کرناٹک ہائی کورٹ نے ایمنسٹی انڈیا اور آکار پٹیل کے خلاف منی لانڈرنگ کیس روک دیا، عدالت کی بینچ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے کیس ختم کرنے کی درخواست پر جواب طلب کیا۔
EPAPER
Updated: April 30, 2025, 10:05 PM IST | New Delhi
کرناٹک ہائی کورٹ نے ایمنسٹی انڈیا اور آکار پٹیل کے خلاف منی لانڈرنگ کیس روک دیا، عدالت کی بینچ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے کیس ختم کرنے کی درخواست پر جواب طلب کیا۔
بار اینڈ بینچ کی رپورٹ کے مطابق، کرناٹک ہائی کورٹ نے پیر کو ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا اور اس کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر آکار پٹیل کے خلاف چل رہے منی لانڈرنگ کے کیس پر روک لگا دی۔ جسٹس ہیمنت چندن گوڑ نے نوٹ کیا کہ عدالت کی ایک اور بینچ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر جی اننتھ پدمنا بھن کو بھی اسی طرح کی عارضی راحت فراہم کی تھی۔
یہ معاملہ ۲۰۲۲ء کا ہے، جب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ( ای ڈی) نے تنظیم پر۵۱؍ کروڑ ۷۲؍ لاکھ روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا تھا۔ ایجنسی نے یہ معاملہ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی۲۰۱۹ء میں درج کی گئی شکایت کی بنیاد پر شروع کیا تھا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق، پیر کو ہائی کورٹ نے تنظیم، پٹیل اور اننتھ پدمنا بھن کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر ای ڈی کو نوٹس جاری کیا، جس میں کیس ختم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ ۲۰۲۲ء کے اس مقدمے کی سماعت فی الحال بنگلور کی ایک عدالت میں زیر التوا ہے۔ مرکزی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل-یوکے اپنے ہندوستانی اداروں کے ذریعے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے راستے سے فنڈز بھیج رہی تھی تاکہ فورن کنٹریبیوشن ریگولیشن ایکٹ( ایف سی آر اے) سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: اتراکھنڈ: کشمیری شال فروشوں کی پٹائی، بجرنگ دل کے تین ارکان گرفتار
فنڈز بھیجنے کا مطلب ادائیگی یا تحفے کے طور پر رقم بھیجنا ہوتا ہے۔ الزام ہے کہ یہ فنڈتنظیم کے ہندوستان میں کام کو بڑھانےکیلئے موصول ہوئے، حالانکہ گھریلو وزارت نے ایمنسٹی انڈیا فاؤنڈیشن ٹرسٹ کو ایف سی آر اے کے تحت رجسٹر ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا اپنے اعلان کردہ تجارتی کاروبار سے غیر متعلق سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ تنظیم کا کام کرنے کا ماڈل کاروباری سرگرمیوں کے بہانے غیر ملکی فنڈز کو راستہ فراہم کرنےکیلئے استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’سی ڈبلیو جی‘ گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی کومنی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا
ستمبر۲۰۲۰ء میں، انسانی حقوق کی اس تنظیم نے کہا تھا کہ اسے اپنے کام بند کرنے پر مجبور کیا گیا کیونکہ ہندوستانی حکومت نے اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے۔ گروپ نے کہا کہ اس کے ’’قانونی فنڈ ریزنگ ماڈل‘‘ کو منی لانڈرنگ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، کیونکہ ایمنسٹی انڈیا نے ’’حکومت کی سنگین غلط کاریوں اور زیادتیوں‘‘ کو چیلنج کیا تھا۔ مرکز نے ان الزامات کو افسوسناک، مبالغہ آمیز اور ’’سچ سے دور‘‘ قرار دیا تھا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی کا انسانی امداد اور سچ بولنے کے بارے میں پرکشش بیانات صرف ان کی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کی ’’چال‘‘ ہے، جو ہندوستانی قوانین کی ’’صریح خلاف ورزی‘‘ ہیں۔