Inquilab Logo

بلقیس بانو کیس کے تمام ۱۱؍ مجرم جیل پہنچ گئے

Updated: January 23, 2024, 8:44 AM IST | New Delhi

اتوار کا دن گزرنے کے بعد آدھی رات کو گودھرا جیل میں خود سپردگی کی

Justice women across the country raised their voices in support of Bilqis. (file photo)
ملک بھر میں انصاف پسند خواتین نے بلقیس کی حمایت میں آواز بلند کی۔ (فائل فوٹو)

بلقیس بانو کیس کے تمام ۱۱؍ مجرمین بالآخر جیل پہنچ گئے ہیں۔ انہوں  نے اتوار کی رات پونے ۱۲؍ بجے گودھرا جیل پہنچ کر خود سپردگی کی۔ اہم بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے انہیں  اتوار کی شام ۵؍ بجے تک خود سپردگی کی ہدایت دی تھی مگر وہ دو گاڑیوں  میں سوار ہوکر آدھی رات کو گودھرا جیل پہنچے۔ 
مجرمین نے یہ خود سپردگی سپریم کورٹ کو قانونی داؤ پیچ میں الجھانے کی کوشش میں ناکامی کے بعد کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ انہیں کچھ مہلت دی جائے جس سے کورٹ نے انکار کردیاتھا۔ جسٹس بی وی ناگرتنااور اجل بھویاں کی بنچ نےمجرمین کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مزید وقت کےمطالبہ کی کوئی معقول اور اہم وجہ نہیں  ہے۔ اس سے قبل  سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی کے گجرات حکومت کے فیصلے کو کالعدم قراردیتے ہوئے انہیں نہ صرف ۲؍ ہفتوں  کے اندر خود سپردگی کی ہدایت دی تھی بلکہ گجرات سرکار کو بھی اس کیلئے آڑے ہاتھوں لیاتھا۔ کورٹ  نے مجرمین پر کورٹ کے ساتھ فراڈ کا الزام عائد کیا اور نشاندہی کی کہ انہوں نے عدالت کو گمراہ کرکے یہ فیصلہ حاصل کیا کہ ان کی رہائی کا فیصلہ کرنے کیلئے جواز حکومت گجرات سرکار  ہے۔ کورٹ نے مذکورہ فیصلے کو کالعدم قراردیا اور گجرات سرکار کو  ملزمین کے ساتھ ملی  بھگت پر آڑے ہاتھوں  لیا۔ کورٹ نے   نشاندہی کی کہ یہ جانتے ہوئے کہ  وہ مجرمین کی رہائی کافیصلہ کرنے والی مجاز حکومت نہیں  ہے، گجرات حکومت نے عدالت کو اس سے آگاہ نہیں کیا اور اقتدار کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے  مجرمین کو رہاکرنے کا حکم سنایا۔اس معاملے میں مجاز حکومت مہاراشٹر سرکار تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK