Inquilab Logo

عید میلاد کے سلسلہ میں امورِ خیر پر توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق

Updated: September 17, 2023, 11:06 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سنی جمعیۃ العلماء اوررضااکیڈمی کی جانب سے یکم تا ۱۲؍ ربیع الاول خصوصی طورپر ایسے کام کئے جائیں گے جو انسانیت کی بھلائی کے زمرے میں آتے ہیں ، ان میں چلڈرن ہوم میںبچوں کو کھانا کھلانا ، مریضوں کی عیادت اورپھلوں کی تقسیم نیزمعمولی جرم میںقید ملزموں کی ضمانت پر رہائی کا نظم کرنا شامل ہے

The scene of the meeting held in the office of the Sunni Jamiat Ulama
سنی جمعیۃ علماء کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کا منظر ۔(تصویر،انقلاب)

مام الانبیاء حضرت محمدمصطفےٰ ؐکی دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سےیکم ربیع الاول سے۱۲؍ ربیع الاول تک آپ ؐکی مبارک تعلیمات سے سبق حاصل کرتے ہوئے مختلف رفاہی سرگرمیاں اور امورِ خیر کی انجام دہی کاسنی جمعیۃ العلماء اوررضا اکیڈمی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں چلڈرن ہو م میںبچوں کوکھانا کھلانا ، اسپتالوں میںمریضوں کی عیادت اوران کی خبرگیری اورمعمولی جرائم میں قید وبند کی صعوبتیں جھیلنے والوں کی جن کے گھر والے ضمانت کا انتظام نہیںکرسکتے ، ان کی ضمانت پر رہائی کی بطورخاص کوشش کی جائے گی۔
اسراف سے بچنا اورحضورؐکی سنت کی اتباع اصل ہے 
  سنی جمعیۃ علماء کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میںمولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے دوٹوک انداز میںڈی جے بجانے اورآتش بازی وغیرہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سے قبل جو بات خلافت ہاؤس میں کہی تھی،اسی کا اعادہ کیا کہ ’’ڈی جے بجانا یا آتش بازی کرنا ،یہ حضوراکرمؐکی تعلیمات کا حصہ ہرگز نہیں ہے ا ورنہ ہی جلوس عیدمیلادالنبیؐ سے اس کادور کا کوئی واسطہ ہے بلکہ یہ صرف اورصرف خرافات ہے اور گاڑھی کمائی کا ضیاع ہے ۔ اس لئے ہمیںاس مبارک موقع پریہ بات ذہن میںرکھنی ہے کہ اگرہم جشن ولادت تاجدار مدینہ منارہے ہیں اورپرچم رسالت لہرانے کا اہتمام کررہے ہیںتو ہمیں زندگی کے ہرموڑ پراس بات کا خیال رکھنا ہے کہ فرمانِ مصطفےٰؐ کیا ہے؟ آپؐنے کیا رہنمائی فرمائی ہے اورآپ ؐکی مبارک تعلیمات کیا ہیں؟ ‘‘
 انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ جو رقم ڈی جے اور آتش بازی پرخرچ کی جاتی ہے اوراس سے مریضوں اورمعمر افراد کوتکلیف پہنچتی ہے ، طلبہ کوپریشانی ہوتی ہے ، یہ رقم ہم کارِ خیر میںخرچ کریں۔ ایسے طلبہ کوتلاش کریںجو فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں، ان بہنوں اوربیٹیوں کوتلاش کریں جو نکاح کی عمر کوپہنچ گئی ہیں لیکن گرانی اور شادی کے خرچ کا انتظام نہ ہونے سے ان کے والدین پریشان ہیں، ہم ان مریضوں کی خبر گیری اور تعاون کریں جواسپتال میںزیرعلاج ہیں اورصحت یابی کے لئے کوشاں ہیں،ہم کمزوروں کی مدد کریں، وہ گھرانے جو غربت کےسبب دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے کےلئے پریشان رہتے ہیںان کی مدد کریں ، دراصل یہ سب امورِ خیر ہیںجن کی جانب آقائے دوجہاںؐنے امت کوتوجہ دلائی ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ہم ان سے صرف ِ نظرکرتے ہیں اورخرافات میںرقم برباد کرتے ہیں ۔‘‘ 
ائمہ  اور علماء بھی توجہ دیں
 معین میاں نے مزیدکہاکہ’’ ائمہ اورعلماء بھی ۱۲؍ ربیع النور شریف تک مسلسل اس جانب متوجہ دیں اورنوجوانوں کی ذہن سازی کریںکہ ولادتِ مصطفےٰ ؐمنانے کا طریقہ کیا ہے ، کس طرح ہم تعلیماتِ نبویؐ پرعمل کرتے ہوئے برادران وطن تک اسلام اورپیغمبر اسلام کے تعلق سے مثبت پیغام اور درس دے سکتے ہیں۔تعلیماتِ نبویؐ پرعمل آوری اور اسے عام کرنا موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔‘‘ 
 رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمدسعید نوری نے کہاکہ ’’ سرکارِ دوعالم ؐکی دنیا میںتشریف آوری کی مناسبت سے پہلے دن چلڈرن ہوم میںبچوں کوکھانا کھلایا جائے گا اوران کے ساتھ کچھ وقت گزارا جائے گا۔اسی طرح مریضوں سے ملاقات کی جائے گی ۔آپسی مشورے میںیہ بھی طے پایا ہے کہ چھوٹے موٹے جرم میںقید وبند کی صعوبتیں جھیلنے والوں کی رہائی ایک اہم مسئلہ ہے ۔ وہ محض اس لئے جیل سے نہیںچھوٹ پارہے ہیںکہ ان کے پاس ضمانت کی رقم ادا کرنے کےلئے چند ہزارروپے نہیں ہیں۔اس لئے ایسے قیدیوں کی رہائی کی بھی کوشش کی جائے گی، جتنا بھی ممکن ہوسکے ان کی مدد کی جائے گی تاکہ وہ جیل کی سلاخوں سے نکل کراپنےگھرآسکیں۔‘‘
 سعید نوری نے یہ بھی کہا کہ ’’ گھرگھرپرچم ِرسالت لہرانے کی مہم شروع کی گئی ہے ،اس میںبھی بڑھ چڑھ کرلوگ حصہ لے رہے ہیں۔ اس کامقصد یہی ہےکہ ہجری کیلنڈر کے حساب سے سرکار مدنیؐ کی آمد کا یہ ۱۴۹۸؍واں سال ہے ، اس لئے ہر طرح سے اہتمام کیاجائے اورآپؐ کی تعلیمات کی روشنی میںزندگی گزاری جائے ۔‘‘ رضا اکیڈمی کے سربراہ نے مزیدکہاکہ ’’چلڈرن ہوم میںآج اشیاء اورباورچی بھیج کر ۱۵۰؍بچوں کےلئے کھانا تیارکرایا جائے گا، پھر تقسیم کیاجائے گا۔چلڈرن ہوم کے ضابطے کے مطابق وہاں کا انتظامیہ پکا ہوا کھانا قبول نہیںکرتا ہے ۔‘‘

eid milad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK