• Wed, 18 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا نیدرلینڈس کیخلاف سپر۔۸؍کیلئے تیاریوں پر زور دیگی

Updated: February 18, 2026, 10:08 AM IST | Inquilab News Network | Ahmedabad

ٹی۔۲۰؍عالمی کپ میں ہندوستان آج اپنا آخری لیگ میچ دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگا ، ابھیشیک شرما کے پاس فارم حاصل کرنے کا سنہرا موقع ہوگا۔

Abhishek.Photo:PTI
ابھیشیک۔ تصویر:پی ٹی آئی
 سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم، جس نے پاکستان کے خلاف جیت کے ساتھ سپر-۸؍میں جگہ حاصل کی، بدھ کو دنیا کے سب سے بڑے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل لیگ میچ میں نیدرلینڈس سے مقابلہ کرے گی۔ سپر ۔۸؍ میں ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ بڑی ٹیموں سے ہوگا اور یہ میچ اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے کا آخری موقع ہوگا۔ ڈچ ٹیم کے لئے یہ میچ فیفا ورلڈ کپ کے میچ جیسا ہے کیونکہ سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چمپئن  ہندوستان کا سامنا کرنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ ٹیم انڈیا کیلئے اس وقت سب سے بڑی پریشانی ابھیشیک شرما کا خراب فارم ہے۔ ابھیشیک، جو گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران محدود اوورز کی کرکٹ میں سب سے خطرناک بلے باز بن چکے ہیں، اس آئی سی سی ٹورنامنٹ میں اپنی ساکھ کے مطابق  مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ وہ پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے، پھر پیٹ میں انفیکشن کی وجہ سے نمیبیا کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے۔ اس کے بعدپاکستان کیخلاف ہائی وولٹیج میچ میں واپس آئے لیکن دوبارہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔
تاہم ایشان کشن کی شاندار فارم کی وجہ سے ابھیشیک کی ناکامی نے ٹیم کو زیادہ نقصان نہیں پہنچایا۔ پاکستان کے خلاف کشن کی شاندار اننگز اور گیند بازوں کی اجتماعی کارکردگی نے ہندوستان کو آسان فتح سے ہمکنار کیا۔  حالانکہ یہ بھی سچ ہے کہ ابھیشیک کے جارحانہ انداز نے حالیہ مہینوں میں ہندوستان کو کئی فتوحات سے ہمکنار کیا ہے اور یہ صرف وقت کی بات ہے کہ وہ دوبارہ مخالف گیند کیخلاف پر تباہی مچائیں۔ بہر حال پچھلی۶؍ اننگز میں ۴؍بار صفر پر آؤٹ ہونا اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ انہیں پاور پلے میں اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی شہرت کو دیکھتے ہوئے مخالف ٹیمیں ان کے خلاف خصوصی تیاریاں کر رہی ہیں۔ ابھیشیک خود تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے پاس شاٹس کی وسیع رینج نہیں ہے اور وہ اپنی کریز اور بلے کا استعمال کرکے گیند بازوں پر دباؤ ڈالتے ہیں۔
ابھیشیک پاور پلے کے دوران ڈیپ کوور کی طرف شاٹس مارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ امریکہ کے خلاف میچ کے بعد سے ٹیموں نے اس علاقے میں فیلڈرز کی تعیناتی شروع کر دی ہے۔ پاکستان نے بھی ڈیپ مڈ وکٹ اور ڈیپ کوور پر فیلڈرز رکھ کر انہیں محدود کرنے کی کوشش کی۔
 
 
 
سپر ۔۸؍میں جگہ یقینی ہونے کے ساتھ ہی ہالینڈ کے خلاف میچ ابھیشیک کیلئے فارم میں واپسی کا سنہری موقع ہے۔ اگرچہ ٹیم انڈیا نے پاکستان کو باآسانی شکست دی، لیکن کشن کے علاوہ دوسرے بلے بازوں میں اعتماد کی کمی نظر آئی۔ اسپن بولنگ کے خلاف ہندوستانی بلے بازوں کی مشکلات بھی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے اپنی گیند بازی سے ہندوستانی بلے بازوں کو پریشان کیا تھا۔ عثمان طارق اور صائم ایوب  بھی  ہندوستانی بلے بازوں کے خلاف موثر رہے۔ اگرچہ نیدر لینڈس کے اسپنر آرین دت اور وان ڈیر مروے تجربہ کار ہیں لیکن ان کا معیار ہندوستانی بلے بازوں کے برابر نہیں سمجھا جاتا۔ 
 
 
  دریں اثناءہندوستان گیندبازی میں کچھ تبدیلیاں کر سکتا ہے۔ کلیدی تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو سپر ۔۸؍ سے پہلے آرام دیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو محمد سراج اور عرش دیپ سنگھ نئی گیند سنبھال سکتے ہیں۔ ورون چکرورتی اور اکشر پٹیل کے ا سپن ڈپارٹمنٹ میں کھیلنے کا امکان ہے۔ کلدیپ یادو کو اس میچ میں جگہ ملنے کا امکان نہیں ہے۔ نیدرلینڈس کو دفاعی چمپئن کے خلاف مضبوط چیلنج پیش کرنے کے لئے بیٹنگ اور  بولنگ دونوں میں بہتری لانی ہو گی۔ انہوں نے نمیبیا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی لیکن آخری میچ میں انہیں امریکہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔  ٹیم انڈیا کے لئے یہ میچ اپنے کمبی نیشن کو مضبوط کرنے اور کھلاڑیوں کے اعتماد کو بڑھانے کا موقع ہے، جبکہ نیدرلینڈس کیلئے یہ عالمی چمپئن کے خلاف خود کو آزمانے کا ایک پلیٹ فارم ہو گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK