنگ ایکٹی وٹی اگلے کچھ مہینوں میں پھر پرانی حالت میں لوٹ آئے گی۔‘‘ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایجوکیشن/ٹیچنگ میں فنکشنل رولز میں ۴۹؍ فیصد، فارما/ بائیوٹیک میں ۳۶؍ فیصد اور سیلز/ بزنس ڈیولپمنٹ میں ماہانہ بنیاد پر ۳۳؍ فیصد کی تیزی آئی ہے۔ سبھی سطح پر تجربہ کار لوگوں کی بھرتی جون میں مئی کے مقابلے اوسطاً ۲۸؍فیصد بڑھی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ اچھال انٹری لیول ایگزیکٹیو بینڈ(صفر تا ۳؍ سال کا تجربہ) میں آیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK