• Wed, 21 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نتن نبین کو مخاطب کرکے وزیراعظم نے کہا، آج سے آپ میرے باس

Updated: January 20, 2026, 10:34 PM IST | New Delhi

بلامقابلہ بی جے پی کا قومی صدر بننے والے نتن نبین اپنی پارٹی کی تاریخ کے سب سے کم عمر سربراہ ہیں، ذمہ داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے مغربی بنگال پر توجہ مرکوز کرنے کا اشارہ دیا

Prime Minister Modi, Amit Shah, Rajnath Singh and JP Nadda can also be seen at Nitin Nabi`s swearing-in ceremony.
نتن نبین کے عہدہ سنبھالنے کے موقع پر وزیراعظم مودی، امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ اور جے پی نڈا کو بھی دیکھا جاسکتا ہے

 وزیر اعظم مودی نے بی جے پی کے قومی تنظیمی انتخابات کی تعریف کرتے ہوئے اس عمل کو پارٹی کی جمہوری روایت، جذبے، نظم و ضبط اور کارکن پر مبنی نقطہ نظر کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’جب بات پارٹی کی ہو تو نتن نبین میرے باس ہیں اور میں ایک پارٹی کارکن ہوں۔‘‘ یہ بیان انہوں نے اُس وقت دیا جب نتن نبین نے قومی دارالحکومت میں پارٹی ہیڈکوارٹرز پر بی جے پی کے قومی صدر کا عہدہ سنبھالا۔ 
 خیال رہے کہ نتن نبین نے بی جے پی کے سب سے کم عمر صدر کے طور پر منگل کو   اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔ وہ ۵؍ مرتبہ کے ایم ایل اے ہیں اور بی جے پی کے صدر کیلئے واحد امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے، جس سے وہ بلامقابلہ پارٹی کے صدر منتخب ہوگئے۔ اس طرح وہ اپنی پارٹی کی تاریخ میں سب سے کم عمر صدر بن گئے۔ وزیر اعظم مودی نےانتخابی سرٹیفکیٹ دینے کے بعد انہیں مبارکباد دی۔اس موقع پر پارٹی کے سابق صدر جے پی نڈا نے پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نتن نبین نے اس بڑی پارٹی کے۱۲؍ویں قومی صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ 
 حالیہ انتخابی کارکردگی پر غور کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ’’۲۰۲۴ء کےلوک سبھا انتخابات کے نتائج ہماری توقعات کے مطابق نہیں رہے۔ یہ نتائج نہ صرف پارٹی بلکہ عوام کیلئے بھی حیران کن تھے۔ ملک کے ووٹروں میں مایوسی اور ناراضگی پیدا ہوئی۔ ووٹروں نے طے کیا کہ آئندہ انتخابات میں وہ مودی جی کو مکمل حمایت دیں گے اور پارٹی کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔‘‘ ڈپٹی کمشنر کے لکشمن، جو انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر تھے، نے اعلان کیا کہ نبین کے حق میں۳۷؍ سیٹوں پر نامزدگی کے کاغذات درست پائے گئے، جن میں وزیر اعظم مودی، مرکزی وزراء امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری، دھرمیندر پردھان، کرن رجیجو، ہردیپ پوری اور سبکدوش صدر جے پی نڈا کی حمایت شامل تھی۔ اترپردیش، گجرات، گوا، اروناچل پردیش اور دہلی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدور نے بھی ان کے حق میں نامزدگیاں جمع کرائیں۔ 
 یہ انتخاب ایک وسیع داخلی عمل کے بعد ہوا جو نچلی سطح سے شروع ہو کر قومی سطح تک پہنچا۔ قومی صدر کا انتخاب اس وقت کیا گیا جب۳۶؍ میں سے۳۰؍ ریاستی بی جے پی یونٹوں نے اپنے صدور منتخب کر لئے، جس سے پارٹی کے الیکٹورل کالج کی شرط پوری ہوئی۔ نتن نبین کو۱۴؍ دسمبر۲۰۲۵ء کو قومی ورکنگ صدر مقرر کیا گیا تھا، جو اعلیٰ قیادت کے فیصلے کی نشاندہی کرتا تھا۔ نبین کی ترقی کو نسلی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ پارٹی اس سال اور اگلے سال کے اہم ریاستی انتخابات، بشمول مغربی بنگال، تمل ناڈو، آسام، اتر پردیش، اور۲۰۲۹ء کے عام انتخابات سے قبل تنظیمی طاقت پر زور دے رہی ہے۔
 بہار سے تعلق رکھنے والے نبین سیاسی پس منظر رکھتے ہیں، ان کے والد نبین کشور پرساد سنہا کئی بار بی جے پی کے ایم ایل اے رہے۔نبین نے۲۰۰۶ء میں اپنے والد کے انتقال کے بعد ضمنی انتخاب لڑ کر سیاست میں قدم رکھا اور تب سے ناقابل شکست رہے۔پہلے پٹنہ ویسٹ اور پھر بانکی پور کی نمائندگی کی۔ انہوں نے بہار میں کئی وزارتی عہدے بھی سنبھالے۔اس سے قبل وہ ’بھارتیہ جنتا یووا مورچہ‘ میں ریاستی اور قومی سطح پر اہم عہدوں پر فائز رہے۔ چھتیس گڑھ اور سکم جیسے ریاستوں میں پارٹی کی موجودگی کو مضبوط کرنے کا سہرا انہی کو دیا جاتا ہے۔ 
 بی جے پی کے نومنتخب قومی صدر نتن نبین نےاپنی پہلی ذمہ داری کے طور پر مغربی بنگال بی جے پی کی کور کمیٹی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی اور اشارہ دیا کہ مغربی بنگال کی ان کی پہلی ترجیح ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس اجلاس کا مقصد۲۰۲۶ء کے اسمبلی انتخابات کیلئے روڈ میپ کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس موقع پر نبین نے کہا کہ خواتین ووٹرس کو پارٹی کی طرف راغب کرنے کیلئے خصوصی منصوبے تیار کئے جائیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK