Inquilab Logo Happiest Places to Work

نالوں کی صفائی میں ’اے آئی‘ کا استعمال کیا جائے گا

Updated: April 29, 2025, 11:25 PM IST | Mumbai

کیچڑ نکالنے کے کام میں شفافیت لانے کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کا اعلان ، غلط اطلاعات فراہم کرنے والے ٹھیکیدار وںکے خلاف کارروائی کا انتباہ

Municipal Commissioner Bhushan Gagrani inspects the cleaning of a drain in the western suburbs.
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی مغربی مضافات کے ایک نالے کی صفائی کا معائنہ کرتے ہوئے

مانسون سے قبل ممبئی میں نالوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس میں شفافیت لانے اور واقعی میں نالے صاف کئے گئے ہیں یا نہیں اس کی جانچ کرنے کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) نے جدید تکنالوجی ’مصنوعی ذہانت( اے آئی)‘ کا استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے جب نالو ںکی صفائی میں اے آئی کا استعمال کیا جا ئے گا۔ ممبئی کے میونسپل کمشنر / ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ نالوں کی صفائی کے تعلق سے جو ٹھیکیدار غلط معلومات فراہم کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ میونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ نالوں کو صاف کرنے کےبعد ان میں کوڑا کرکٹ، فریج ، گدے اور دیگر اشیاء نہ پھینکیں۔ ان سے نالے چوکپ ہو جاتے ہیں اور برسات کےپانی کی نکاسی نہیں ہو پاتی،یہی اشیاء سیلابی صورتحال پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں۔
 ممبئی کے میونسپل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی نے منگل کو مغربی مضافاتی علاقوں میں مختلف نالوں کا دورہ کیااور ندیوں اور نالوں سے کیچڑ ہٹانے کے کام کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر متعلقہ افراد کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ دورے کے دوران بارش کے پانی کی نکاسی کے محکمے کے متعلقہ افسران موجود تھے۔
  اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے کہا کہ اگرچہ نالیوں کی صفائی اور کیچڑ نکالنے کا کام تسلی بخش طریقے سے کیا جا رہا ہے، تاہم نالوں کے ارد گرد مقیم شہری پلاسٹک، گدےاور دیگر اشیاء نالوں میں پھینکتے ہیں۔ شہریوں کو چاہئے کہ وہ ٹھوس  چیزیں، کوڑا کرکٹ یا پلاسٹک کی اشیاء کو نالوں میں نہ پھینکیں۔ 
 میونسپل کمشنر نے بتایا کہ مانسون شروع ہونے سے قبل نالوں کی جنتی صفائی کی جاتی ہے،اب تک اس کا ۴۳؍فیصد صفائی مکمل ہو چکی ہے۔ بقیہ کام ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ نالوں کی صفائی کیلئے و ار روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
فلڈ کنٹرول والوز کی تنصیب 
 میونسپل کمشنر نے کہا کہ سیلابی پانی کے بہاؤ کو قابو میں کرنے کیلئے بعض مقامات پر فلڈ کنٹرول والوز لگائے گئے ہیں۔ جب پانی کا دباؤ یا سطح ایک خاص حد سے بڑھ جاتا ہے، تو والو خود بخود کھل جاتا ہے اور اضافی پانی خارج ہو جاتا ہے، اس طرح سیلابی صورتحال پر قابو پایاجاسکتا ہے۔مانسون کے دوران فلڈ کنٹرول والوز اور پمپنگ اسٹیشنوں کو فعال رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افراد کو ہدایات دی گئی ہیں۔ بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں جمع نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔یہ تمام منصوبہ بندی بارش کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی  ہیں۔
نالوں کی صفائی میں ’اے آئی‘ کاکیسے استعمال ہوگا؟
  افسر  سے یہ پوچھنے پر کہ نالوں کی صفائی میں اے آئی کیسے استعمال ہوگا؟ افسر نے بتایاکہ ’’ٹھیکیداروں کی جانب سے نالوں کی صفائی اور کیچڑہٹانے سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز بھیجے جاتے ہیں ۔ ان ویڈیو کا ریئل ٹائم معلوم کرنے اور واقعی کیچڑ نالے سے نکالا گیا ہے یا نہیں  اور بتائے گئے وقت پر کیچڑ  لے جانے والی گاڑیاں بتائے گئے روڈ سے گزری ہیں یا نہیں اس کی جانچ اے آئی سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ پہلی مرتبہ ان کاموں میں مصنوعی ذہانت کا نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سےشہری انتظامیہ کو نالے کا کیچڑ ہٹانے کے کام کی صحیح طریقے سے نگرانی کرنے اور کام میں مکمل شفافیت لانے میں مدد مل رہی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK