Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اجیت پوار ہمارے لیڈر ہیں، این سی پی میں کوئی پھوٹ نہیں ہے ‘‘

Updated: August 26, 2023, 9:49 AM IST | pune

شرد پوار کے بیان سے سیاسی حلقوں میں کھلبلی، شیوسینا نے اسے ’بھرم پھیلانے والا بیان قرار دیا‘ تو شندے گروپ نے شیوسینا کو پیڑے تقسیم کرنے کا مشورہ دیا، چھگن بھجبل نے کہا پارٹی کا نشان بھی ہمارا ہے

Sharad Pawar during a press conference with Jayant Patil in Satara (Photo: PTI)
شردپوار ستارا میں جینت پاٹل کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران( تصویر: پی ٹی آئی)

 این سی پی سربراہ شرد پوار نے اپنے تازہ بیان سے ایک بار پھر سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے ’’ اجیت پوار ہمارے ہی لیڈر ہیں۔ اگر بعض لوگوں نے الگ راہ اختیار کر لی ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ این سی پی میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔‘‘ اس بیان کے بعد این سی پی کے باغی خیمے میں خوشی کی لہر ہے تو مہا وکاس اگھاڑی کے حلیف مخمصے میں ہیں۔ جبکہ بی جے پی والوں نے بھی اپنی طرف سے دعوے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔  
 پارٹی کا نشان ہمارا ہے
 پارٹی کے سب سے سینئر لیڈر چھگن بھجبل جو اس وقت اجیت پوار کے ساتھ ہیں ، شرد پوار کے اس بیان سے خوش ہیں۔  انہوں نے کہا ’’ یہی ہم بھی کہہ رہے ہیں۔جیسے دادا (اجیت پوار) لیڈر ہیں ویسے ہی ہم  بھجبل ، منڈے وغیرہ پارٹی کے کارکنان ہیں۔  ہم نے پارٹی نہیں چھوڑی ہے۔‘‘ بھجبل ناسک میں واقع این سی پی بھون میں  ایک پروگرام میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ شردپوار کے بیان پر انہوں نے کہا’’ میں اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ہم بھی یہی کہہ رہے ہیں۔ ہم اسی لئے آپس میں مل رہے ہیں۔ صرف ایک گروہ حکومت میں شامل ہو گیا ، اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔  ہمارا نشان گھڑی ہے اور ہمارا جھنڈا بھی وہی ہے۔  
’’کارکنان میں بھرم پیدا ہو رہا ہے‘‘
  شرد پوار کے مسلسل دہرے بیانات کی وجہ سے مہا وکاس اگھاڑی میں بے چینی ہے۔ تاز ہ بیان کے سبب بھی یہی صورتحال ہے۔ شیوسینا لیڈر امبا داس دانوے نے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات کے سبب کارکنان کے درمیان بھرم پیدا ہو رہا ہے۔ دانے نے کہا ’’ ممکن ہے کہ الیکشن کمیشن میں پارٹی کا نشان  بچانے کیلئے پوار نے اس طرح کا بیان دیا ہو لیکن یہ بھی سچ ہے کہ  اس کی وجہ سے کارکنان میں بھرم پیدا ہو رہا ہے۔ اور اس طرح کے بھرم پیدا کرنے والے بیانات مسلسل آ رہے ہیں۔ ‘‘ دانوے نے یہ کہتے ہوئے تشویش ظاہر کی کہ ’’حالانکہ اس بیان سے مہا وکاس اگھاڑی پر کوئی فرق نہیں پڑے گالیکن اس سے ہماری پارٹی میں بھی تشویش پیدا ہوتی ہے ، اس طرح کے بیانات بار بار آئیں تو ہم کیا سمجھیں؟‘‘  ادھر شیوسینا ترجمان سنجے رائوت  نے سوال کیا ہے کہ ’’این سی پی کے ۲؍ گروہ ہیں ایک کے ریاستی صدر جینت پاٹل ہیں اور دوسرے کے سنیل تٹکرے، یہ پھوٹ نہیں ہے تو کیا ہے؟  انہوں نے کہا کہ این سی پی میں پھوٹ ہے اور اسکے دوحصے ہو چکے ہیں جیسے ہماری پارٹی کے ہوئے تھے۔ 
