• Thu, 06 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۶۰؍ روزہ امدادی منصوبے کے تحت غزہ میں مدد پہنچانے کی کارروائیوں میں اضافہ

Updated: November 06, 2025, 2:39 PM IST | Agency | New York

اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے۸۰؍ ٹرکوں پر مشتمل سامان پہنچایا جس میں خوراک، جانوروں کا چارا، رہائش کے لئے درکار سامان، موسم سرما میں استعمال کے کپڑے اور حفظان صحت کی اشیاء شامل ہیں۔

UN Deputy Spokesperson Farhan Haq. Photo: INN
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق۔ تصویر: آئی این این
اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں امدادی کارروائیوںمیں اضافہ کیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ ادارے کے۶۰؍ روزہ امدادی منصوبے کے تحت غزہ میں مدد پہنچانے کی کارروائیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ اتوار کو ادارے اور اس کے شراکت داروں نے۸۰؍ ٹرکوں پر مشتمل سامان پہنچایا جس میں خوراک، جانوروں کا چارا، رہائش کے لئے درکار سامان، موسم سرما میں استعمال کے کپڑے اور حفظان صحت کی اشیاء شامل ہیں۔
شراکت داروں کے مطابق، انہوں نے گزشتہ روز کیریم شالوم کے سرحدی راستے سے امدادی اشیاء کے تقریباً۷۵۰؍ صندوق شمالی غزہ میں منتقل کئے۔ علاوہ ازیں۴؍ ٹرکوں میں ادویات اور طبی سامان بھی پہنچایا گیا۔
۱۳؍اکتوبر سے خوراک کی عام تقسیم دوبارہ شروع ہونے کے بعد تقریباً۱۰؍ لاکھ افراد غذائی امداد حاصل کر چکے ہیں جو امدادی شراکت داروں کے زیرانتظام ۴۶؍ مراکز کے ذریعے فراہم کی گئی۔ رواں ماہ خاندانوں کو خوراک کے دو پارسل فراہم کئے جائیں گے جبکہ اکتوبر میں انہیں صرف ایک دیا گیا تھا۔وسط اکتوبر سے گزشتہ اتوار تک اقوام متحدہ اور شراکت داروں نے سرحدی مقامات سے جانوروں کے لئے۲۱۰؍ میٹرک ٹن چارا جمع کیا اور اسے دیرالبلح میں تقریباً ایک ہزار۷؍سو چرواہوں میں تقسیم کیا گیا۔
امدادی شراکت داروں نے بچوں کو شدید غذائی قلت سے لاحق مسائل کے خلاف تحفظ دینے کے لئے مقوی دلیے کے ایک لاکھ۲۰؍ ہزار سے زیادہ پیکٹ بھی جمع کئے ہیں۔ یہ مقدار بڑی تعداد میں بچوں کی ایک ماہ کے لئے ضروریات پوری کر سکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پانی اور صفائی کی خدمات فراہم کرنے والے شراکت دار بھی اپنی کارروائیاں بڑھا رہے ہیں۔ امدادی کارکنوں نے مقامی حکام کی مدد سے غزہ شہر میں پانی کے تین کنوؤں کی بحالی میں بھی تعاون فراہم کیا ہے۔
اسی دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سماجی ترقی پر دوسرے عالمی سربراہی کانفرنس کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کا حجم بڑھایا جائے اور یہ مدد ہر شہری تک پہنچے۔ امریکہ نے اس سلسلےمیں اہم کردار ادا کیا ہے تاکہ اسرائیل بتدریج ان رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کرے جو تاحال موجود ہیں۔اقوام متحدہ نے اس اصول کی حمایت کی ہے کہ جنگ بندی برقرار رہنی چاہئے اور فریقین اس کی پاسداری کریں۔ اقوام متحدہ کا موقف واضح ہے اور یہ کسی ایک یا دوسرے ملک کے ساتھ تعاون پر منحصر نہیں۔سیکریٹری جنرل نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ غزہ میں سلامتی  سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک قرارداد کا مسودہ تیار کر رہا ہے جس پر دیگر رکن ممالک سے مشاورت کی جا رہی ہے لیکن ادارے کا سیکریٹریٹ ان مذاکرات کا حصہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جو بھی نیا انتظام، ادارہ یا استحکام برقرار رکھنے کے لئے کوئی فورس قائم کی جائے تو اسے سلامتی کونسل کی منظوری حاصل ہونی چاہئے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اس میں بین الاقوامی فورس بھی شامل ہو گی تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ان نکات میں سے ایک ہے جن پر بات چیت جاری ہے اور فلسطینی پولیس فورس کی تربیت اور تشکیل عمل میں لانا بھی ضروری ہے۔ یہ عبوری عمل اس صورتحال تک پہنچنا چاہئے جس میں غزہ اور مغربی کنارہ دونوں متحد ہوں اور فلسطینی اتھاریٹی اپنے علاقے میں مکمل طور پر اپنا اختیار استعمال کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK