ایک معمر خاتون نے ٹویٹ کیاتھا کہ پاسپورٹ کی انکوائری میں تعاون نہیں کیا جارہا ہے۔ سینئرانسپکٹر سمیت ساتوں کاتبادلہ ۔انکوائری کا بھی حکم
EPAPER
Updated: April 05, 2022, 10:02 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
ایک معمر خاتون نے ٹویٹ کیاتھا کہ پاسپورٹ کی انکوائری میں تعاون نہیں کیا جارہا ہے۔ سینئرانسپکٹر سمیت ساتوں کاتبادلہ ۔انکوائری کا بھی حکم
یہاں ایک معمر خاتون کی جانب سے پولیس پر لگائے گئے لاپروائی اور اس کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی دھکا مکی کے الزامات کے بعد پولیس کمشنر سنجے پانڈےنے کارروائی کرتے ہوئے سمتا نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سمیت ۷؍ اہلکاروں کا بطور سزا فوری طور پر تبادلہ کردیا اور اس معاملے کی انکوائری کاحکم بھی دیا ہے ۔شکایت کنندہ نے ٹویٹ کرکے بتایاتھا کہ پاسپورٹ کی انکوائری میں پولیس اہلکار اس کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاع کےمطابق کاندیولی مشرق کے سمتا نگر میں رہنے والی ایک معمر خاتون نے پاسپورٹ بنانے کیلئے فارم پُرکیا تھا ۔ اس کے دستاویزات انکوائری کیلئے مقامی پولیس اسٹیشن میں بھیجے گئے تھیں لیکن پولیس اہلکاروں پر اس نے الزام عائد کیا تھا کہ بار بار انکوائری کیلئے جانے کے باوجود پولیس اہلکار اس کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ خاتون کو پولیس اسٹیشن میں انکوائری کے نام پر کافی دیر تک بیٹھنا پڑتاتھا اور کئی بار پولیس اسٹیشن کے چکر لگانے کے بعد بھی اس کی فائل پولیس اسٹیشن میں ہی پولیس اہلکاروں کے ٹیبل پر انکوائری کے نام پر پڑی رہی ۔ خاتون کا یہ بھی الزام تھا کہ پولیس اسٹیشن میں اس کے ساتھ پولیس اہلکاروں نے دھکا مکی بھی کی تھی ۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے میں کافی پریشان ہونے کے بعد اس معمر خاتون نے پولیس کمشنر سنجے پانڈے کو ٹویٹ کرکے پولیس اہلکاروں کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاسپورٹ کی انکوائری میں اس کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں اور سمتا نگر پولیس اسٹیشن میں ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا جارہا ہے ۔
خاتون کی شکایت ملنے کے بعد پولیس کمشنر سنجے پانڈے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے سمتا نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ، پولیس انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور کانسٹبل سمیت ۷؍ اہلکاروں کو ٹرانسفر کرتے ہوئے نائیگاؤں کے لوکل آرمس برانچ میں بھیج دیا ۔ ان میں ایک خاتون پولیس اہلکاربھی شامل ہے ۔ اس معاملے کی انکوائری کی ذمہ داری ایک ڈپٹی پولیس کمشنر ( ڈی سی پی ) کو دی گئی ہے جنہیں منگل کوپولیس کمشنر کے سامنے اس معاملے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیاہے ۔
اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ پاسپورٹ کیلئے درخواست دینے والی معمر خاتون کے خلاف چنئی میں ایک کیس زیرالتواء ہے اور اس کی انکوائری جاری ہے جبکہ خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس کیس میں اسے راحت مل چکی ہے اور اس سلسلے میں اس نے جو کاغذات پولیس کو پیش کئے تھے ، وہ اسے نظر انداز کررہی تھی ۔