’’ شیوسینا والے پیڑے تقسیم کریں‘‘
  شرد پوار کے اس بیان سے شندے گروپ کے اراکین کافی خوش ہیں۔پارٹی ترجمان سنجے شرساٹ نے اس موقع پر شیوسینا پر طنز کیا ہے۔  انہوں نے کہا ’’شرد پوار کا آج کا جو بیان ہے وہ این سی پی کے ان لیڈروں کیلئے اشارہ ہے جو اقتدار سے محروم رہ گئے ہیں۔ ‘‘ شرساٹ نے کہا ’’ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ پونے میں چاچا بھتیجے کی جو ملاقات ہوئی تھی ، جسے ہم گھریلو ملاقات کہہ رہے ہیں ، وہ ملاقات چچا بھتیجے کی نہیں تھی بلکہ اس میں سیاسی گفتگو ضرور ہوئی ہوگی۔  اب (شرد پوار کے بیان کے بعد) ادھو ٹھاکرے گروپ کے جو لیڈر ہیں یا جو بھونگے( لائوڈ اسپیکر )  ہیں، انہیںچاہئے کہ وہ پیڑے تقسیم کریں۔ یہ ان کیلئے خوشی کی بات ہے۔‘‘     
لوک سبھا الیکشن تک شرد پوار  بی جے پی کے ساتھ آجائیں گے
 شرد پوار کے بیان سے سب سے زیادہ خوشی بی جے پی کے ریاستی چندر شیکھر باونکولے کو ہوئی ہے جو پہلے کئی بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ آج نہیں تو کل شرد پوار بی جے پی کے ساتھ آجائیں گے۔ جمعہ کو انہوں نے اپنے اس دعوے کو دہراتے ہوئے کہا ’’ مجھے یقین ہے کہ لوک سبھا الیکشن تک شرد پوار کا دل بدل جائے گا اور وہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی ترقی کے کاموں میں تعاون کریں گے۔ ‘‘  واشم ضلع میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے چندر شیکھر باونکولے نے کہا ’’ جس طرح اجیت پوار کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ ملک کو آگے لے جانےکا کام صرف نریندر مودی کر سکتے ہیں، اسی طرح کا یقین اگر سپریہ سلے کو ہو جائے اور پوری این سی پی بی جے پی کے ساتھ آجائے تو بڑی خوشی کی بات ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ مجھے یقین ہے کہ آگ نہیں تو کل شرد پوار کو بھی یہ یقین ہو جائے گاکہ اس ملک کو دنیا  میں سب سے اعلیٰ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تب شرد پوار ملک کو بہتر بنانے کیلئے مودی کی حمایت کریں گے۔‘‘  
چاچا بھتیجا عوام کے بے وقوف بنا رہے ہیں
 این ڈی اے کے حلیف رکن اسمبلی بچو کڑو نے شرد  پوار کے بیان پر کہا ہے کہ ’’ چاچا بھتیجا عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔‘‘  انہوں نے کہا ’’ این سی پی کا یہ بہت بڑا ’گیم‘ ہے۔ اولمپک جتنا بڑا۔ چاچا بھتیجا دونوں مل کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ اگر ان کی باتوں پر زیادہ توجہ دی تو سر پھوڑنے کی نوبت آجائے گی۔‘‘ بچو کڑو کے مطابق ’’ پوار صاحب جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں ، جو کرتے ہیں وہ کہتے نہیں، شیوسینا میں پھوٹ پڑنے کے بعد جو کچھ ہوا وہ این سی پی کے ساتھ نہیں ہو رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ این سی پی نے  اپنے لئے ۲؍ یا ۳؍ راست نکال لئے جسکا وہ وقت آنے پر استعمال کریں گے۔ 

pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK