Inquilab Logo

فریب دہی کے الزام میں گرفتار ملزم ، بیوی کا قاتل نکلا

Updated: October 21, 2020, 9:29 AM IST | Kazim Shaikh | Mira Road

یہاں پولیس نےلاکھوں روپے کی فریب دہی کے معاملے میںایک ملزم کو پکڑا تو پوچھ تاچھ کے دوران اس نے یہ بھی قبول کیا کہ اس کی بیوی بھی اسی کے ساتھ فریب دہی کے معاملے میں ملوث تھی ۔ آئے دن ہونے والے جھگڑے سے تنگ آکر ایک روز اس نے اسے کنویں میںڈھکیل دیا تھا اور اس کی لاش کھیت میں گاڑ دی تھی

Murder Gesture - Pic : INN
قتل کی علامتی تصویر : تصویر : آئی این این

یہاں  پولیس نےلاکھوں روپے کی   فریب دہی کے معاملے میںایک  ملزم کو پکڑا تو پوچھ تاچھ کے دوران  اس نے یہ بھی قبول کیا کہ اس کی بیوی بھی   اسی کے ساتھ   فریب دہی کے  معاملے میں ملوث تھی ۔ آئے دن  ہونے والے جھگڑے سے تنگ آکر  ایک روز اس نے  اسے کنویں میںڈھکیل دیا تھا اور اس کی لاش کھیت میں گاڑ دی تھی ۔ پولیس نے اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ 
 کاشی میرا پولیس اسٹیشن کے ایک تفتیشی انسپکٹر نے بتایا کہ دھوکہ دہی کے معاملے میں مفرور ملزموں میں سے ایک کی گرفتاری ہوئی تو پوچھ تاچھ کے دوران پولیس دنگ رہ گئی ۔ گرفتار ملزم نے قتل کے ایک رازکو فاش کرتے ہوئے خود کو اس میں ملوث ہونے کا اقرار کرلیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے جس کو قتل کیا تھا وہ کوئی اور نہیں بلکہ اس کی بیوی تھی ۔ قتل کرنے کیلئے شوہر نے بیوی کو ایک کنویں میں ڈھکیل دیا تھا اور اس کے بعد لاش کو ایک کھیت میں  دفن کردی تھی ۔ 
 کاشی میرا پولیس اسٹیشن کے پولیس افسر وجئے کانت ساگر نے بتایا کہ کاشی میرا  کے علاقے میں ملزم آشیش اُکانی اور  نکیتا ساتھ رہتے تھے ۔ فیس بک پردونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے  اور دونوں نے آریہ مند ر میں شادی کرلی تھی ۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ دونوںمیترین آن لائن پرائیویٹ لمٹیڈ کےنام سے سوائپ کریڈٹ کارڈ مشین خریدی  تھے ۔ وہ بڑی بڑی کمپنیوں کے مالکین اور منیجروں سے بات چیت کرکے خود کو بینکوں کاایجنٹ بتاکر کریڈیٹ کارڈ  پر ۵؍ سے ۱۰؍ لاکھ کی  حد بڑھانے کےنام پر لاکھوں کی   فریب دہی کرتے تھے ۔ اسی طرح ایک شخص کے کریڈٹ کارڈ کی حد بڑھانے کے بہانے ۱۵؍ لاکھ ۶۵؍ ہزار ۹۰۰؍ روپے کی دھوکہ دہی کی ۔ جبکہ اس کریڈٹ کارڈ کی لمٹ صرف ۴۰؍ ہزار روپے تھی ۔ اس سلسلے میں متاثرہ شخص نے ۲۰۱۹ ءکو کاشی میرامیں معاملہ درج کرایا تھا ۔ اسی وقت  سے ملزم فرار تھے ۔پولیس کے مطابق آشیش  کے خلاف اسی طرح سے ۲؍ کروڑ۲۰؍ لاکھ روپے کی ٹھگی کا ایک اور معاملہ سورت میںدرج ہے ۔ ابھی تک ملزموں نے کتنے لوگوں کو نشانہ بنایا ہے یہ جانچ کے بعد پتہ چلے گا ۔ 
 کاشی میرا پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سنجے نے بتایا کہ موبائل لوکیشن سے ہم ملزموں پر نظر رکھے ہوئےتھے لیکن وہ اپنا لوکیشن لگاتار بدل رہے تھے ۔ آخر کار واردات کا اہم ملزم آشیش ہمارے ہاتھ لگ گیا ۔ اس نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو قتل کردیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی کی لاش کھیت کھود کر نکالی گئی ہے ۔ 
 ایک سوال کے جواب میںپولیس کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی کےمعاملےمیں آشیش کی بیوی بھی شامل تھی اور وہ اس فریب دہی کے پیسے  سےموج مستی کرتے تھے لیکن جب پیسے ختم ہوگئے تو میاں بیوی کےدرمیان جھگڑے ہونےلگے تھے جس کی وجہ سے آشیش نے بیوی کا قتل کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK