کانگریس، این سی پی (شردپوار ) اور شیوسینا (ادھوٹھاکرے ) کے اراکین اسمبلی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان ووٹروں کے نام بحال کرنے کے لئے مہم چلانے کا یقین دلایا۔
EPAPER
Updated: September 01, 2026, 11:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
کانگریس، این سی پی (شردپوار ) اور شیوسینا (ادھوٹھاکرے ) کے اراکین اسمبلی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان ووٹروں کے نام بحال کرنے کے لئے مہم چلانے کا یقین دلایا۔
لیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر ریاست میں اسپیشل انٹنسیوریویژن(ایس آئی آر) کے سروے کے بعد پیر کو مہاراشٹر کے سبھی ۲۸۸؍ اسمبلی حلقوں کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ جار ی کر دی گئی۔ اس فہرست کے تعلق سے اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین اسمبلی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس آئی آر میں اپوزیشن پارٹیوں کے ووٹروں کے نام لسٹ سے حذف کئے گئے ہیں۔ ان لیڈروں نے ان ووٹروں کے نام بحال کرنے کیلئے مہم چلانے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن ا س کیلئے عوام کا تعاون درکار ہونے کا بات بھی کہی۔
یہ بھی پڑھئے: سی آر پی ایف کی نظر میں پیلٹ گن کا استعمال حقوق انسانی کے خلاف نہیں
’’بی ایل او کی لاپروائی کے سبب نام حذف ہوئے‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی امین پٹیل سے رابطہ قائم کرنے پرانہوںنے بتایا کہ ’’بی ایل او کی لاپروائی اور جانبدارانہ رویہ سے ممبئی میں ۴۰؍ فیصد ایسے ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے گئے ہیں جو مہایوتی کے ووٹر نہیں ہیں۔ ان ووٹروں کی جان بوجھ کی غلط میپنگ کی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ شہر کے متعدد علاقوں میں ری ڈیولپمنٹ کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ عارضی طور پر دوسری جگہ منتقل ہوئے ہیں۔ اس تعلق سے متعدد مرتبہ درخواست کرنے کے بعد آخری وقتوں میں ان کے نام شامل کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کی وجہ سے کئی ووٹرس اپنا انومریشن فارم پُرنہیں کرسکیں۔امین پٹیل نے یقین دلایا کہ وہ پوری کوشش کر یں گے کہ ان کے اسمبلی حلقہ میں جتنے اہل ووٹروں کے نام حذف کئے گئے ہیں، انہیں بحال کیا جائے لیکن اس کے لئے عوام کا تعاون درکار ہوگا۔
اس ضمن میں سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر اور مانخورد شیواجی نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی ، ملاڈ کے رکن اسمبلی اسلم شیخ اور ٹرامبے کی رکن اسمبلی ثناء ملک سے بھی بات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ملی۔
واضح رہے کہ ۳۱؍ ستمبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ایس آئی آر کی جو ڈرافٹ لسٹ جاری کی گئی ہے، اس میں گزشتہ ووٹروں کے ۲۱ء۱۴؍ فیصد یعنی ۲؍کروڑ ۶؍ لاکھ ۸۸؍ ہزار ۴۸۷؍ ووٹروں کے نام حذف کئے گئے ہیں۔ ان ناموں کو نکالنے کے بعد ایس آئی آر سے قبل مہاراشٹر کی ووٹر لسٹ میں کل ۹؍ کروڑ ۷۸؍ لاکھ ۵۴؍ ہزار ۴۹؍ ووٹرس تھے، وہ کم ہو کر ۷؍کروڑ ۷۱؍ لاکھ ۶۵؍ ہزار ۵۶۲؍ ووٹرس رہ گئے ہیں۔ جن ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، وہ ۳۰؍ ستمبر تک ضروری دستاویز کے ساتھ نام درج کرنے کیلئے فارم پُر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر میں ۲؍ کروڑ۶؍ لاکھ کے نام حذف
’’شاکھا کی سطح پر معلوم کیا جارہا ہےکہ کتنے نام کٹے ہیں‘‘
شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) کے لیڈر اور بائیکلہ کے رکن اسمبلی منوج جامستکر سے رابطہ قائم کرنے اور یہ پوچھنے پر کہ ان کے اسمبلی حلقہ میں کتنے ووٹروں کے نام حذف کئے گئے ؟تو انہوں نے بتایا کہ ’’ اس بارے میں شاکھاکی سطح پر کام جاری ہے اور معلوم کیاجارہا ہےکہ کتنے ووٹروں کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میںکاٹے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ’’ ہمارے علاقے کے جتنے اہل ووٹرو ں کے نام غلط طریقے سے کاٹے گئے ہوں گے ، انہیں دوبارہ شامل کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا اور ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی۔‘‘