Inquilab Logo Happiest Places to Work

اُتم نگر میں امن و امان کو یقینی بنانے کی ہدایت

Updated: March 20, 2026, 10:46 AM IST | New Delhi

دہلی ہائی کورٹ نے پولیس کو سخت ہدایات جاری کیں ،کہا :حکام اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سماج کے کسی بھی طبقہ سے کوئی فرقہ وارانہ نوعیت کی شرارت نہ ہو اور نہ کسی کو ماحول خراب کرنے کی اجازت دی جائے۔رام نومی تک علاقہ میں پولیس تعیناتی کو برقرار رکھنے کا حکم ۔

Police have increased security in Uttam Nagar and have also barricaded the area. (Photo: PTI)
اتم نگر میں پولیس نے پہرہ بڑھادیا ہے اور علاقے کی بیریکیڈنگ بھی کردی ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

دہلی ہائی کورٹ نے اتم نگر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے  لئے پولیس اور انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔ ساتھ ہی عدالت نے کہاکہ عید کے بعد رام نومی ہے لہٰذا تب تک علاقہ میں پولیس کی تعیناتی کو برقرار رکھا جائے۔عدالت نے پولیس سے اس تعلق سے اسٹیٹس رپورٹ بھی داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ حالانکہ عدالت سے ’خون کی ہولی‘ کی دھمکی دینے والے للت شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی مگر عدالت نے کہاکہ پہلے یہاں امن وامان کی بحالی کا معاملہ طے ہونا چاہیے ،ا س پر بعد میں غور کیا جائے گا۔ اب اس معاملہ پر ۶ ا؍پریل کو سماعت ہوگی۔

سویلین ویلفیئر چیریٹیبل ٹرسٹ نے اتم نگر میں’ خون کی ہولی‘ کھیلنے اور نظم و نسق کے تعلق سے عرضی دائر کرتے ہوئے کہاتھا کہ وہاں حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور عید کے روز مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی کھلے عام دھمکیاں دی جارہی ہیں،لہٰذا وہاں امن کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اور دھمکی دینے والے للت شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ممتا کا الیکشن کمیشن پر بنگال کیساتھ غیر معمولی تعصب برتنے کا الزام

اس عرضی پر جمعرات کو   دہلی ہائی کورٹ میں چیف جسٹس ودیندر کمار اپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا کی بنچ میں باقاعدہ سماعت ہوئی جہاں عدالت نے اس طرح کے حالات بننے پر تشویش کا اظہار کیا اور پولیس کو سختی کے ساتھ  ہدایت دی کہ وہ اتم نگر میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنائے۔ عدالت نے کہاکہ ہم پولیس اور سول انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ تمام ضروری کارروائی کریں  جو قانون کے تحت جائز ہے۔ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں اور حالات خراب نہ ہونے دیں۔  عدالت کی ہدایت کے مطابق حالات خراب نہ ہونے دینے کی ذمہ داری پولیس اور انتظامیہ کی ہے تاکہ عید کا تہوار امن اور باوقار طریقہ سے منانے کے لیے ماحول بنایا جا سکے۔ عدالت نے کہاکہ پولیس کا انتظام ایسا ہو کہ اس  اسے لوگوں کو تحفظ کا احسا س ہو۔

عدالت نے یہ بھی کہاکہ حکام اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ سماج کے کسی بھی طبقہ سے کوئی بھی ایسی شرارت نہ کرے جس میں ناخوشگوار صورتحال پیدا ہو او ر نہ فرقہ وارانہ صف بندی کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔عدالت نے پولیس کے وکیل سے کہاکہ اپنے پولیس حکام سے کہو کہ وہ سست روی کا مظاہرہ نہ کریں ،دہلی میں جو بھی ہوتا ہے اس کا اثر ہوتا ہے اس لئے مستعدی بہت ضروری ہے۔عدالت نے کہاکہ رام نومی تک حفاظتی انتظامات برقراررہنے چاہئیں تاکہ شر انگیز عناصر کے حوصلے ٹوٹ جائیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایل پی جی بحران مزید گہرا، کہیں فیکٹریز بند، کہیں لکڑیو ں پر کھانا پکانا مجبوری

سماعت کے بعد عرضی گزار کامران نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عدالت نے ہماری عرضی پر امن وا مان کی بحالی کا حکم دے دیا ہے۔ حالانکہ ہم نے خون کی ہولی کھیلنے کی دھمکی دینے والے للت شرماکے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی تھی مگر عدالت نے کہا کہ پہلے علاقہ میں امن و امان کی بحالی یقینی بنائی جائے اس کے بعد اس معاملہ پر غور کیا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ اب ہم امید کرسکتے ہیں کہ علاقے کے عام شہری عید اور پھر رام نومی اطمینان کے ساتھ منائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK