Inquilab Logo

مرکز کو کل جماعتی میٹنگ بلا کر کورونا سے نمٹنے کی پالیسی بنانے کا مشورہ

Updated: May 04, 2021, 9:48 AM IST | Mumbai

این سی پی کے قومی ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کورونا سے تنہامقابلہ نہیں کر سکتی،ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا بھی مشورہ دیا

NCP Nawab Malik.Picture:Midday
این سی پی لیڈر نواب ملک تصویر مڈڈے

ریاست کے کابینی وزیر اور این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نےپیر کو نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  ملک میں کورونا سے تحفظ کا ٹیکہ کم  پڑ رہا  ہے اس کے باوجود مرکز  ٹیکہ بیرون ممالک سپلائی کر رہا  ہے اس  سے ہی ثابت ہوتا ہےکہ مرکز کےپاس کوئی منظم طریقۂ کار نہیں ہے ۔ نواب ملک نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کو کل جماعتی میٹنگ طلب کر کے کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرنا چاہئے کیونکہ کورونا کی وباء سےتنہا لڑنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس میٹنگ میں لاک ڈاؤن کے تعلق سے ایک پالیسی بھی تیا رکی جائے۔ 
ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی  جائے
 این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے مزید کہا کہ ’’ مرکز کی جانب سے ۱۸؍ تا ۴۴؍ سال کے شہریو ں کو بھی ٹیکہ دینے کا اعلان کیا گیا اور انہیں ٹیکہ دینے کی ذمہ داری ریاستی حکومت کو سونپی ہے ۔ مہاراشٹر حکومت نے اس عمر کے شہریوں کو مفت ٹیکہ  دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے لیکن ٹیکہ ہی دستیاب نہیں ہے۔ ریاست میں ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنیاں یہ کہہ رہی ہیں کہ وہ اتنی زیادہ  مقدار میں  ٹیکہ تیار کرنے سے قاصر ہیں۔ شروعات میں ہم نے بات کی کہ ڈیڑھ کروڑ ہمیں ملیں ۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ سے ہماری بات چیت چل رہی ہے ۔  بھارت بائیو ٹیک سےرابطہ کر رہے ہیں۔ اسی دوران مرکز نے پالیسی بنا دی ہے کہ ٹیکوں کا نظم مرکزی حکومت کرے گی۔ ہمار ی کوشش ہے کہ ۴؍ تا ۶؍ ماہ سے ٹیکہ کاری مکمل کر لیں لیکن ٹیکے دستیاب نہیں  ہے۔ لہٰذا مرکز کو ریاستوں کے پاس یہ اختیار دینا چاہئے کہ وہ اپنے عوام کو ٹیکہ کاری کیلئے بیرون ممالک سے بھی ٹیکہ خرید سکے۔ٹیکے اور آکسیجن کےفقدان کو دیکھتے ہوئے ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنا چاہئے۔‘‘
 ٹیکہ کی قیمت  شبہات پیدا کرتی  ہے
 ٹیکہ کی قیمت کم کرنے سے متعلق  ایک سوال کے جواب میں نواب ملک نے کہا کہ ’’سیرم انسٹی ٹیوٹ (پونے)کے پونے والا نے ٹیکہ کی قیمت کا جو اعلان کیا تھا اس کے مطابق مرکز کو ۱۵۰؍ روپے میں، ریاست کو ۴۰۰؍  روپے اور پرائیویٹ اسپتالو ں کو ۷۰۰؍ روپے میں  دینے کا اعلان کیا تھا اور بعد میں ریاست کو ۱۰۰؍ روپے کم یعنی ۳۰۰؍ روپے میں ٹیکہ دینے کا اعلان پونے والا نے ٹویٹ کر کے کیا ۔ اس  طرح ٹیکہ کی قیمت کم کرنے سے عوام کے ذہنوں میں شک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔  پونے والا خود اس کیلئے ذمہ دار ہیں کسی کو بدنام کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔‘‘واضح رہے  یہ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ کورونا سے تحفظ کے ٹیکہ کی قیمت کم کرنےکیلئے پونے ولالا پر دباؤ ڈالا گیا ہے۔ 
 امیت شاہ استعفیٰ کب دیں گے ؟  
 نواب ملک نے مزید کہا کہ ’’ جب  مغربی بنگال کے انتخابات ہو رہے تھے اس دوران بی جے پی اور خصوصاً امیت شاہ یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ بی جے پی ۲۰۰؍ سے زیادہ سیٹوں پر فتح حاصل کرے گی   لیکن نتائج بالکل الٹے آئے ہیں۔ بنگال میں جب چناؤی تشدد ہوا تھا اس وقت مرکزی سیکوریٹی ایجنسیوں نے گولی چلا کر ۶؍ شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا اس وقت ممتا  بنرجی نے امیت شاہ کا استعفیٰ مانگا تھا  اور امیت شاہ نے کہا تھاکہ اگر عوام مانگیں گے تو استعفیٰ دوں گا۔ جمہوریت میں چناؤ کے نتائج ریفرینڈم ہوتا ہے  اور اتنی بڑی ہار کا مطلب یہ ہے کہ لوگ آپ سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ لہٰذا عوام جاننا چاہتی ہے کہ امیت شاہ استعفیٰ کب دیں گے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK