کام کی جانچ کیلئے بی ایم سی اور محکمہ جنگلات کے افسران نے شاہ رخ خان کے بنگلے کا دورہ کیا،منیجر نے کام ضابطے کے مطابق ہونے کی بات کہی
EPAPER
Updated: June 22, 2025, 9:42 AM IST | Mumbai
کام کی جانچ کیلئے بی ایم سی اور محکمہ جنگلات کے افسران نے شاہ رخ خان کے بنگلے کا دورہ کیا،منیجر نے کام ضابطے کے مطابق ہونے کی بات کہی
’منّت‘ میں مرمت کا کام جاری ہے اس کی جانچ کیلئے شاہ رخ کے گھر بی ایم سی اور محکمہ جنگلات کی ٹیم پہنچی ہے۔ خبروں کے مطابق افسران جانچ کر رہے ہیں کہ رینوویشن کیلئے ضروری اجازت لی گئی ہے یا نہیں۔ اس جانچ کے مطابق رپورٹ تیار ہوگی۔ شاہ رخ کی منیجر پوجا ددلانی نے سبھی کام ضابطے کے مطابق ہونے کی بات کہی ہے۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان ان دنوں ممبئی میں واقع اپنے بنگلے ’منت‘ کا رینوویشن کرا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں خبر آئی ہے کہ منت کی مرمت کے کام کے تعلق سے بی ایم سی کو ایک شکایت ملی ہے۔ اس شکایت میں مرمت کام کے دوران ضابطوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان الزامات کی وجہ سے جمعہ کو بی ایم سی اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ ٹیم جانچ کیلئے شاہ رخ کے بنگلے ’منت‘ پہنچی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ ’منّت‘ میں ۲؍ مزید منزلیں بنائی جانی ہیں، اس لئے اس کا رینوویشن کیا جا رہا ہے۔ لیکن سمندر کنارے واقع ہونے کی وجہ سے اس میں کوئی بھی تبدیلی کی جاتی ہے تو مہاراشٹرکوسٹل زون مینجمنٹ اتھاریٹی (ایم سی زیڈ ایم اے) سے اجازت لینی ہوتی ہے۔ خبروں کے مطابق اب افسران یہ جانچ کرنے گئے ہیں کہ رینوویشن کیلئے سبھی طرح کی اجازت لی گئی ہے یا نہیں۔ اس جانچ کے مطابق رپورٹ تیار کی جائے گی۔
خبر کے مطابق شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا ہے کہ کسی بھی طرح کی شکایت نہیں ہے۔ سبھی کام ضابطے کے مطابق ہو رہے ہیں۔ شاہ رخ خان کے منت کے حال ہی میں کئے گئے معائنہ کے دوران محکمہ جنگلات کے افسروں کے ساتھ بی ایم سی کے ’ایچ‘ویسٹ وارڈ بلڈنگ اور فیکٹری ڈپارٹمنٹ کے ساتھ ساتھ بلڈنگ پرپوزل ڈپارٹمنٹ کے ملازمین بھی موجود تھے۔
ٹیم کے ایک رکن نے مبینہ طور پر بتایا کہ ’منت‘ میں موجود ملازمین نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ سبھی ضروری اجازت نامے جمع کئے جائیں گے۔ بی ایم سی کی ٹیم نے واضح کیا ہے کہ ان کی ٹیم صرف محکمہ جنگلات کی مدد کر رہی تھی اور ان کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ کے بنگلے ’منت‘ کا معاملہ اس وقت مزید گرما گیا جب سابق آئی پی ایس افسر اور وکیل وائی پی سنگھ نے اس عمارت کے لے آؤٹ کو لے کر سنسنی خیز دعویٰ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’منت‘ بنیادی طور سے ’وِلا ویانا‘ نام کی ایک ہیریٹیج بلڈنگ ہے، جسے بعد میں اس کا نام بدلا گیا۔ سنگھ کے مطابق ۲۰۰۵ء میں اس ہیریٹیج بنگلے کے پیچھے ۷؍ منزلہ ایک اضافی عمارت بنائی گئی تھی۔ اس وقت اربن لینڈ سیلنگ ایکٹ نافذ تھا، جس کے تحت بڑے اپارٹمنٹ کی اجازت نہیں تھی۔ سنگھ کا الزام ہے کہ شاہ رخ اور گوری خان نے بی ایم سی سے ۱۲؍ چھوٹے چھوٹے فلیٹس کی اجازت لی جو عام لوگوں کیلئے بنائے جانے تھے لیکن بعد میں ان سبھی فلیٹس کو جوڑ کر ایک سپر لگژری رہائش بنائی گئی جو ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔ ویسے ’منت‘ ان دنوں بڑے پیمانے پر مرمتی کام سے گزر رہا ہے۔ گوری خان نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ یہ رینوویشن ابھی ایک سال اور چلے گا لیکن یہ بے حد شاندار بن رہا ہے۔ اس کام کی وجہ سے شاہ رخ خان اور گوری خان اپنے بچے آرین، سہانا اور ابرام کے ساتھ فی الحال باندرہ کے پالی ہل میں کرایہ کے ایک لگژری ڈوپلیکس اپارٹمنٹ میں رہ رہے ہیں۔ یہ اپارٹمنٹ فلم ساز باسو بھگنانی کی پراپرٹی ’پوجا‘ کاسا میں ہے، جس کا کرایہ تقریباً ۲۴؍لاکھ روپے فی ماہ ہے۔