Inquilab Logo

امیدواروں کی فہرست بی جے پی کی مایوسی کا اعلان ہے: اکھلیش یادو

Updated: March 04, 2024, 12:16 PM IST | Abdul Hameed Siddiqui | Patna

سماجوادی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی نے شکست قبول کرلی ہے، پہلی فہرست میں ان امیدواروں کے نام ہیں جن کے جیتنے کا بالکل امکان نہیں ہے۔

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav. Photo: INN
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو۔ تصویر : آئی این این

لوک سبھا انتخابات کے لئےبی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے پرسماجوادی پارٹی کے سربراہ نے طنز کرتےہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نے اپنی شکست قبول کرلی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ پہلی فہرست میں صرف ان ۱۹۵؍ امیدواروں کےنام ہیں جن کے جیتنے کا ذرا بھی امکان ہے، اس کا مطلب واضح ہے کہ بی جے پی کو باقی سیٹوں پر شکست کا خوف ہے۔ 
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی کی پہلی فہرست پر تنقید کرتےہوئے سوشل میڈیا پرلکھا کہ بی جے پی بغاوت کے خوف سے ان لوگوں کو دوبارہ امیدواربنا رہی ہے جو اپنے پارلیمانی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے کرانےمیں ناکام رہے ہیں یا کسی بدعنوانی میں ملوث ہونے کی وجہ سے خودہی ٹکٹوں کی توقع کھو چکے تھے اور اپنا بوریا بستر سمیٹ کر چلے جانا چاہتے تھے۔  ان پردباؤ ڈال کر دوبارہ الیکشن لڑنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ اکھلیش کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ اپوزیشن کا مقابلہ کیسے کرسکتے ہیں ؟ قابل ذکر ہےکہ بی جے پی نے پہلی فہرست میں یوپی سے۵۱؍ امیدواروں میں صرف ۴؍نئے چہروں کو میدان میں اتارا ہے۔ ان میں  شراوستی سے ساکیت مشرا، جونپور سے کرپا شنکر سنگھ، امبیڈکر نگر سے رتیش پانڈے اور نگینہ سے اوم کمار کو ٹکٹ ملا ہے۔ 
اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ پہلی فہرست میں ہی بی جے پی نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور ابھی صرف ۱۹۵؍ امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا مطلب صاف ہے کہ باقی سیٹوں پر بی جے پی صاف ہے۔ وہ مانتے ہیں کہ امیدواروں کی فہرست دراصل بی جے پی کی مایوسی کا اعلان ہے اوراس فہرست کے آنے سے بی جے پی کے کارکنوں میں بھی گہری مایوسی ہے کیونکہ وہ عوام میں اپنے زیادہ تر اراکین پارلیمنٹ کے خلاف رجحان سے واقف ہیں۔ اس کے علاوہ جو نوجوان بی جے پی کا ٹکٹ ملنے کی امید میں ہر غلط کام میں بی جے پی کا ساتھ دے رہے تھے وہ بھی مایوس ہوکر غیر فعال ہوجائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK