Inquilab Logo Happiest Places to Work

بجرنگ دل رضاکاروں کی غنڈہ گردی کے خلاف کارروائی کی جائے: ابوعا صم اعظمی کا مطالبہ

Updated: March 10, 2026, 1:03 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ گوونڈی کے ولی محمد شبیر اور ریحان قریشی اپنی گاڑی لے کر گزر رہے تھے تبھی انہیں ویراج سریشن نامی بجرنگ دل کے رضاکار نے شیوا پور پر روک کر گاڑی کی تلاشی لی اور پھر انہیں جانے کی اجازت دے دی ۔

Abu Asim Azmi.Photo:INN
ابو عاصم اعظمی۔ تصویر:آئی این این
رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے بجرنگ دل کے رضاکاروں کی گئو رکشک کےنام پر غنڈہ گردی کا معاملہ پیر کو قانون ساز اسمبلی میں اٹھایا۔ انہوںنے بتایاکہ گئو رکشا کے نام پر پونے کے شیواپور میں ایک جانور لانےپر گوونڈی شیواجی نگر کے ۲؍مسلم نوجوانوں کو بجرنگ دل کے رضاکاروں نے روکا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا  نیز مذہبی جذبات مجروح کرتے ہوئے توہین رسالت اور مذہبی دل آزاری کا ارتکاب کیا، اس کے باوجود بھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ،یہ انتہائی تشویشناک  بات ہے۔
ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ گوونڈی کے ولی محمد شبیر اور ریحان قریشی اپنی گاڑی لے کر گزر رہے تھے تبھی انہیں ویراج سریشن نامی بجرنگ دل کے رضاکار نے شیوا پور پر روک کر گاڑی کی تلاشی لی اور پھر انہیں جانے کی اجازت دے دی ۔اس کے بعد کٹراج بریج پر گاڑی دوبارہ روک کر نہ صرف یہ کہ انہیں مارا پیٹا گیا بلکہ مسلمانوں کی دل آزادی کرنے والے نعرے بھی لگائے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ بجرنگ دل کے رضاکاروں کو گاڑی روک کر تلاشی لینے یا پھر اس قسم کی کارروائی کا کوئی حق یا اختیار حاصل نہیں ہے، اس کے باوجود ان بجرنگ دل کے غنڈوں نے دونوں کو تشدد کا نشانہ بنایا  اور مذہبی جذبات مجروح کیا ۔انہیں آمنے گاؤں پولیس چوکی جو تین کلومیٹر دور تھی، لے جایا گیا، اس کے بعد بھی کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ابو عاصم اعظمی کے بقول یہ انتہائی تشویشناک ہے ،اس پر ضروری کارروائی ہونا چاہئے۔جن غنڈوں نے تشدد کیا ہے ،ان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے۔ 
 
 
اس پورے مسئلہ پر ابو اعظمی نے سرکار اور وزیر اعلیٰ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے ان سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور ایوان میں بارہاوزیر اعلیٰ سے اس مسئلہ پر توجہ دینے کی درخواست کی ہے ،اس کے باوجود بی جے پی کے اراکین نے ابوعاصم اعظمی کو بولنے کا موقع نہیں دیا اور وہ شور شرابہ کرنے لگے جس کے بعد اسپیکرایڈوکیٹ راہل نارویکر نے ایوان کی کارروائی آگے بڑھاتے ہوئے وزیر چندر کانت پاٹل کو بولنے کاموقع دیا۔
 
 
ایوان میں ابوعاصم اعظمی نے اس مسئلہ کو اٹھا کر یہ باور کروایا ہے کہ کس طرح سے بجرنگ دل بیوپاریوں کو تشدد کا نشانہ بنارہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ایوان اسمبلی کو یقین دلایاکہ حکومت اس معاملے کی جانچ کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK