Inquilab Logo

مہنگائی کیخلاف احتجاج پر راجیہ سبھا میں بھی کارروائی،اپوزیشن کے ۱۹؍ اراکین معطل

Updated: July 27, 2022, 9:46 AM IST | new Delhi

ٹی ایم سی کے ۷؍ اور ڈی ایم کے کے ۶؍ اراکین شامل، حکومت پر مہنگائی جیسے اہم مسئلے پر بحث سے منہ چھپانے کا الزام، پیوش گوئل نے فیصلے کا دفاع کیا

TMC members also protesting outside the House. (Photo: PTI)
ٹی ایم سی کے اراکین ایوان کے باہر بھی احتجاج کرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

مہنگائی اور  بنیادی اشیاء پر بھی جی ایس ٹی کے خلاف احتجاج کی پاداش میں  پیر کو لوک سبھا سے اپوزیشن  ۴؍ اراکین کو معطل کرنے کے بعد منگل کو راجیہ سبھا سے ۱۹؍ اراکین کو معطل کردیاگیا۔ ان  میں ٹی ایم سی کے ۷؍ اور ڈی ایم کے کے ۶؍ اراکین شامل ہیں۔ حکومت کی اس کارروائی کو اپوزیشن نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ مہنگائی جیسے اہم موضوع پر بحث سے منہ  چھپارہی ہے۔ دوسری طرف مرکزی وزیر پیوش گوئل نے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اراکین کو معطل کرنے کافیصلہ  بھاری من سے لیا ہے۔  انہوں  نے اپوزیشن پر الٹا الزام لگایا کہ وہ بحث سے بھاگ رہی ہے۔ 
  ۱۸؍ جولائی کو  پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے  کے بعد سے اپوزیشن بیک آواز یہی مطالبہ کررہی ہے کہ رول ۲۶۷؍ کے تحت تمام امور کو بالائے طاق رکھ کر پہلے مہنگائی کے موضوع پر بحث کرائی  جائے۔ منگل کو بھی اسی مطالبے کے ساتھ  ایوان میں اپوزیشن نے پر زور احتجاج کیا جس  کے بعد ایوان کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلانے میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے  ترنمول کانگریس کے ۷؍ اراکین سمیت ڈی ایم کے،  تلنگانہ راشٹرا سمیتی،  سی پی آئی  اور سی پی ایم  کے۱۹؍ اراکین کو اس ہفتے کی باقی ماندہ مدت کیلئے ایوان سے معطل کر دیا گیا۔
 کھانے کے وقفے کے بعد جب کارروائی شروع ہوئی تو ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے بقیہ اراکین کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں پر پابندی اور ان کی فنڈنگ ​​سے متعلق ترمیمی بل۲۰۲۲ء پر گفتگو کیلئے بلانا شروع کیا۔ انہوں نے  سی پی ایم  کے وکاس رنجن بھٹاچاریہ  کو آواز دی مگر انہوں  نے بل سے ہٹ کر مہنگائی پر بولنا شروع کر دیا۔ ڈپٹی چیئرمین نے انہیں  اس سے روکا مگر بھٹاچاریہ مہنگائی پر ہی بولتے رہے۔ اسی دوران ہری ونش نے ایک اور رکن کا نام پکارا  جس کی وجہ سے ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے، سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی اور ٹی آر ایس کے کچھ ارکان نے ایوان کے بیچ  پہنچ کر نعرے بازی شروع کردی۔اس  دوران ایوان میں مہنگائی اور جی ایس ٹی کے خلاف پلے کارڈ بھی دکھائے گئے جس سے  ہری ونش نے منع کیا۔  

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK