بلباؤ کے تاریخی سان میمس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سخت مقابلے میں بارسلونا نے میزبان ایتھلیٹک کلب کو ایک صفرسے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مضبوط بنا لیا ہے۔
لامین یمل نے بارسلونا کیلئے میچ کا واحد گول کیا۔ تصویر:آئی این این
اسپینش فٹ بال لیگ لالیگا میں دفاعی چمپئن بارسلونا نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیزن کی ۲۲؍ویں جیت اپنے نام کر لی ۔ بلباؤ کے تاریخی سان میمس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سخت مقابلے میں بارسلونا نے میزبان ایتھلیٹک کلب کو ایک صفرسے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مضبوط بنا لیا ہے۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم ۶۸؍ویں منٹ میں نوجوان اسٹار لامین یمل نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ ایتھلیٹک کلب کی ٹیم نے خسارہ ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن بارسلونا کے مضبوط دفاع نے انہیں کوئی گول اسکور نہ کرنے دیا۔اس کامیابی کے ساتھ ہی بارسلونا کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد ۲۷؍ میچوں میں ۶۷؍ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ اپنے روایتی حریف ریئل میڈرڈ سے ۳؍پوائنٹس آگے نکل گئے ہیں۔ ریئل میڈرڈ ۶۳؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ ایٹلیٹیکو میڈرڈ ۵۴؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ بارسلونا کی اس فتح نے اسے لالیگا خطاب کے دفاع کی جانب ایک قدم مزید قریب کر دیا ہے۔
فٹبال کے میدانوں کو نشانہ بنانے پر ایران کا احتجاج
تہران،(ایجنسی):تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ۲۸؍ فروری سے جاری مسلسل فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ نے دارالحکومت تہران میں واقع مشہور آزادی اسپورٹس کمپلیکس پر امریکی بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے عالمی فٹبال ریگولیٹری ادارے (فیفا) سے باضابطہ اور سخت احتجاج کیا ہے۔ایرانی دفترِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تباہ شدہ اسٹیڈیم کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص کھیلوں کی تنظیموں کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو فیفا کی جانب سے دئیے گئے حالیہ ’پیس پرائز‘ کا حوالہ دیتے ہوئے شدید طنز کیا کہ امن انعام پانے والے ملک کے صدر کے حکم پر فٹبال کے میدانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ فیفا اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اس کھلی جارحیت پر اپنا واضح موقف پیش کریں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو دسمبر میں عالمی تنازعات کے خاتمے کی مبینہ کوششوں پر فیفا کی جانب سے نو متعارف شدہ’پیس پرائز‘ سے نوازا گیا تھا۔